سانحہ مہران ٹاؤن، مالک نے فیکٹری کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی، ملازم کا الزام

September 18, 2021

کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی میں بچنے والے ملازم نے فیکٹری کے مالک پر الزام عائد کیا کہ مالک نے فیکٹری کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

فیکٹری ملازم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رمضان میں بھی فیکٹری مالک نے فیکٹری کو جلانے کا کہا تھا۔

ملازم نے الزام عائد کیا کہ فیکٹری مالک نےکہا تھا ٹھیک کام نہیں کیا تو فیکٹری جلاکرلندن چلا جاؤں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں مزدور موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد فیکٹری سے چند قدم دور تھانے کی نفری بھی تاخیر سے پہنچی، مختلف محکموں کی غفلت سے ریسکیو آپریشن میں تاخیر ہوئی ، فائر بریگیڈ کو 10بجکر 8 منٹ پر آگ کی اطلاع ملی جبکہ کورنگی فائر اسٹیشن سے ایک گاڑی 10 بج کر 10 منٹ پر روانہ کی گئی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق فیکٹری کے اندر چمڑے کی اشیاء تیار کی جاتی تھیں ، مختلف کیمیکلز سے آگ زیادہ پھیلی اور زیادہ افراد کی اموات دم گھٹنے سے ہوئی ۔