کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی، سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں سول کرفیو ہوگا

August 05, 2021

سرینگر(این این آئی)کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 5 اگست کو یوم سیاہ منائیں گے جس کا مقصد 2019 میں اس دن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ۔وادی کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز لگ گئے جن میں کشمیریوں سے 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی ۔ سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں سول کرفیونافذ اورشام آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے تک بلیک آئوٹ کیاجائے گا جوکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کے تحت اس دن سے شروع ہونے والےʼ ʼ عشرہ مزاحمت ʼʼ کاحصہ ہوگا۔احتجاجی کیلنڈر کے مطابق(آج) پانچ اگست کو لال چوک کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا اور سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ دس روز تک روزانہ شام کو خصوصی دعائیہ مجالس کااہتمام کیاجائے گا۔ کشمیری 11اگست کو شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداء کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔چودہ اگست کو پاکستان کے یوم آزادی پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا ئیہ مجالس منعقد کی جائیں گی۔ احتجاجی کیلنڈر کے مطابق 15 اگست کو بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا۔اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسزکی طرف سے وسیع پیمانے پر قتل وغارت، دوران حراست گمشدگیوں،جبری گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اوررہائشی مکانوں کی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔وادی کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے(آج) 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی ہے ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کی یوتھ ونگ کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے طول و عرض خصوصا سرینگر میں قمر واری، نقاش پورہ ، بربر شاہ م، نواکدل ،زولی لانکر، صورہ ، لال بازار، زینہ کدل، کرن نگر ، برین نشاط ،بانڈی پورہ کے علاوہ بڈگام ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں درج ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں پانچ اگست کو سیاہ ترین دن کی حیثیت حاصل ہے کیونکہ اس دن قابض بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا تھا جس کو نہ صرف کشمیریوں بلکہ عالمی برادری نے بھی قبول نہیں کیا۔ پوسٹر میں کشمیری عوام سے کہاگیا ہے کہ وہ 5 اگست کو مکمل ہڑتال کریں اور جگہ جگہ سیاہ جھنڈے لگاکر بھارت پر واضح کردیں کہ کشمیری عوام نے گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کے تسلط کو قبول نہیں کیا او رنہ آئندہ کریں گے۔ کشمیری عوام سے اپیل بھی کی گئی کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں تاکہ شہدائے کشمیر کا مشن پائیہ تکمیل تک پہنچ سکے۔