کراچی(جنگ نیوز)پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی (پی این ڈی ایس) کے تحت’’دوسری بین الاقوامی کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین صحت نے غذائی قلت،موٹاپے کی وجوہات، ذیابطیس، بلڈ پریشر، دل کے امراض،مائیکرو نیوٹری اینٹس یعنی وٹامن اور منرلز کی کمی کے پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ 3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اپنا انسٹی ٹیوٹ برائے پبلک ہیلتھ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ نے کہاکہ پاکستان میں غذائی قلت،موٹاپے، ذیابیطس سمیت دیگر امراض کی وجہ غذا میں اعتدال کا نہ ہونا ہے، ملک میں ناصرف بچے بلکہ بڑے بھی موٹاپے کا شکار ہو رہے ہیں، غذائیت کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ بنتی جارہی ہے، کمزور اور کم وزن بچوں کی پیدائش سمیت قوت مدافعت میں کمی جیسے مسائل بھی بڑھ رہے ہیںاور یہ مسائل سنگین سب سے زیادہ صوبہ سندھ کے علاقے تھر پارکر میں سامنے آرہے ہیں، ہمیں ان مسائل پر توجہ دینا ہوگی، عوام کو آگاہی دینا ہوگی تاکہ صحت عامہ میں بہتری لائی جاسکے،ا س موقع پر پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کو ان مسائل کےتدارک اور دیگر نیوٹریشن پروجیکٹس کیلئے جامعہ کیساتھ شراکت داری کی پیشکش بھی کی۔ قبل ازیں پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کی صدر فائزہ خان نے کہاکہ ملک میںایک طرف بہت بڑی آبادی کو غذائی قلت کا سامنا ہے تو دوسری جانب آبادی کے ایک بڑے حصے میں مائیکرو نیوٹری اینٹس یعنی وٹامن کی کمی دیکھی جارہی ہے۔ نائب صدر ڈاکٹر رومانہ اقبال نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان میں بچوں میں غذائی قلت سب سے زیادہ ہے۔