بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی خبروں پر اُن کی والدہ سونی رازدان نے خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان سے جب اُن کی بیٹی کی شادی کی خبروں کے حوالے سے پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ ’میں نہیں جانتی کہ یہ شادی کب ہوگی، یہاں تک کہ میں خود شادی کے حوالے سے معلومات کا انتظار کر رہی ہوں۔‘
سونی رازدان نے کہا کہ ’ابھی بہت وقت باقی ہے، یہ کام مستقبل میں کسی بھی وقت ہوسکتا ہے لیکن ابھی وہ وقت بہت دور ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’عالیہ اور رنبیر کی شادی کب ہوگی، اس کے بارے میں مجھے کچھ نہیں معلوم، اور اگر آپ اس کے حوالے سے معلومات لینا چاہتے ہیں تو عالیہ کے ایجنٹ سے رابطے کریں لیکن ہوسکتا ہے کہ اُن کے ایجنٹ کو بھی معلوم نہ ہو۔‘
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رواں سال کے دسمبر میں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، اس جوڑی کی شادی گزشتہ سال ہونا طے پائی تھی مگر عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب عالیہ اور رنبیر کی شادی گزشتہ سال نہیں ہو سکی تھی۔