• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

موسیقی میں قدم رکھا تو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی اور تھیٹر اکیڈمی کے طلباءکے لیےبین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار جواد احمد کے ساتھ ایک ورکشاپ کا اہتمام آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں کیا گیا ، ورکشاپ میں پاکستان کے معروف گلوکار جواد احمد نے دنیائے موسیقی میں اپنے فنی سفر کے اُتار چڑھاؤ اور مختلف تجربات حاضرین کے گوش گزار کیے، جواد احمد نے موسیقی کی دُنیا میں کچھ کردکھانے کا عزم رکھنے والے نوجوانوں کو میوزک پر معلوماتی لیکچر بھی دیا ، اس کے علاوہ جواد احمد نے اس فیلڈ میں کام یابی کیسے حاصل کی جائے۔

اس حوالے سے مختلف گُر بھی بتائے ، جواد احمد نے طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے میوزک سے اتنا کمایا ہے کہ میری تین نسلیں بیٹھ کر کھا سکتی ہیں۔ میں سیاست میں دولت کمانے نہیں آیا، مجھے میرے رب نے عزت، دولت اور بے پناہ شہرت سے نوازا ہے۔ میں نہ تو ایکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں اور نہ ہی کوئی سرکاری عہدے کی طلب ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا استعمال اپنے ملک کے لیے کریں۔ 

نوجوانوں سے درخواست کروں گا کہ موسیقی ایک بہت بڑی طاقت ہے، انسانی کیفیات پر فوری اثر انداز ہوتی ہے، وہ اسے استعمال کریں، انسانی آزادی کے لیے ،خُوب صورتی کے لیے رومانس اور جذباتی تعلقات کے لیے ،آرٹ ہمیشہ ارتقائی ہونا چاہیے، اپنے فنی سفر کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ میوزک سے میرا گہرا تعلق ہے ،20سال ہوگئے، مجھے سولو پرفارم کرتے ہوئے، جامعہ میں جب نیا نیا گانا شروع کیا، تو اس وقت کچھ عناصر کی جانب سے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں تک دی گئیں۔

اپنے سیاسی سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جواد احمد نے کہا کہ برابری پارٹی پاکستان، بنانے کا مقصد غریب عوام کو ان کے حقوق سے آگاہی کے ساتھ طرز زندگی بہتر کرنا تھا، جواد احمد نے مزید کہا کہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل کو ایسا زبردست ادارہ بنادیا ،جہاں فنونِ لطیفہ میں دل چسپی رکھنے والے نوجوان اپنے شوق کی تکمیل کرسکتے ہیں، یہاں سے سیکھ کر نوجوان اپنی زندگی میں بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ 

اس موقع پر آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے طلباء نے جواد احمد کو اپنا گانا بھی سنایا، بعد ازاں جواد احمد نے میوزک اکیڈمی کے طلباءاور ڈائریکٹر اسپیشل پروگرامز احسن باری کے ساتھ اپنے مشہورِ زمانہ گانا بن تیرے کیا ہے جینا، گاکر حاضرین کو جُھومنے پر مجبور کردیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین