ارشد ندیم نے بازو میں درد کے سبب اولمپک میں نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا

August 28, 2021


اولمپک میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے بازو میں درد کے باعث اولمپک میں نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ انکشاف اولمپک دستے کے ڈاکٹر اسد عباس نے جیو نیوز سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم کو اولمپک میں شرکت کے لیے فِٹ کیا گیا۔

اولمپک دستے کے ڈاکٹر اسد عباس نے اولمپک مقابلوں میں جیویلن تھرو میں قومی پرچم سربلند کرنے والے ارشد ندیم کےحوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کہنی میں درد تھا، جسکی وجہ سے وہ صحیح طرح سے تھرو نہیں کر پارہے تھے، ارشد ندیم کو اولمپک میں لے جانے کے لیے تیار کیا گیا۔

ڈاکٹر اسد عباس نے بتایا کہ ٹوکیو میں بھی ارشد ندیم تھرو کرتے ہوئے ہچکچا رہے تھے کہ کہیں درد پھر سے نہ نکل آئے، لیکن انہیں یقین دہانی کروائی گئی، پھر حوصلے کے ساتھ ارشد ندیم نے کارکردگی دکھائی۔

انہوں نےکہا کہ بھارتی کھلاڑی کا کوچ ڈرا ہوا تھا، وہ کہتا تھا کہ ارشد ندیم 90 میٹر سے زیادہ تھرو کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر اسد عباس نے کہا کہ جیویلن تھرو کے ایک بھارتی کھلاڑی کے ساتھ 7 آفیشل آئے تھے، ہمارے کھلاڑی بھی اگر تربیت کے ساتھ معاشی خوشحال ہوں تو وہ کسی سے کم نہیں۔