• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت علی خان کے پڑ پوتے، معروف گائیک ، باصلاحیت اداکار اور وائس اوور آرٹسٹ، معظّم علی خان کی باتیں

2020ء میں سُپر ہٹ ڈراما ’’ثبات‘‘ نشر ہوا، جس میں سیٹھ فرید کا کردار نبھانے والےمعظّم علی خان اداکاری کی ابجد سے بھی واقف نہ تھے،لیکن اپنا کردار اس مہارت سے نبھایاکہ ہر ایک کو گرویدہ کرلیا۔ گرچہ انہیں شوبز انڈسٹری سے وابستگی اختیار کیے صرف 2ہی برس ہوئے ہیں، لیکن فنِ موسیقی سے ان کا رشتہ خاصا پُرانا ہے کہ وہ اداکاری سے قبل اکثر سوشل میڈیا پرNarrations اور میوزک ویڈیوز شیئر کرتے رہتے تھے۔ 

معظّم علی کئی میوزک کنسرٹس میں بھی پرفارم کرچُکے ہیں، جب کہ وائس اوور آرٹسٹ بھی ہیں۔آج کل ناظرین انہیں ڈراما سیریل ’’عشقِ لا‘‘میں ارباب ہارون کےمنفی کردار میں دیکھ رہے ہیں،لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ معظّم علی خان پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم، قائدِ ملّت، لیاقت علی خان کے پڑ پوتے ہیں۔ 

ان کے والد مشرّف علی خان اور والدہ ممتاز پروین بھی پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامے’’سُنہرے دِن‘‘میں کام کرچُکے ہیں، جب کے چھوٹے بھائی عباس علی خان معروف موسیقار ہیں، جنہوں نے استاد فتح علی خان (مرحوم) سے فنِ گائیکی کی تربیت حاصل کی۔ معظّم علی خان سے بہت کچھ مزید جاننے کی خاطر ہم نےگزشتہ دِنوں اپنے معروف سلسلے ’’کہی اَن کہی‘‘ کے لیے اُن سے خصوصی بات چیت کی، جس کی تفصیل نذرِ قارئین ہے۔

س: آپ پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم نواب زادہ، لیاقت علی خان کے پڑپوتے، نواب زادہ مشرّف علی خان اور ممتاز پروین کے بیٹے ہیں،تو اتنا بھاری بَھرکم پروفائل کیسے مین ٹین رکھتے ہیں ؟

ج: یہ سچ ہے کہ میرے بزرگ بڑے لوگ ہیں، مگرمَیں، کبھی یہ کہہ کر اپنا تعارف نہیں کرواتا کہ مَیں پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم لیاقت علی خان کا پڑپوتا، ولایت علی خان کا پوتا اور مشرّف علی خان کا بیٹا ہوں، البتہ جب آپ کا تعلق کسی معتبر اور قابلِ احترام گھرانے سے ہو، تو احساسِ ذمّے داری مزید بڑھ جاتی ہے اور یہ دبائو بھی رہتا ہے کہ آپ کو اپنے بزرگوں کا نام لے کر چلنا ہے۔ بچپن میں اکثروالدہ یہی نصیحت کرتیں کہ ’’بچّو! تمہارے دادا، پردادا نے مُلک و قوم کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ اپنی جگہ، لیکن تم سب نے بھی اپنی الگ پہچان بنانی ہے، تاکہ لوگ تمہیں تمہارے نام اور کام سے پہچانیں۔‘‘ اور الحمدللہ،آج والدین کو اس بات پر فخر ہے کہ ان کی اولاد نے محنت کے بل بوتے پر اپنی پہچان بنائی ۔

