کمشنر کا گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

September 17, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈویژن بھر میں گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ڈویژنل پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر نے گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گنجان آباد علاقوں کیساتھ دور دراز علاقوں میں پرائس مانیٹرنگ کی جائے۔سرکاری نرخ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر اشیاء خورونوش کے نرخ طے کئے جائیں۔ ناجائز منافع خوری کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ سرکاری ریٹ لسٹ واضح آویزاں نا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ اس موقع پر ڈی سی ملتان عامر کریم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں 8 سہولت بازار فعال ہیں۔ قیمت پورٹل پر تمام شکایات حل کی گئی ہیں۔ ماہ ستمبر میں ابتک 13267 چھاپے مارے گئے۔ 25 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ گرانفروشوں کیخلاف 66 ایف آئی آر درج کرواکر 80 گرانفروش گرفتار کئے گئے اور 17 دکانیں سربمہر کی گئیں۔ اس موقع پر ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈی سی لودھراں عمران قریشی اور ڈی سی وہاڑی مبین الٰہی نے بھی رپورٹ پیش کی۔