شارع فیصل کے ایئرپورٹ فلائی اوور کی اسٹریٹ لائٹس کے پول ٹوٹ کر گرگئے

September 12, 2021

کراچی میں شارع فیصل کے ایئرپورٹ فلائی اوور کی دیوار پر لگے اسٹریٹ لائٹس کے دو پول ناقص ہونے کی وجہ سے ٹوٹ کر گرگئے، جو شہریوں کے لیے رکاوٹ اور خطرے کا سبب بن رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق اسٹار گیٹ سے ملیر کی طرف جاتے ایئرپورٹ فلائی اوور کی الٹے ہاتھ کی دیوار پر لگے اسٹریٹ لائٹ کے دو پول مبینہ طور پر ناقص ہونے کی وجہ سے ٹوٹ کر گر گئے ہیں۔

ایک پول کا اسٹریٹ لائٹس والا سرا مین روڈ پر گرا تو کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار شہری اس کی زد میں آنے اور حادثے سے بال بال بچ گئے۔

تاہم اس کے مسلسل لٹکتے رہنے کی وجہ سے مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور ممکنہ طور پر اس کا دوسرا سرا زمین پر گرنے سے حادثہ ہو سکتا ہے۔

فلائی اوور کا اگلا کھمبا بھی بنیاد سے ٹوٹ کر گر گیا جو کہ دیوار میں اٹکا ہوا ہے اس کے نیچے بھی شارع فیصل کا مصروف ترین ٹریک موجود ہے۔

یہ پول بھی اگر ممکنہ طور پر زمین پر گرتا ہے تو گاڑیاں اور راہ گیر زد میں آسکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق کے ایم سی، ڈی ایم سی اور متعلقہ اداروں کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی بھی سرکاری ادارہ ان پول کو ہٹانے کے لیے نہیں پہنچا۔