جنوری 2021ء سے شروع ہونے والا عیسوی کیلنڈربھی تمام ہوا۔ سالِ گزشتہ رونما ہونے والے حادثات و واقعات، غم و خوشی کے لمحات گردشِ لیل و نہار کے طے شدہ نظام کے مطابق اب قصّۂ پارینہ ہوچکے۔ روز و شب کے تغیّر کے اس عمل میں جہاں بہت کچھ بدلا، تاریخ نے کروٹ لی، وہیں ہر شعبۂ زندگی سے وابستہ کئی نابغہ ٔروزگار ہستیاں، روشن و درخشندہ ستارے بھی ہم سے رخصت ہوکر یہ پیغام دے گئے کہ ؎ ڈھونڈوگے اگر مُلکوں مُلکوں، ملنے کے نہیں، نایاب ہیں ہم.....جو یاد نہ آئے بھول کے پھر، اے ہم نفسو، وہ خواب ہیں ہم۔ ذیل میں سالِ گزشتہ ہم سے بچھڑ جانے والے ان ہی مشاہیر اور نام وَر شخصیات کا مختصر تذکرہ پیشِ خدمت ہے۔
(2021ء میں بچھڑجانے والی اہم قومی شخصیات)
نصیر ترابی (10جنوری) معروف شاعر نصیر ترابی مشہور عالمِ دین اور خطیب علّامہ رشید ترابی کے صاحب زادے تھے۔ 15جون 1945ء کو حیدر آباد دکن میں پیدا ہوئے۔10جنوری کو 76برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال ہوا۔
ریحان اعظمی (26جنوری ) معروف نوحہ و مرثیہ نگار7جولائی 1958ء کو کراچی میں پیدا ہوئے اور26جنوری کو اسی شہر میں انتقال کیا۔1997ء میں ان کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے ساتویں تیز ترین شاعری کرنے والے شاعر کے طور پر شامل ہوا۔
حافظ سلمان بٹ(28 جنوری)جماعتِ اسلامی کے رہنما اور سابق ایم این اے تھے۔ 65برس کی عُمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔ وہ پنجاب یونی ورسٹی اور صوبہ پنجاب میں جماعتِ اسلامی کے ناظم بھی رہے۔
نیلو(30جنوری)معروف اداکارہ نیلو کا تعلق بھیرہ سے تھا، جہاں وہ 30 جون 1940ء کو پیدا ہوئیں۔ کیتھولک مذہب سے تعلق تھا، اسلام قبول کرنے کے بعد عابدہ ریاض نام رکھا، تاہم فلمی نام، نیلو ہی رہا۔ لگ بھگ ڈیڑھ سو اردو، پنجابی فلموں میں کام کیا اور 81برس کی عُمر میں طویل علالت کے بعد دنیا سے رخصت ہوئیں۔
فہمیدہ نسرین (8فروری)معروف پروڈیوسر کاظم پاشا کی اہلیہ، اینکر ندا یاسر کی والدہ، اور خود بہترین پروڈیوسر، ناول نویس اور افسانہ نگار فہمیدہ نسرین 74 برس کی عُمر میں کراچی میں خالقِ حقیقی سے جاملیں۔
مشاہد اللہ خان (18فروری)پاکستان مسلم لیگ (نون) کے رہنما اور سابق وزیر، سینیٹر مشاہد اللہ خان مختصر علالت کے باعث 68 برس کی عُمر میں اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ اُن کا شمار مسلم لیگ (نون) کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر سیّد ارتفاق علی(19فروری)جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر اور ماہرِ نباتیات ڈاکٹر ارتفاق علی 91 برس کی عُمر میں خالقِ حقیقی سے جاملے۔ وہ بھارتی شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ 1958ء میں جامعہ کراچی سے منسلک ہوئے اور تادمِ مرگ تحقیق کے شعبے سے وابستہ رہے۔
اعجاز درانی(یکم مارچ )پاکستانی فلموں کے رومانی ہیرو اور 70ء کی دہائی کی مقبول فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ میں رانجھا کا کردار ادا کرنے والے اداکار، اعجاز درانی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
سعید ہاشمی(3مارچ )معروف نعت خواں، الحاج سعید ہاشمی طویل علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے۔ اُن کی پہچان احمد رضا خاں بریلوی کے کلام ’’لَم یَاتِ نَظیرُکَ فِی نَظَر مثل تو نہ شُد پیدا جانا‘‘سے ہوئی۔ بعدازاں، متعدد شہرئہ آفاق نعتیں پڑھ کر عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔
