الزامات آمرانہ سوچ کا ثبوت ہیں، حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کیلئے ووٹنگ مشین پر ضد کر رہی ہے،اپوزیشن

September 20, 2021

لاہور، اسلام آباد(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) اپوزیشن رہنمائوں نے فواد چوہدری اور شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف اکسانا آئین سے غداری ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کیلئے ووٹنگ مشین پر ضد کر رہی ہے، وزراء کے بیانات الیکشن کمیشن کو کنٹرول کر نے کی سازش ہے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔

عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے،وزراء کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے،پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹسز کے بعد وفاقی وزرا آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے اداروں پر حملہ آور ہے ،سراج الحق نے کہا حکومت کا الیکشن کمیشن اور میڈیا کے حوالے سے رویہ نا قابل فہم ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف اکسانے پر وفاقی وزرا کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اسلئے الیکشن کمیشن پر حملے کئے جارہے ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران خان کے حکم پر الیکش کمیشن پر نکالا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزراء چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور اس کے ارکان آئین اور قانون کی زبان بول رہے ہیں جو مسلط شدہ حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے۔

الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹسز کے بعد وفاقی وزرا آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