• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 کروڑ 44 لاکھ کی 5 چوریاں، 2 کاریں، 2 رکشے اور 21 موٹرسائیکل بھی غائب

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک کار، رکشے 18موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،مویشیوں اورنقدی جبکہ اسلام آباد کے شہری ایک کار، رکشہ اور تین موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے ۔وفاقی دارالحکومت کے پوش سیکٹر ایف سیون تھری میں پیر کو دن دیہاڑے چوری کی واردات میں نامعلوم چور گھر سے نقدی زیورات چرا کر چلتے بنے ۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم چوروں نے انسپکٹرجنرل آف پولیس قاضی جمیل الرحمن کی رہائش کے قریب سٹریٹ نمبر 63 مکان نمبر 9/Aسیکٹر ایف سیون تھری میں گھر سے45تولے زیورات اور 50 لاکھ نقدی ودیگر قیمتی سامان چرا لیا ۔اس حوالے سے پولیس ترجمان سے موقف لیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ واردات میرے علم میں نہیں ہے۔ تھانہ ویسٹریج کے علاقہ لین 6میں چور عابدہ اکرم کے گھرکے تالے توڑکر 2لاکھ روپے ، طلائی زیورات مالیتی 48لاکھ روپے،پسٹل 30 بور اور2موبائل چوری کر لئے گئے۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ گلستان کالونی میں 4 ملزمان گن پوائنٹ پر عبادالرحمٰن سے کار مالیتی35لاکھ روپے، دومو بائل ، 15ہزار روپے، گاڑی کی چابی، کاغذات چھین کرلے گئے۔تھانہ مورگاہ کے علاقہ نیومورگاہ روڈپر نامعلوم چور فاروق اسلم کے پلاٹ کے تالے توڑکر 35 لاکھ روپے مالیت کامشینری کاسامان چوری کرکے گئے۔ تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ رحمت آبادمیں ظفر محمود کی مرغی گوشت کی دکان میں تین ملزم داخل ہوئے جو گن پوائنٹ پر 30 ہزار روپے اورموبائل چھین کر فرار ہو تے ہوئے زمین پر ایک فائرمارکربھاگ گئے۔ تھانہ لوہی بھیر کے علا قےمیں عبدالجبار کے گھر سے نقدی اور زیورات مالیت 20 لاکھ روپے جبکہ این پی ایف کے قریب سے نذر اسلم کے گھر سے نقدی اور زیورات مالیت 41 لاکھ روپے چوری کر لیے گئے ۔ لوٹنے اور چوری کی دیگر وارداتیں تھانہ صادق آباد ،تھانہ ائرپورٹ ،تھانہ پیرودھائی ،تھانہ نیوٹاؤن ،تھانہ صادق آباد ،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ نصیرآباد ،تھانہ ریس کورس ،تھانہ سول لائن ،،تھانہ واہ کینٹ ،تھانہ گوجرخان،تھانہ جاتلی،تھانہ صدربیرونی، تھانہ روات، تھانہ شالیمار ،تھانہ شہزاد ٹائون کی حدود میں ہوئیں، جن میں بیش قمیت اشیاء اڑا لی گئیں۔ بھاری مالیت کے چیک بھی ڈس آنر ہوگئے۔
تازہ ترین