ڈاکٹر رشید امجد (3مارچ)نام وَر افسانہ نگار، ماہرِتعلیم اورنقّاد، ڈاکٹر رشید امجد 5 مارچ 1940ء کو سری نگر، کشمیر میں پیدا ہوئے۔ تقسیم کے بعد ہجرت کرکے راول پنڈی آئے اور وہیں بس گئے۔ حکومتِ پاکستان نے اُن کی ادبی خدمات پر 2006ءمیں صدارتی تمغہ برائے حُسنِ کارکردگی سے بھی نوازا۔
شمع خالد (9مارچ)اُردو دنیا کی ممتاز افسانہ نگار، مختصر کہانی نویس، فاطمہ جناح یونی ورسٹی کی لیکچرار اور ’’آئرن لیڈی‘‘ کے نام سے جانی جانے والی شمع خالد راول پنڈی میں 74برس کی عُمر میں انتقال کرگئیں۔
شہناز نور(14مارچ)معروف شاعرہ شہناز نُور 74برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔ انہوں نے اپنی خُوب صُورت شاعری سے جہانِ سخن میں نام و مقام بنایا اور اپنے دل کش ترنّم کے سبب بھی ادبی حلقوں میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔
ڈاکٹر شکیل فاروقی(15مارچ)معروف علمی شخصیت، ڈاکٹر شکیل فاروقی کراچی میں کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔ اُن کا شمار شہرِ قائد کی ایسی علمی و ادبی شخصیات میں ہوتا تھا کہ جنھیں ہر مکتبۂ فکر میں ادب و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
پروفیسر متین الرحمٰن مرتضیٰ(15مارچ)سابق چیئرمین، شعبۂ ابلاغِ عامہ، جامعہ کراچی، پروفیسر سیّد متین الرحمن مرتضیٰ راہئ ملکِ عدم ہوئے۔ وہ پاکستان سے بے لوث محبت کرنے والے اور اپنے اعزاء و اقرباءاور طلبہ میں بے حد مقبول تھے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
مولانا عزیز احمد اشرفی(22مارچ)جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی سالار اعلیٰ، شیخ الحدیث، مولانا عزیز احمد اشرفی اسلام آباد سے پشاور جاتے ہوئے موٹروے پر ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مالکِ حقیقی سے جا ملے۔
الحاج شمیم الدّین(23مارچ)تحریکِ پاکستان کے رہنما اور سندھ کے سابق قائم مقام وزیرِاعلیٰ الحاج شمیم الدّین کا 90 برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال ہوا۔ مسلم لیگ سے ان کی گہری وابستگی تھی۔
کنول نصیر(25مارچ)پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کا اعزاز رکھنے والی اناؤنسر کنول نصیر کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 78سال کی عُمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ 5دہائیوں سے زائدعرصےتک پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہیں۔
حسینہ معین(26مارچ)معروف ڈراما نویس، مصنّفہ اور مکالمہ نگار، حسینہ معین 79 برس کی عُمر میں داغِ مفارقت دے گئیں۔وہ پاکستان کی سب سے بہترین ڈراما نگار سمجھی جاتی تھیں۔ حکومت پاکستان کی طرف سے اُنھیں 1987ء میں صدارتی اعزاز برائے حُسنِ کارکردگی سےبھی نوازا گیا۔
شوکت علی(2اپریل)غزلوں اور لوک گیتوں کے معروف گلوگار، شوکت علی لاہور میں انتقال کرگئے۔ اُنھیں ’’پنجاب کی آواز‘‘ کہا جاتا تھا۔1965ء کی پاک، بھارت جنگ میں انہوں نے اپنی دبنگ آواز سے جس طرح دشمنوں کو للکارا، مجاہدوں کو پکارا، وہ آج بھی فضاؤں میں گونج رہی ہے۔
آئی اے رحمٰن(12اپریل)پاکستان کے ممتاز سماجی کارکن، ہیومن رائٹس کمیشن کے سابق ڈائریکٹر، آئی اے رحمٰن 90 برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔حقوقِ انسانی کے حوالے سے آواز بلند کرنے پر انہیں کئی بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ضیاء شاہد(12اپریل)روزنامہ ’’خبریں‘‘ اور ’’نیا اخبار‘‘ کے چیف ایگزیکیٹو، ضیاء شاہد طویل علالت کے بعد 76برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔ صحافتی خدمات کے سبب اُنھیں صدرِ پاکستان کی طرف سے اعلیٰ سول اعزاز ستارئہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایس سلیمان(14اپریل)ماضی کےمقبول اداکاروں سنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی، ایس سلیمان 80برس کی عُمر میں دارِفانی سے کُوچ کرگئے۔ انہوں نے 60 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی۔
