کامیاب حکمت عملی نے پاکستان کو خطے میں اہم ترین ملک بنا دیا، محمود بھٹی

September 22, 2021

اسلام آباد ( طاہر خلیل) پاکستانی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کا کہنا ہے کہ کامیاب حکمت عملی نے خطے میں پاکستان کو اہم ترین ملک بنا دیا ۔ آج عالمی رہنما پاکستانی قیادت سے مشاورت کے منتظر ہیں ،محمود بھٹی منگل کو اسلام آباد میں نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے ۔اسلام آباد میں مختصر قیام کے دوران محمود بھٹی نےکئی سینئر عہدیداروں سےملاقات کی۔ محمود بھٹی نے کہا ہے مغربی دنیا کی پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کی سازشیں ناکام ہو گئیں۔پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے خطے میں پا ئیدار امن استحکام اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔نیو زی لینڈ اور بر طانیہ کی طرف سے کرکٹ ٹیموں کو پاکستان نہ بھیجنا عالمی سازش کی کڑی ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کی ملک میں جا ئیدادوں پر قبضے کا رجحان تشویش ناک حد تک بڑھ گیا ہے جس کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئےسخت اقدامات کی ضرورت ہے۔میری چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اوور سیز پاکستانیز کے مقدمات کی شنوائی کے لیے ایک خصوصی کمیشن قائم کیا جائے جو 6ماہ میں مقدمات کا فیصلہ کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں،ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، اوور سیز پاکستانیز جس عزت اور تکریم کے حقدار ہیں انھیں وہ پاکستان میں نصیب نہیں ہے اوور سیز پاکستانی دن رات ایک کرکے اپنے خون پسینے کی کمائی سے رقم پاکستان بھیجتے ہیں اپنے پیسوں سے پاکستان میں جا ئیدادیں خریدتے ہیں۔لیکن ان کی جا ئیدادوں پرقبضہ کر لیا جاتا ہے۔بد قسمتی سے میرے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آگیا ہے۔ایک وکیل نے میری پراپرٹی پر قبضہ کرکے اسے نام کروا لیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کو سمھجتے ہیں ان کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔لیکن اس کے باوجود بہت سے اوور سیز پاکستانیوں کو انصاف نہیں ملتا۔