اسکاٹ لینڈ میں بچوں کیلئے کورونا ویکسین کا آغاز کردیا ہے، نکولا سٹرجن

September 17, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے پارلیمنٹ میں اس فیصلے کی تصدیق کر دی ہے کہ 12 سے 15 سال کے بچوں کو بھی کورونا سے بچائو کے لئے ویکسین شروع کی جارہی ہے۔ آغاز میں یہ ویکسین ڈراپ ان سنٹرز میں دستیاب ہوگی چنانچہ والدین اور کیئررز سے کہا گیا ہے کہ ویکسین لینے کے لئے وہ بچوں کے ہمراہ جائیں، اگلے ہفتے بچوں کو گھروں میں اپائنٹمنٹس لیٹرز بھی بھجوائے جا رہے ہیں، شیڈولڈ اپائنٹمنٹس کے بعد اسکولوں میں بھی ویکسین دینے کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یوکے کی چاروں ریاستوں کے میڈیکل آفیسرز متفقہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو ویکسین دینا رسک لینے سے بہتر ہوگا جس سے بچوں کے اسکولوں میں جانے کی صورتحال میں بہتری پیدا ہوگی، علاوہ ازیں اسکاٹ لینڈ میں بھی برطانیہ کے دیگر علاقوں کی طرح 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ورکرز وغیرہ کو بوسٹر ویکسین دی جارہی ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں 70 فیصد آبادی کو دونوں ویکسین مل چکی ہیں جب کہ تقریباً 25 فیصد ایسے ہیں جن کو ایک ویکسین بھی نہیں ملی، ان میں سے 12 سے 15 سال عمر کے دو لاکھ 30 ہزار افراد بھی شامل ہیں۔ ماہرین اس بارے میں ابھی غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں کہ سردیوں میں کورونا وائرس کی کیا پوزیشن ہوگی، یہاں تک کہ وہ اگلے ماہ کے بارے میں بھی نہیں جانتے، سردیوں میں کسی نئے وائرس کی آمد کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، چنانچہ یوکے کی تمام حکومتیں اپنی طرف سے حفظ ماتقدم کے طور پر اقدامات کر رہی ہیں۔