افغانستان کے معاملات کا علاقائی حل زیادہ بہتر ہوگا،فواد چوہدری

September 17, 2021

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم کے دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت افغانستان کے معاملات کا علاقائی حل زیادہ بہتر ہوگا اگر افغانستان کسی غیر مستحکم صورتحال کا شکار ہوا تو یہ ان ممالک کیلئے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے، وزیر اعظم کا تاجکستان کا دورہ بہت اہم رہا ہے ، پاکستان سمیت افغانستان کی سرحد سے جڑنے والے باقی ممالک کو افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بہت فکر ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ایران اور تاجکستان کا یہ موقف تھا کہ طالبان کو پنجشیر میں پاکستان کی حمایت حاصل ہے ، ان دونوں ممالک کے صدور سے وزیر اعظم کی ملاقات میں اس پر بہت واضح بات ہوئی جس پر ایرانی صدر نے کہا کہ ہمیں اپنے میڈیا سے یہ تاثر ملا تھا۔