• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے قبل از وقت الیکشن کا اشارہ دیدیا


وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں قبل از وقت اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن کے پاس ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی انکے بندے ہیں، اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس گئی ہے، کوئی کہیں نہیں جارہا، عثمان بزدار کے جانے کی باتیں بھی افواہیں ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم تاریخ کا عظیم جلسہ 27مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے جلسے کی درخواست نہیں ملی، ن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے، کل کوئی شرارت ہوجائے تو وزارت داخلہ ذمےدار نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے سوشل میڈیا پر فوج ، عدلیہ کیخلاف بولنے والوں کیخلاف فوراً کارروائی کریں۔

آج کے بعد سے آپ اچھی خبریں سنیں

انہوں نے کہا کہ آج کے بعد سے آپ اچھی خبریں سنیں، حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے، اتحادیوں سے پوری امید ہے، پاکستان کی عدلیہ دور اندیش اور صاحب علم عدلیہ ہے، خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی ہمیں ڈس چکی تھی، 25 مارچ کو صرف دعائے خیر ہوگی، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عثمان بزدار کہیں نہیں جارہےوہ بھی میری طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی دیر سے فیصلہ کرتے ہیں اچھی بات ہے سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔

بلاول کے ابھی دودھ کے دانت بھی نہیں ٹوٹے

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، ہمارے پاس جو اپوزیشن کےلوگ ہیں وہ ذمےدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھ رہے ہیں پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہیں، ایسا نہیں، بلاول کے ابھی دودھ کے دانت بھی نہیں ٹوٹے۔

پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے رائے دی تھی سندھ میں ایمرجنسی، گورنر راج لگایا جائے، عمران خان نے دونوں مسترد کی،  پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کےساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں ایمرجنسی کا حامی تھا لیکن اب بات آگے بڑھ گئی ، اس بات کا حامی تھا کہ گورنر راج لگایا جائے مگر عمران خان نے میری تجاویز رد کردیں۔

ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے

عمران خان نے کہا کہ کہاں گئے وہ لوگ جولندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتے تھے، ادارے کبھی نہیں بھولتے، ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے، انہوں نے عمران خان کو دوبارہ زندہ کردیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید