• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: محمّد ہمایوں ظفر

ہمارے محلّے میں ایک چھوٹی سی مسجد کے مینار پرچار بڑے بڑے اسپیکرز نصب ہیں، چھوٹی سی مسجد کے مینار پر اتنے بڑے بڑے اسپیکر دیکھ کر اکثر لوگ قاری صاحب سے استفسار کرتے، تو وہ ہنس کرکہتے ’’دیکھ لیں جناب!لوگوں کو نمازکے لیے بلانے کے لیے ہم نے یہ اسپیکرز لگائے ہیں، لیکن اس کے باوجود اہلِ محلہ بیدارہی نہیں ہوتے۔‘‘ قاری صاحب کو ہم بچپن سے دیکھتے آرہے تھے، وہ مسجد کے وضو خانے کے اوپر ایک کمرے میں تنہا رہتے تھے۔ نیک طبیعت، اچھے اخلاق کے مالک اور ایک مستند عالم تھے۔ 

اکثر لوگ اپنے مسئلے مسائل کے حوالے سے اُن سے رجوع کرتے، تو انتہائی تحمّل سے جواب دے کر مطمئن کرتے۔ یہاں مَیں جو واقعہ بیان کرنے جارہی ہوں، اُن ہی سے متعلق ہے۔ چھے سات برس قبل قاری صاحب نے دنبے کا ایک خُوب صُورت بچھڑا خریدا، جو خصوصی دیکھ بھال اور اچھی خوراک کی وجہ سے جلد ہی تگڑا، خوب صحت مند ہوگیا۔ برف کی طرح نرم نرم بالوں والا گول مٹول دنبہ بہت خُوب صُورت تھا۔ 

مسجدکے باہر بندھا دیکھ کر آتے جاتے لوگ اُسے پیار سے پچکارتے۔ کبھی قاری صاحب کو دنبے کے قریب کھڑا دیکھتے، تو اُن سے ازراہِ تفنّن پوچھتے ’’قاری صاحب! آپ کے ’’پُتر‘‘ کا کیا حال ہے؟‘‘ قاری صاحب اپنے دنبے کو پُتر ہی کہتے تھے، جب کہ دنبے کے رویّے سے بھی سعادت مند اولاد کا گمان ہوتا تھا۔ اگر وہ بیٹھا ہوتا اور قاری صاحب اسے کھڑا ہونے کا کہتے، تو فوراً کھڑا ہوجاتا۔ اُس کی رسّی کھول کر مسجد کے صحن میں اس کے رہنے کی جگہ کی طرف جانے کا اشارہ کرتے، تو فوراً سر جھکاکر اندر داخل ہوجاتا۔ محلّے کے بچّے بھی اُس سے خاصے مانوس ہوچکے تھے اوردن بھر اُس کے ساتھ کھیلتے رہتے۔ ذوالحجہ کا مہینہ شروع ہوچکا تھا، قاری صاحب کا ’’پُتر‘‘ مزیدصحت مند اور گول مٹول ہوگیا تھا، لہٰذا وہ بقرعید پر اس کی قربانی کا فیصلہ کرچکے تھے۔

عیدالاضحی کی صبح فجر کی نماز کے بعد قاری صاحب نے نمازِ عید کے وقت کا اعلان کیا۔ کچھ لوگ فجرکی نماز پڑھ کرگھروں کو چلے گئے، کچھ نمازِ عید کی ادائی تک مسجد ہی میں رُک گئے۔ عیدالاضحی کی نماز اور دُعا کے بعد قاری صاحب نے وہاں موجود لوگوں سے مخاطب ہوکر کہا ’’بھائیو! میں بھی سنّتِ ابراہیمی ؑ کے تحت اس برس اپنے دنبے کی قربانی کررہا ہوں، قربانی کے گوشت کے لیے آپ لوگ دس گیارہ بجے خود ہی آجائیں، کیوں کہ میں گوشت نہیں پہنچا سکوں گا، اس کے لیے معذرت چاہتا ہوں۔‘‘

پھرکچھ دیر بعد قسائی آگیا۔ دوہٹّے کٹّے نوجوان بھی جانور کو قابو کرنے کے لیے بطور مددگار اس کے ساتھ آئے تھے۔ قاری صاحب نے اپنے چہیتے، لاڈلے دنبے کی رسّی جیسے ہی قسائی کو پکڑائی، اس کے ساتھ آئے ہوئے دونوں نوجوان دنبے پر جھپٹ پڑے اور اسے گرانے کے لیے وحشیانہ انداز سے زور آزمائی کرنے لگے۔ قاری صاحب نے اپنے چہیتے کے ساتھ یہ جارحانہ سلوک دیکھا، تو فوراً آگے بڑھے اور انہیں پیچھے ہٹنے کو کہا۔ 

وہ حیرانی سے پیچھے ہٹ گئے،تو قاری صاحب دنبے کے قریب آئے اور اُس کے کان میں سرگوشی کی ’’پُتر! تیار ہوجا، ربّ سے ملاقات کا وقت آگیا ہے۔‘‘ وہاں موجود لوگ یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے کہ قاری صاحب نے جیسے ہی یہ جملہ کہا، دنبہ خودبخود بڑے آرام سے پہلے بیٹھا اور پھر باقاعدہ لیٹ گیا۔ قاری صاحب نے قسائی کو اشارہ کیا، تو وہ ڈرتے ڈرتے آگے بڑھا کہ مبادا دنبے کی مزاحمت سے کوئی زخمی نہ ہوجائے، لیکن پھر وہاں موجود مجمعے نے یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ قسائی نے اکیلے ہی دنبے کے گلے پرچُھری پھیر کر بڑے آرام سے اُسے ذبح کرڈالا۔ لیکن اس موقعے پر قاری صاحب کی اُداس آنکھوں سے ٹپکتے آنسو پر کسی کی نظر نہ پڑی۔ (سعیدہ جاوید،لاہور)

سنڈے میگزین سے مزید