• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں علی وزیر کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ آج ریاست کے خلاف بغاوت و دہشت گردی کے مقدمہ کے ملزم و رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کرے گی۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ غلطی سے کاز لسٹ میں یہمقدمہ ایک اور بنچ میں شامل کر دیا گیا تھا، حالانکہ ہم نے جمعہ کے روز سماعت کے دوران کیس کا اسی بنچ کے سامنے مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ دوران سماعت ایم این اے محسن داوڑ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ کیس ملتوی ہونے کا سن کر علی وزیر کے وکیل آج اسلام آباد میں نہیں آئے ہیں، جس پر جسٹس سردار طارق مسعود نے کہ کل ان کے وکیل کو بلا لیں، کل ہی کیس کی سماعت کریں گے۔ انہوں نے پراسیکیوٹر سندھ سے استفسار کیا آپ عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے ہیں؟ تو انہوں نے کہا ہم تو عدالتی حکم کے پابند ہیں آپ نے بلایا ہے تو آگئے ہیں۔

تازہ ترین