س: اپنے آبائی گھر، خاندان، والدین اور بہن بھائیوں کے متعلق کچھ بتائیں؟

ج: آبائی گھربھارت کے شہر، کرنال میں واقع ہے۔باوجود اس کے کہ مَیں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے توسّط سے ایک اشتہار کی شوٹنگ کے سلسلے میں دہلی اور ممبئی گیا، لیکن آبائی گھر نہ جاسکا۔ ہم تین بہن، بھائی ہیں۔ مَیں سب سے بڑا ہوں، پھر مجھ سے دس، گیارہ سال چھوٹا بھائی عباس علی خان اور اس کے بعد بہن رباب ہے۔ عباس کو چوں کہ بچپن ہی سے موسیقی سے گہرا لگائو تھا ، اس لیے اس نے استاد فتح علی خان مرحوم سے باقاعدہ طور پر تربیت حاصل کی اور آج اس کا شمار مُلک کے معروف میوزک پروڈیوسرز میں ہوتا ہے۔ والدہ ممتاز پروین مختصر عرصے کے لیے پی ٹی وی کے شعبہ سیٹ ڈیزائننگ سے وابستہ رہیں۔

میرے والدین نے معروف ہدایت کار شعیب منصور کے بے حد اصرار پر ڈراما سیریل ’’سُنہرے دِن‘‘ میں ایک اداکارہ کے والدین کا کردار ادا کیا،جب کہ والدہ ڈراما’’جناح سے قائداعظم‘‘ میں بیگم رعنا لیاقت علی خان کا کردار بھی نبھا چُکی ہیں۔ چوں کہ والدین فنِ موسیقی کے دِل دادہ ہیں، تو ہمارے گھر اکثر مہدی حسن، اقبال بانو، گل بہار بانو اور امانت علی خان کی محفلیں سجتیں۔ مہدی حسن، طارق عزیز، معین اختر،احمد فراز اور آغا ناصر والد کے اچھےدوستوں میں شامل تھے۔ اگرچہ تب مَیں غزلوں کے بجائے انگریزی گانے سُننے کا شوقین تھا اور مجھے ان لیجنڈ فن کاروں کے ساتھ وقت گزارنے کی اہمیت کا بھی اندازہ نہیں تھا، لیکن لاشعوری طور پر ان کی باتیں، سُر، تال کے رموز میرے حافظے میں نقش ہوتے چلے گئے۔

س: آپ نے کس شہر میں جنم لیا اور کہاں سے تعلیمی مدارج طے کیے؟

ج: میری جائے پیدایش لاہور ہے اور ابتدائی تعلیم بھی اسی شہر سے حاصل کی، البتہ گریجویشن جامعہ کراچی سے کیا کہ اُن دِنوں والد کراچی میں مقیم تھے۔

س: بچپن کی کچھ باتیں، یادیں ذہن کی اسکرین پر محفوظ ہیں؟

ج: مَیں خاندان کا پہلا بچّہ تھا، تو سب ہی کا بے حد لاڈلا رہا۔ مَیں نے اپنی پَردادی کو دیکھا ہے،جب کہ میرا زیادہ وقت دادا، دادی، نانا، نانی کے ساتھ گزار۔ یعنی میری تربیت و تربیت میں میرے بزرگوں کا بہت ہاتھ ہے۔

س: آپ اتنا عرصہ اداکاری سے کیوں دُور رہے؟

ج: مجھے لگتا تھا کہ اداکاری میرے بس کی بات نہیں، حالاں کہ مجھے حسینہ معین نے بہت پہلے اپنے ایک ڈرامے میں مرینہ خان کے ساتھ کاسٹ بھی کرلیا تھا اور وہ بڑا دِل چسپ قصّہ ہے۔ آغا ناصر صاحب نے ہماری فیملی کو کھانے پر مدعو کیا تھا، جہاں حسینہ معین سے بھی ملاقات ہوئی، تو انہوں نے مجھے اپنے ڈرامے میں کام کی آفر کرتے ہوئے پی ٹی وی بلوالیا۔ مَیں مقرّرہ وقت پر پی ٹی وی اسٹیشن گیا، تو حسینہ صاحبہ نے خواجہ نجم الحسن سے کہاکہ وہ میرا آڈیشن لے لیں۔ 

