کیا حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تیور بدلنے لگے ہیں؟
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول نے کہا ہے کہ ضروری نہیں ہے کہ عمران خان حکومت میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طے کرلینا چاہیے کہ ان کا حکومت میں رہنا ضروری نہیں لیکن عوام کا زندہ رہنا ضروری ہے۔
ایم کیو ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کم کرنا اور غریبوں کی زندگی میں آسانی لانا حکمرانوں کی ذمے داری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب ہمت دکھائیے، وعدہ پورا کیجیے اور کھرب پتی جاگیر داروں پر براہ راست ٹیکس لگائیے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہماری جماعت نے حکومت کی بجائے جمہوریت بچانے کیلئے کردار ادا کیا، عمران خان کو فیصلہ کرنا ہو گا وہ رہیں نہ رہیں، جمہوریت رہنی چاہیے۔