عون نقوی(15اپریل)معروف عالمِ دین اور جعفریہ الائنس کی سپریم کائونسل کے رکن، مولانا سیّد عون محمّد نقوی نے 56 برس کی عُمر میں مختصر علالت کے باعث کراچی میں داعئ اجل کو لبیک کہا۔
عشرت رومانی (25اپریل)اردو کے معروف کلاسیکل شاعر، عشرت رومانی کراچی میں راہئ ملک ِ عدم ہوئے۔
سنبل شاہد(6مئی)سینئر اداکاراؤں بشریٰ انصاری اور اسماء عباس کی بہن، اداکارہ سنبل شاہد کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔ انہوں نے پی ٹی وی سمیت دیگر چینلز کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ڈاکٹر فریدون سیٹھنا(8مئی) مشہور گائنا کالوجسٹ اور بے اولاد جوڑوں کے علاج کا وسیع تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر فریدون سیٹھنا کراچی میں انتقال کرگئے۔ اُنھیں اعلیٰ خدمات پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
طلعت صدیقی(9مئی)پاکستان فلم انڈسٹری اور ٹیلی ویژن کی نام وَر اداکارہ، طلعت صدیقی 82 برس کی عُمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ وہ اداکارہ عارفہ صدیقی کی والدہ اور گلوکارہ فریحہ پرویز کی خالہ تھیں۔
فاروق قیصر(14مئی)پاکستان ٹیلی وژن پر ’’انکل سرگم‘‘ کے کردار سے شہرت پانے والے مصنّف اور ہدایت کار فاروق قیصر76برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔ اُن کی تخلیق کردہ کٹھ پتلیاں و دیگر افسانوی کردار بے حد مقبول ہوئے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اُنھیں 1993ء میں تمغۂ حُسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
بیگم نسیم ولی(16مئی)عوامی نیشنل پارٹی کے بانی عبدالولی خان کی بیوہ معروف سیاست دان، بیگم نسیم ولی 88 برس کی عُمر میں خالقِ حقیقی سے جاملیں۔ وہ عبدالولی خان کی دوسری اہلیہ تھیں۔
بیگم خورشید حفیظ (18مئی)قومی ترانے کے خالق، شاعر حفیظ جالندھری مرحوم کی اہلیہ، بیگم خورشید حفیظ حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث 87برس کی عُمر میں لاہور میں خالق ِحقیقی سے جاملیں۔
ایس بی جون (5جون)پاکستان فلم، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے معروف گلوکار، سنی بینجمن جون` المعروف ایس بی جون 87 برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔
شین۔ فرّخ(17جون)نام ور مصنّفہ اور صحافی شین۔فرّخ کا کراچی میں 83برس کی عُمر میں انتقال ہوا، اصل نام شوکت فرخ تھا۔ انھوں نے صحافیوں کے لیے جرنلسٹ سوسائٹی آبادکی۔
عثمان خان کاکڑ(21جون)سینیٹر عثمان خان کاکڑ 17جون کو اپنے گھر میں سر پر چوٹ لگنے کے سبب بے ہوش ہوئے، کوئٹہ میں علاج کے بعد انہیں کراچی کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن جاں بر نہ ہوسکے۔
جاذب قریشی(21جون)پروفیسر جاذب قریشی اردو کے صاحبِ اسلوب شاعر، نقّاد، محقّق، صحافی اور ماہرِ تعلیم تھے۔ بھارت کے شہر کلکتہ میں پیدا ہوئے اور 81برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال کیا۔
بیگم خورشید شاہد(27جون)ماضی کی ریڈیو کی سینئر صداکارہ اور ٹی وی اداکارہ، بیگم خورشید شاہد کا 95 برس کی عُمر میں لاہور میں انتقال ہوا۔ وہ معروف اداکار سلمان شاہد کی والدہ تھیں، انہوں نے پی ٹی وی کے معروف ترین ڈراموں میں اداکاری کی۔
مولانا ڈاکٹر عبدالرّزاق اسکندر(30جون)وفاق المدارس، پاکستان کے صدر اور جامعتہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم، جیّد عالمِ دین ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کراچی میں 86برس کی عُمر میں رحلت فرماگئے۔
انور اقبال بلوچ(یکم جولائی) سینئر اداکار، انور اقبال بلوچ 72 برس کی عُمر میں کینسر کے باعث طویل علالت کے بعدکراچی میں انتقال کرگئے۔
مسعود اشعر(5جولائی)اردو کےممتاز فِکشن رائٹر، صحافی اور کالم نگار، مسعود اشعر 90 سال کی عُمرمیں راہئ ملکِ عدم ہوئے۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی تمغہ برائے حُسنِ کارکردگی اور ستارئہ امتیاز سے نوازا گیا۔
نوید عالم(13جولائی)قومی ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ، اولمپئن، رائٹ فُل بیک نوید عالم لاہور میں انتقال کرگئے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔انہوں نے1976ءکے اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ممنون حسین(14جولائی)سابق صدرِ پاکستان، ممنون حسین طویل علالت کے بعد 81 برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ وہ کینسر کےعارضے میں مبتلا تھے۔اکتوبر 1999ء میں گورنر سندھ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد 2013ء میں مُلک کے 12 ویں صدر منتخب ہوئے اور ستمبر 2018ء میں عُہدے سے سبک دوش ہوئے۔
سلطانہ ظفر(16جولائی)ماضی کی مقبول اداکارہ، سلطانہ ظفر 66برس کی عُمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد امریکی ریاست، ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں بوتیک چلارہی تھیں۔
نائلہ جعفری(17جولائی)طویل عرصے تک سرطان جیسی مہلک بیماری کا مقابلہ کرنے والی اداکارہ نائلہ جعفری کراچی میں دارفانی سے کُوچ کرگئیں۔انہوں نے کیرئیر کی ابتدا ریڈیو سے کی، بعدازاں 1990ء میں ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کیا۔
ممتاز بھٹو(18جولائی)ممتاز بھٹو کراچی میں 88برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔ وہ سابق وزيرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کزن اور قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ 70ء کی دہائی میں سندھ کے گورنر، بعدازاں وزیراعلیٰ بھی رہے۔
عارف نظامی(21جولائی)انگریزی اخبار ’’پاکستان ٹوڈے‘‘ کے بانی، ایڈیٹر اور نوائے وقت گروپ کے بانی حمید نظامی کے صاحب زادے، عارف نظامی لاہور میں انتقال کرگئے۔ اُن کا شمار ملک کے نام وَر صحافیوں میں ہوتا تھا۔ وہ 2013ء میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
صلاح الدین حیدر(28جولائی)سینئر صحافی اور سابق صوبائی مشیرِ اطلاعات، صلاح الدین حیدر کراچی میں انتقال کرگئے۔
نقاش کاظمی(31جولائی)اردو کے معروف شاعر،ادیب اور نقّاد، نقاش کاظمی مختصر علالت کے بعد 78برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ادبی خدمات کے اعتراف میں اُنہیں صدارتی تمغۂ حُسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
رفیق افغان(2اگست)روزنامہ امّت کے مالک اور چیف ایڈیٹر رفیق افغان مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔ اُن کی عُمر 64 برس تھی۔
آصف مہدی(2اگست)معروف گلوکار، مہدی حسن کے صاحب زادے، گلوکار آصف مہدی حسن کراچی کے مقامی اسپتال میں 55برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔
دردانہ بٹ(12اگست)سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83 برس کی عُمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ 9 مئی 1938ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور 70 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا۔ حکومت پاکستان نےانہیں تمغۂ امتیاز سے نوازا۔