اسی دوران روحی بانو بھی آگئیں، تو نجم الحسن نے ان سے کہا کہ وہ میرا آڈیشن لیں۔ ایک لیجنڈ اداکارہ کو یوں اپنے سامنے دیکھ کر مَیں کچھ نروس ہوگیا، لیکن بہرحال آڈیشن دے دیا اور منتخب بھی ہو گیا، مگر جب حسینہ صاحبہ نے کہا کہ شُوٹنگ کے سلسلے میں مجھے چھے ماہ کے لیےکراچی آنا پڑے گا، تو مَیں نے منع کردیا کہ میں اُن دِنوں اینٹرن شپ کررہا تھا اور میرا اداکاری کی طرف کچھ زیادہ رجحان بھی نہیں تھا۔

بیٹے، میکائیل کے ساتھ
بیٹے، میکائیل کے ساتھ

س: اپنے پہلے گانے کی ریکارڈنگ سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟

ج: مَیں نے پہلا گانا ’’تمہارے بِن‘‘ جو چھوٹے بھائی عباس کا لکھا ہوا تھا، ریکارڈ کروایا تھا۔ ویسے عباس وہ گانا خود بھی پہلے گا چُکا تھا، مگرمجھے بے حد پسند تھا، تو اُس کی اجازت سے غزل کے انگ میں ریکارڈ کروایا اور اس پرجو فیڈ بیک ملا، اُسی نے مجھے مزید گیت گانے کا حوصلہ دیا۔ ابتدا میں دوستوں کی محفل میں شوقیہ گاتا رہا۔ پھر جب عباس کے کنسرٹ میں چار پانچ غزلیں گائیں، تو سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا۔

س: کیرئیر کی ابتدا ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی سے کی، پھر ایک موبائل کمپنی میں ملازمت اختیار کی، جب کہ پبلک ریلیشننگ کے شعبے میں اے پی این ایس ایوارڈ بھی جیتا، کچھ عرصہ دبئی میں گزارا، پھر پاکستان چلے آئے اور اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ دیا، تو اس سارے سفر کی کچھ رُوداد سُنائیے؟

ج: جی مَیں نے اپنے کیریئر کا آغاز کراچی کی ایک معروف ایڈورٹائزنگ کمپنی ہی سے کیا، مگر کم و بیش 12سال تک مختلف ایڈورٹائزنگ کمپنیز سے منسلک رہنے کے بعد یہ احساس ہوا کہ اب اس فیلڈ میں میرا کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چُکا، کیوں کہ مَیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عُہدے پر فائز ہو چُکا تھا، جس کے بعد ترقّی کی دو ہی صُورتیں تھیں کہ یا تو سی ای او بن جائوں یا پھر اپنی کمپنی کھول لوں، جو مَیں کھولنا نہیں چاہتا تھا، لہٰذا اُس دُنیا کو خیرباد کہہ کر ایک معروف موبائل کمپنی جوائن کرلی۔ 

وہاں بھی سات برس ملازمت کی اور وہاں کا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، پی آر رہا۔ پورا میڈیا میں ہی ہینڈل کرتا تھا اور میری کارکردگی دیکھتے ہوئے ہی مجھے اے پی این ایس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ اُس سال اے پی این ایس نے پہلی بار بیسٹ پی آر پرسن فار پبلک سیکٹر کے ایوارڈ کا اجراء کیا تھا، جسے حاصل کرنا میرے لیے باعثِ فخرہے۔ اس کے علاوہ مَیں سی ایس آر (Corporate Social Responsibility)کیٹگری میں بھی ایوارڈ حاصل کر چُکا ہوں۔ 

بہرحال، پھر کچھ ذاتی وجوہ کی بنا پر دبئی چلا گیا، جہاں رئیل اسٹیٹ میں بطور پی آر کنسلٹنٹ اور ایک ادارے میں ملازمت بھی کی، لیکن تین سال بعد پاکستان آکر ایک دوست کے ساتھ چھوٹا سا بزنس شروع کردیا، جو کام یاب نہیں ہوا۔ اِسی دوران ایک چینل سے ڈراما سیریل’’ثبات‘‘ کے کردار سیٹھ فرید کی پیشکش ہوئی، جس کے لیے پہلے تو مَیں نے صاف انکار کردیا۔ بعد ازاں، ایک دوست کے بے حد اصرار پر آڈیشن دینا پڑا۔

