بائیکیا رائیڈر کے قتل کا مرکزی کردار ٹک ٹاکر یاور یونس نکلا

October 12, 2021

کراچی کے علاقے سچل میں بائیکیا رائیڈر عمران کے قتل میں ایک ٹک ٹاکر کے بطور مرکزی ملزم اور سہولتکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق اس واردات میں گرفتار ملزم عمران نے انکشاف کیا ہے کہ ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے اسلحہ، موٹر سائیکل اور پلاننگ کے پیچھے ایک ٹک ٹاکر یاور یونس تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کامران، عمرفاروق اور یوسف بائیکیا رائیڈر کے قتل کے مقدمے میں ریمانڈ پر ہیں۔

پولیس تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ مقتول بائیکیا رائیڈر عمران پر گولی ملزم کامران نے چلائی تھی۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ کہ وہ ڈکیتیوں میں سے ایک حصہ یاور یونس کو دیتے تھے، سچل ڈکیتی میں 3 موٹرسائیکلوں پر 5 ملزمان تھے، اس واردات کے دوران کامران پیچھے بیٹھا تھا عمرفاروق موٹرسائیکل چلا رہا تھا۔

قمرجسکانی کے مطابق عابد اشرف اور عمران ان کے بیک اپ میں تھے، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم عمران اکیلا موٹر سائیکل پر موجود تھا، ملزم کامران نے بیان دیا ہے کہ عمران نے موبائل نکالنے میں تاخیر کی تو اسے سر پر پستول کا بٹ مارا تھا کہ گولی چل گئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان سکندر گوٹھ اور اطراف کے رہائشی ہیں، ملزمان سے مقتول عمران کا چھینا گیا فون، کورنگی سے چھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق یاور یونس سمیت 3 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