سیّد علی شاہ گیلانی(یکم ستمبر) کشمیری آزادی پسند رہنما، سیّد علی شاہ گیلانی 92 برس کی عُمر میں سری نگر میں انتقال کرگئے۔ سیّد علی گیلانی بھارت کے سب سے بڑےناقد تھے، جنہوں نے کئی سال جیل میں یا نظربندی میں گزارے۔وہ سوپور سے کشمیر اسمبلی کے تین مرتبہ رکن بھی منتخب ہوئے۔
سردار عطا اللہ مینگل(2ستمبر) بلوچستان کے پہلے وزیرِ اعلیٰ اور سینئر سیاسی رہنما، سردار عطا اللّٰہ مینگل 92 برس کی عُمر میں انتقال کرگئے، وہ عارضۂ قلب کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
وزیر افضل(7ستمبر) موسیقاروزیر افضل طویل علالت کے بعد87برس کی عُمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔وہ پاکستان کے نام وَر موسیقار خواجہ خورشید انور کے شاگرد تھے۔
رحیم اللہ یوسف زئی(9ستمبر) پاکستان کے نام وَر صحافی، دی نیوز انٹرنیشنل پشاور کے بیور چیف، کالم نگار، دفاعی تجزیہ نگار، ایشیائی سیاست اور افغان امور کے ماہر رحیم اللّٰہ یوسف زئی علالت کے باعث 66برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔ صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں تمغۂ امتیازاور ستارۂ امتیاز سے نوازا۔
عظیم سرور (12ستمبر) براڈ کاسٹر اور کالم نگار، عظیم سرور 78برس کی عُمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے لاتعداد پروگرام پیش کر کے ملک گیر شہرت حاصل کی۔وہ اپنی منفردآواز کے باعث بھی شہرت رکھتے تھے۔
ڈاکٹر صفدر محمود(13ستمبر) سابق وفاقی سیکرٹری، کالم نگار اور دانش وَر، ڈاکٹر صفدر محمودداعئ اجل کو لبیک کہہ گئے۔ وہ متعدد انتظامی عہدوں پر فائز رہے۔ اس دوران انھوں نے تاریخ اور سیاسیات کے موضوع پر متعدد کتابیں تحریر کیں۔ حکومتِ پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حُسنِ کارکردگی سے نوازا۔
ایس ایم معین قریشی(20ستمبر)معروف مزاح نگار اور کالم نویس، ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی مختصرعلالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ27کتابوں کے مصنّف تھے۔
طلعت اقبال(24ستمبر)معروف پاکستانی اداکار، طلعت اقبال طویل علالت کے بعد امریکا کی ریاست، ٹیکساس کے شہر، ڈیلاس میں انتقال کر گئے ۔انہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور فلموں میں بھی کام کیا۔
واجد شمس الحسن(28ستمبر)سابق ہائی کمشنر اور رہنما پیپلزپارٹی، واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کرگئے۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے اور 40سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔
محمودہ بیگم (یکم اکتوبر)جنگ اور جیو میڈیا گروپ کے بانی، میر خلیل الرحمٰن مرحوم کی اہلیہ، بیگم محمودہ خلیل الرحمٰن کراچی میں95برس کی عُمر میں انتقال کر گئیں۔
عمرشریف(2اکتوبر)لیجنڈ کامیڈین، عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔وہ کافی عرصے سے عارضۂ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ انہوں نے فلم، ٹی وی، اسٹیج اور تھیٹر کی دنیا میں نہ صرف ملک بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نگار ایوارڈ اور تمغۂ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔
فاروق فیروز خان(9اکتوبر) سابق ائر چیف مارشل، فاروق فیروز خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔انہوں نے بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی ذمّے داریاں سرانجام دیں۔
سردار سکندر حیات خان(9اکتوبر)سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، سردار سکندر حیات 87برس کی عُمر میں انتقال کرگئے۔وہ عارضۂ قلب میں مبتلا تھے۔وہ آزاد کشمیر کے صدر اور طویل ترین عرصے تک وزیر اعظم رہے، اُنہیں ’’سالارِ جمہوریت‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔
ڈاکٹرعبدالقدیر خان(10اکتوبر)معروف ایٹمی سائنس دان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق، ڈاکٹر عبدالقدیر خان 75برس کی عُمر میں اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اُن کی بیش بہا خدمات پرحکومتِ پاکستان نے اُنھیں 3 صدارتی ایوارڈز 2 بار نشانِ امتیازاور ایک بار ہلالِ امتیاز سے نوازا۔
پرویز ملک(11اکتوبر)مسلم لیگ (نون) لاہور کے صدر، پرویز ملک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ وہ لاہور سے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی تھے اور پارٹی میں کلیدی حیثیت رکھتے تھے۔
سہیل اصغر (13نومبر)پاکستان فلم، ٹی و ی کے معروف اداکار، سہیل اصغر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ 15جون1954ء کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ لاہور سے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے مشہور ڈراموں اور ٹی وی سیریلزمیں لاگ، پیاس، کاجل گھر، چاند گرہن اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
محمّد ضیاء الدین(29نومبر)شعبۂ صحافت سے تعلق رکھنے والے سابق ایڈیٹر اور سینئر صحافی محمّد ضیاء الدین 83 برس کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ وہ تقریباً 60 برس تک صحافت سے وابستہ رہے۔
پروفیسر رئیس علوی (یکم دسمبر)ممتاز ماہرِ تعلیم، ماہرِ لسانیات، نقّاد، شاعر اور کراچی یونی ورسٹی کے سابق رجسٹرار، پروفیسر رئیس علوی آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
استاد نزاکت علی (6دسمبر )پاکستان کے مقبول گلوکار امانت علی کے والد، معروف موسیقار استاد نزاکت علی خان فیصل آباد میں انتقال کرگئے۔ وہ استادسلامت علی خان کےبھائی تھے۔
جنرل شمیم عالم (9دسمبر) سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ریٹائرڈ شمیم عالم خان راول پنڈی میں انتقال کرگئے۔ شمیم عالم خان 9 بھائی تھےاور تمام بھائی افواج پاکستان میں اعلیٰ خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
انیل چوہدری (13دسمبر) سینئر اداکار انیل چوہدری کراچی میں انتقال کرگئے۔ فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر پر اداکاری کے جوہر دکھانے والے اس فن کار نے معاشی حالات سے تنگ آکر آرٹس کائونسل کراچی کے باہر جوتے پالش کرنے شروع کردیے تھے۔
شبر اعظمی (13دسمبر) کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر و جنرل سیکریٹری شبر اعظمی کراچی میں انتقال کرگئے۔انھوں نے ملک میں آمریت کے خلاف پی ایف یو جے کی جدوجہد کے دوران جیل بھی کاٹی۔
ڈاکٹر طاہر شمسی (21دسمبر) معروف ماہرِ امراضِ خون، ڈاکٹرطاہر شمسی برین ہیمریج کے باعث انتقال کرگئے۔ انہوں نے 1996ء میں پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹ متعارف کروایا اور خون سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بلڈ ڈیزیز قائم کیا۔ حکومتِ پاکستان نے 2016ء میں اُنہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔
(بین الاقوامی شخصیات)
٭سی این این کے معروف میزبان، لیری کنگ (23جنوری)
٭سعودی شیخ، ذکی یمانی (23فروری)
٭برطانوی شہزادہ ،پرنس فلپ(9اپریل)
٭سعودی شیخ، شہزادہ بندر بن فیصل آل سعود(11اپریل)
٭معروف بھارتی اسلامک اسکالر، مولانا وحید الدین (21اپریل)
٭معروف بھارتی نقّاد، شمیم حنفی (6مئی)
٭ہر دل عزیز بھارتی اداکار، دلیپ کمار(7جولائی)
٭بھارت کے ممتاز عالم دین، مولانا محمد یوسف اصلاحی(21دسمبر)