مجھے سو فی صد یقین تھا کہ آڈیشن کلیئر نہیں کرپاؤں گا ،مگر دو ہفتے بعد ہی کال آگئی۔ ویڈیوز وغیرہ تو پہلے بھی بناتا رہتا تھا، لہٰذا ڈائیلاگز کی ادائیگی اور چہرے کے اُتارچڑھائو میں کوئی خاص دقّت پیش نہ آئی۔ اور یوں یہ سلسلہ چل نکلا۔

س: ڈراما ’’عشقِ لا‘‘ کے لیے بھی آپ نے پہلے انکار کردیا تھا، تو اس کی کیا وجہ تھی؟

ج: دراصل میرے پاس کئی ڈراموں کی آفرز تھیں، جن میں سے ’’عشقِ لا‘‘ ہی شارٹ لسٹ کیا، لیکن والدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے منع کرنا پڑا، جس پر مجھے کہا گیا ’’ہم انتظار کرلیں گے، مگر ارباب ہارون کا کردار آپ ہی کو کرنا ہے۔‘‘ تو یوں ڈیڑھ ماہ بعد جاکر یہ کام شروع ہوا۔

س: ان دِنوں کیا مصروفیات ہیں، کس نئے پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں؟

ج: چار پانچ پراجیکٹس کی آفرز ہیں، جن میں سے تین شارٹ لسٹ بھی کرلیے ہیں۔ اگر بات بن گئی، تو ان شاء اللہ پرستار مجھے بالکل مختلف کرداروں میں دیکھیں گے کہ میری کوشش ہے، مَیں خود پر کسی ایک کردار کی چھاپ نہ لگنے دوں۔

س: گلوکاری اوراداکاری دونوں کو کیسے مینیج کررہے ہیں؟

ج: سچی بات تو یہی ہے کہ مجھے انہیں مینج کرنے میں دقّت ہورہی ہے۔ دونوں فیلڈز یک سر مختلف ہیں، خاص طور پر جن دِنوں شوٹنگ ہورہی ہو، تو ریاض نہیں کرپاتا۔ البتہ اپنے شوق کی خاطر کسی حد تک مینج کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

والدین اور بہن بھائی کے ساتھ
والدین اور بہن بھائی کے ساتھ 

س: فنِ گائیکی میں کوئی استاد بھی ہے؟

ج: فنِ گائیکی میں کوئی استاد نہیں، مَیں نے جو سیکھا ، اپنی کوشش اور لگن سے سیکھا ہے۔

س: اداکاری اور گلوکاری میں سے آپ کا پہلا انتخاب کیا ہوگا؟

ج: میرا پہلا انتخاب گلوکاری ہی ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ مَیں اپنے بزنس اور دیگر مصروفیات کے باعث اتنی ریاضت نہیں کررہا، جتنی کرنی چاہیے۔

س: اپنی اداکاری سے متعلق خود آپ کی کیا رائے ہے؟

ج: مجھے اداکاری کرنی بالکل نہیں آتی تھی اور جب مَیں نے اسی بات کا اظہار ڈائریکٹر سے کیا تو انہوں نے کہا،’’آپ نے ہر سچویشن میں یہی سوچنا ہے کہ اگر اصل زندگی میں یہ سب ہورہا ہوتا، تو میرے کیا تاثرات ہوتے۔‘‘ تو بس، پھر پورےڈرامے میں میری توجّہ ڈائیلاگ ڈلیوری اور تاثرات ہی پر مرکوز رہی۔ مجھے اس کی پروا ہی نہیں تھی کہ مَیں کیمرے میں کیسا نظر آرہا ہوں، کہیں میرا چہرہ، حلیہ بُرا تو نہیں لگ رہا۔اور شاید اِسی وجہ سے مَیں نیچرل اداکاری کرنے میں کام یاب بھی رہا۔

