• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کی لوگوں سے مری نہ آنے کی اپیل

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری —فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری —فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے عوام سے مری اور دیگر بالائی مقامات کی سیر کے لیے فی الحال نہ آنے کی اپیل کر دی۔

یہ اپیل وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان کے ذریعے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مری اور دیگر بالائی مقامات کے لیے لاکھوں گاڑیاں ان علاقوں کی طرف جا رہی ہیں، مقامی انتظامیہ کے لیے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو سہولتیں پہنچانا ناممکن بن گیا ہے۔

فواد چوہدری نے اپیل کی ہے کہ جو لوگ ابھی گھروں میں ہیں ان سے درخواست ہے کہ بالائی علاقوں کی سیر کا پلان کچھ دنوں کے لیے مؤخر کر دیں۔

واضح رہے کہ مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے لیے آج رات شدید موسمی صورتِ حال کاا نتباہ جاری کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے مری اور گرد و نواح میں بارش، برف باری اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے، 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان آ سکتا ہے، جس کے دوران شدید برف باری کا امکان ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی افراد رات گھروں سے نہ نکلیں، ایمبولینس سروسز، سیکیورٹی گاڑیوں اور فائر فائٹرز کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

دوسری جانب برف باری ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد نے گزشتہ روز مری کا رخ کیا، برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

‏اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے پیشِ نظر نالوں میں سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے، اس حوالے سے بھی ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید