ذیابیطس کے مریضوں کوکھانے پینے کی عادات کوبدلناہوگا، طبی ماہرین

October 14, 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) ذیابیطس کے مریضوں کو صحت مند زندگی گزارنے کیلئے محض معالجین پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی معمول کی زندگی اور کھانے پینے کی عادات کو تبدیل کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان نے گنگا رام ہسپتال میں میڈیکل یونٹ ون کے پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان کی زیر نگرانی ذیابیطس نرسز ایجوکیشن ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں گنگارام، جنرل، میو اور سروسز ہسپتال کی نرسز بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ورکشاپ میں شوگر سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان،ڈاکٹر قمر سجاد، ڈاکٹر نوشین، ڈاکٹر سائرہ اور ڈاکٹر ضیاالحق نے شوگر کے مرض کی علامات، پیچیدگیوں،انسولین لگانے کے طریقہ کار،مریضوں کی دیکھ بھال اور غذا کے بارے میں تفصیلی لیکچرز دیے۔ مقررین نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور مشروبات سے اجتناب اور سیر کو معمول بناکر شوگر جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں میں اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیا جائے۔پروفیسر عمران حسن خان اور ڈاکٹر قمر سجاد کا کہنا تھا کہ جدید میڈیکل سائنس کی ترقی کے بعد یہ بات مکمل طور پر عیاں ہو چکی ہے کہ نہ صرف مریضوں کے علاج معالجے بلکہ اُن کی شفایابی میں بھی نرسز بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور وارڈز کے معمولات کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے نرسز کی اہمیت قابل ستائش اور گراں قدر ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اورانہیں اپنانالج اپ ڈیٹ رکھناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے اور ہسپتال کے انتظامات کو چلانے کیلئے ڈاکٹرز کی اہمیت کا انکار نہیں کیا جا سکتا پروفیسر عامر زمان خان نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ گنگا رام ہسپتال میں شوگر سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان کی تعیناتی انتہائی خوش آئند اقدام ہے جبکہ ہسپتال میں شوگر کے مریضوں کو طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام مریضوں کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