س: عام زندگی میں مزاج کیسا ہے؟

ج: کبھی میرے مزاج میں غصّے کا عُنصر شامل تھا، لیکن اب دھیمے مزاج کااور محبّتیں نچھاور کرنے والا انسان ہوں۔

س: آپ وائس اوور آرٹسٹ بھی ہیں،تواس حوالے سے بھی کچھ بتائیں؟

ج:  قریبی دوستوں کے کہنے پر اس فیلڈ میں بھی قسمت آزما دیکھی اور کام یاب رہا۔ مَیں نے کئی ڈاکیومنٹریز میں بھی بطور وائس اوور آرٹسٹ کام کیا، مگر پھر یہ سلسلہ کچھ وجوہ کے باعث ختم ہوگیا۔ یہ بھی بتاتا چلوں کہ مَیں نے اپنے دوست اور ڈائریکٹرخاور اظہر کے کہنے پرپی ٹی وی کے لیے’’سُنو دلی…میں ہم سایہ تمہارا سری نگر سے بولتا ہوں…‘‘ کی نریشن کی، جوچار پانچ گھنٹے میں مکمل ہوگئی تھی۔

س: اب تک جن دو ڈراموں میں کام کیا، اُن میں آپ کا پسندیدہ سین کون سا ہے؟

ج: مَیں شروع ہی سے سیّد محمّد احمد کا مدّاح ہوں اور ڈراما ’’ثبات‘‘ میں ان کے ساتھ میرا ایک ہی سین تھا، جس میں مجھے ان سے انتہائی توہین آمیز لہجے میں بات کرنی تھی۔مجھے یہ سین شُوٹ کروانے میں خاصی گھبراہٹ محسوس ہورہی تھی، جس پر محمّد احمد صاحب نے کہا ’’میاں! تمہاری آواز اور ڈائیلاگ ڈلیوری اچھی ہے اور شستہ اُردو بھی بولتے ہو، تو پھر تمہیں گھبرانا نہیں چاہیے۔‘‘ پتا نہیں، اُن کے دو جملوں میں ایسا کیا جادو تھاکہ پھر مَیں نے انتہائی پُرسُکون طریقے سے سین شُوٹ کروالیا اور اپنے سینئرز سے داد بھی پائی۔

س: ایک انٹرویو میں آپ نے بتایا کہ والدہ اور خالہ اچھی گلوکارہ ہیں، تو اُن سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟

ج: امّی اور خالہ دونوں ہی پائے کی گلوکارہ ہیں۔ خالہ نے تو گائیکی کی تربیت بھی حاصل کی، لیکن دونوں ہی نے گائیکی کو بطور پیشہ اختیار نہیں کیا۔

س: کوئی ایسا واقعہ، جو اکثر یادآتا ہو؟

ج: ایک روز رات کے وقت مہدی حسن صاحب ہمارے گھر تشریف لائے، تو ابّو نے اپنے دو تین قریبی دوستوں کو بھی بلوا لیا اور پھر تقریباً دو ڈھائی گھنٹے تک مہدی حسن ہارمونیم پر گاتے رہے، تو آج بھی جب وہ وقت یاد آتا ہے، تو مجھ پر اُس ماحول کا سحر طاری ہوجاتا ہے۔

س: اگر کسی مزاحیہ کردار کی آفر ہوئی تو…؟

ج: بالکل آفر قبول کرلوں گا، بشرطیکہ اسکرپٹ معیاری ہو۔

س: کچھ لکھنے لکھانے کا بھی شوق ہے؟

ج: شوق تو ہے، مگرجب بھی والدہ کو کچھ لکھ کر پڑھنے کے لیےدیتا ہوں، تو وہ ہر بار مُسکرا کر یہی کہتی ہیں ’’بیٹا! جو کررہے ہو، وہی ٹھیک سے کرو۔‘‘

