• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھمکیاں دی جارہی ہیں، خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہوں، نزہت پٹھان


تحریک انصاف کی ناراض رکن قومی اسمبلی نزہت پٹھان نے کہا ہے کہ مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں، خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہوں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں نزہت پٹھان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میرے ایم این ایز بِک گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز بک گئے ہیں تو آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

پی ٹی آئی کی ناراض رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ہمیں کسی نے اغوا نہیں کیا، ہم اپنی مرضی سے اپنےگھروں میں بیٹھے ہیں۔

اُن کاکہنا تھا کہ سندھ کے ایم این ایز کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں فہمیدہ مرزا اور شہزاد اکبر بھی تھے۔

نزہت پٹھان نے یہ بھی کہا کہ فہمیدہ مرزا نےکہا مجھ پر نیب کے کیسز ہیں، آپ شہزاد اکبر سے کہیں نیب میرے کیسز فالو نہ کرے۔

انہوں نے دعویٰ سے کہا کہ فہمیدہ مرزا نےکہا نیب کا دباؤ مجھ پر ہوگا تو پیپلز پارٹی کے خلاف کام کیسےکرسکتی ہوں، خان صاحب نے شہزاد اکبر سےکہا جیسے فہمیدہ مرزا کہ رہی ہیں ویسےکریں۔

پی ٹی آئی کی ناراض ایم این اے نے مزید کہا کہ میں حیران ہوئی ایک پارٹی جو کرپشن کے خلاف لڑکر یہاں تک پہنچی، وہ کیسے ایسا کرسکتے تھے۔

اُنہوں نے استفسار کیا کہ ایک طرف ایک ایم این اے پر اعتراضات تھے اور نیب کیسز کو ڈیل کررہا تھا، خان صاحب نیب کو کیسے روک سکتے تھے؟

نزہت پٹھان نے کہا کہ وہاں مجھے پتہ چلا یہ ان کی پسند اور ناپسند ہے کس کو نیب میں ڈالنا ہے اور کس کو نہیں، بشیر میمن کے انٹرویو پر بھی مجھے احساس ہوا یہ کافی حد تک صحیح کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں،  یہی وجہ ہے کہ میں خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہوں۔

قومی خبریں سے مزید