چیف الیکشن کمشنر سے تلخی حکومت نے خود پیدا کی، اعتزاز احسن

September 21, 2021

کراچی(ٹی وی رپورٹ) پی پی پی رہنما اعتزاز احسن نے حکومت اور چیف الیکشن کمشنر کے مابین حالیہ تلخی پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سے تلخی حکومت نے خود پیدا کی ہے ،لیکٹرانک ووٹنگ مشین کو سپورٹ کرنا چاہئے کیونکہ ای وی ایم آنے کے بعد ’ٹھپہ بریگیڈ‘ نہیں چلے گا۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی قربت شریف خاندان سے بہت واضح ہے جو ساری دنیا جانتی ہے، لہٰذا حکومت کو بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے وقت اس بات کو مدنظر رکھنا چاہئے تھا ۔ فارن فنڈنگ کیس کے آنے والے فیصلے کی وجہ سے چیف الیکشن کمشنر کمشنر سے تلخی پیدا کرنے کے سوال پرانہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم اگر یہ وجہ ہے کیونکہ حکومت کا موقف ہے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اپنی تمام دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کراچکے ہیں۔