عثمان مختار شوٹنگ کے دوران خود کو زخمی کر بیٹھے

October 12, 2021

پاکستان کے معروف اداکار عثمان مختار نے سوشل میڈیا پر اپنے زخمی ہاتھ کی تصویر شیئر کر کے مداحوں کو خبردار کر دیا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف فنکار عثمان مختار نے بہت کم عرصے میں سپر ہٹ پروجیکٹس میں کام کر کے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

عثمان مختار نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر اپنے ہاتھ کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔

اس تصویر میں عثمان مختار کا ہاتھ زخمی ہے جو کہ اُنہوں نے خود ایک ڈرامے کا سین عکس بند کرواتے ہوئے الماری پر مکا مار کر کیا ہے۔

عثمان مختار نے ڈرامے کا سین اور اپنے زخمی ہاتھ کی تصویروں کا کولاج بنا کر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میںلکھا ہے کہ ’ایک دوستوں والا مشورہ ہے، غصے میں دیواروں، الماریوں یا کسی بھی سخت سطح پر مکا نہ ماریں۔‘