وقت گزر گیا عمران خان انا ختم کردیں، رحمٰن ملک

October 03, 2021

سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ عمران خان انا ختم کر دیں اب وہ وقت گزر گیا، ہمارے آس پاس کے حالات بہت خراب ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رحمٰن ملک نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، حکومت اس معاملے میں ہوش کے ناخن لے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری معیشت خطرناک حد تک جا چکی ہے، دنیا میں ہم اکیلے ہو گئے ہیں، کوئی ملک پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑا۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اگر دنیا نے طالبان کو قبول نہ کیا تو افغانستان میں خانہ جنگی شروع ہونے کا خطرہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان سے حملہ کرنے سے پہلے پوچھا اور نہ چھوڑنے سے پہلے پوچھا، افغانستان میں سول وار ہوئی تو لوگ پاکستان آئیں گے۔

رحمٰن ملک نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں، وہ ہمیشہ بات چیت کا فائدہ اٹھاتی ہے، اسے پاکستان میں کیے ہوئے حملوں کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کا قاتل اکرام اللہ ٹی ٹی پی کے ساتھ ہے، اکرام اللہ دوسرا خودکش حملہ آور تھا جو بچ گیا تھا۔

پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے وزیر داخلہ سے درخواست ہے بےنظیر بھٹو کے قاتل پاکستان کے سپرد کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مساجد چرچ اسکول مارکیٹوں میں ہزاروں بےگناہ پاکستانی مارے گئے، آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے والدین انصاف کے منتظر ہے۔