س: فن کار، گلوکار اور موسیقار کون کون پسند ہے؟

ج: کئی اداکار ایسے ہیں ،جن کی اداکاری پسند ہے ،مگر اُن کے اسٹائل کو کبھی کاپی نہیں کیا کہ اس طرح اپنی صلاحیتیں دَب جاتی ہیں۔ رہی بات گلوکاروں کی، تو مَیں مہدی حسن، غلام علی، نصرت فتح علی خان، آشا بھوسلے، لتا منگیشکر، عابدہ پروین اور جگجیت سنگھ کا مدّاح ہوں۔ اکثر کنسرٹس میں جگجیت سنگھ کی غزلیں بھی گاتا ہوں، جب کہ موسیقاروں میں نذر حسین اور نیاز احمد کی دُھنیں پسند ہیں۔

س: شادی اور بچّوں سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟

ج: شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی۔ میرا ایک بیٹا میکائیل علی خان ہے، جس سے میرا تعلق بہت مضبوط ہے۔ وہ فی الحال تو اس فیلڈ سے وابستہ نہیں، مگر مجھے لگتا ہے کہ کبھی نہ کبھی شوبز انڈسٹری سے ناتا جوڑ ہی لے گا۔

س: ستارہ کون سا ہے، سال گرہ مناتے ہیں؟

ج: تاریخ پیدائش 5 ستمبر اور ستارہ سنبلہ ہے۔ سال گِرہ دھوم دھام سے تو نہیں مناتا، البتہ فیملی کے ساتھ شام کی چائے پر چھوٹا سا کیک کاٹ لیتا ہوں۔

س: شہرت ملی تو نجی زندگی میں بھی کوئی تبدیلی آئی؟

ج: اصل میں مَیں نے تبدیلی آنے نہیں دی کہ شہرت آنے جانے والی شے ہے۔ مَیں اب بھی پہلے کی طرح مارکیٹ جاکر سبزی خریدتا ہوں، روٹی بھی لے آتا ہوں۔

س: کس بات پر غصّہ آتا ہے؟

ج: جھوٹ اور تکبر پر بہت شدید غصّہ آتا ہے۔

س: کسی سیاسی شخصیت سے متاثر ہیں،اگر ہیں،تو کیوں اور کیا کبھی خود بھی سیاست دان بننے کا خیال آیا؟

ج: مَیں کسی سیاسی شخصیت سے تو نہیں، البتہ ہر اُس فرد سے متاثر ہوں، جو پاکستان کے لیے اچھا سوچتا ہے اور اچھا کرنا چاہتا ہے ۔ رہی بات سیاست دان بننے کی، تو مجھے کبھی خود سے یہ خیال نہیں آیا، البتہ ملنے جُلنے والوں نے سیاست دان بننے کی جانب راغب بہت کیا۔ 

پھر مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی آفرز ہوئیں، مگر والد صاحب سے مشورہ کیا، تو انہوں نے یہ کہہ کر سختی سے منع کردیا کہ ’’تم بالکل بھی سیاسی آدمی نہیں۔ اگر مُلک و قوم کی خدمت کرنی ہے، تو کئی اور بھی طریقے ہیں۔‘‘سو،اب مَیں نریشنز کے ذریعے خاص طور پر نوجوان نسل کو اُردو ادب کی جانب راغب کرنے کی کوشش کررہا ہوں اور الحمدللہ اس میں کام یاب بھی ہوں کہ میرے پرستاروں کی بڑی تعداد18سال سے30سال کےجوانوںپر مشتمل ہے۔

س: مختلف پروفیشنز سے وابستہ رہے، کس فیلڈ میں کام کرکے سب سے زیادہ مزا آیا، کون سا کام بہت شوق، دِل چسپی اور محبت سے کرتے ہیں؟

ج: میرے نزدیک اداکاری، نریشنز اور گائیکی ایک گُل دستہ ہے، جو مجھے پورے کا پورا پسند ہے۔ مَیں نے 9سے 5 کی ملازمت کی، مگرشوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتیں منوانے کا زیادہ مارجن نظر آتا ہے۔

س: آپ کی کوئی انفرادیت،اپنی شخصیت کو کس طرح بیان کریں گے؟

ج: سیدھا سادہ سا ہوں، جسے بہت زیادہ کی خواہش نہیں ۔

سنڈے میگزین سے مزید