کمشنر ملتان پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر برہم، 77 کو شوکاز نوٹس جاری

August 05, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر )کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 77 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کردیے جبکہ 16 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اظہار وجوہ اور 21 کو وارننگ لیٹر جاری کر دیا گیا۔انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کےگراں فروشوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے واضح احکامات ہیں۔ کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے فیڈ بیک میکنزم فعال کردیا گیا۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں ماہ جولائی میں63 مقدمات درج،90 گرانفروش گرفتار کئے گئے جبکہ 130 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 1 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کیا۔اگست کے پہلے 3 روز میں 46مقدمات درج،44 گرانفروش گرفتار کئے گئے اور گرانفروشوں کو17 لاکھ 75ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل مبشر الرحمان، اے سی ریونیو خالد مسعود ستی، ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