• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا سستی ہونے سے رش، طلب و رسد کا مسئلہ بھی درپیش

لاہور کے یوٹیلٹی اسٹورز پر کہیں آٹا تو کہیں گھی غائب ہے، جہاں تمام چیزیں دستیاب ہیں، وہاں خریداروں کی طویل قطاریں لگی نظر آتی ہیں۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی آٹے اور چینی کی قیمتیں کم تو کر دیں، تاہم یہ اشیا عوام کو ملنی بھی چاہئیں۔ 

نئی وفاقی حکومت کا عوام کیلئے ریلیف پیکیج آتے ہی یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی کی قیمتیں کم کردی گئیں، جس کے بعد نہ صرف یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداروں کا رش بڑھ گیا بلکہ سپلائی اور ڈیمانڈ کے فرق کی وجہ سے چیزوں کی عدم دستیابی کی شکایات بھی ملنے لگیں۔

شہریوں کا کہنا ہےکہ کسی یوٹیلیٹی اسٹور پر آٹا موجود نہیں، تو کہیں گھی غائب ہے، جہاں یہ چیزیں مل رہی ہیں، وہاں خریداروں کی طویل قطاریں لگی رہتی ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا یوٹیلیٹی اسٹور تو تالے لگاکر بند ہی کردیا گیا، اسٹور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پچھلے 6 روز سے آٹے کی سپلائی نہیں آئی، گھی بھی نہیں مل رہا۔ شادمان یوٹیلیٹی اسٹور پر خریداروں کا رش ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کے بغیر سبسڈی والی اشیا نہیں دی جارہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ لاہور کی 399 رجسٹرڈ دکانوں پر روزانہ 56 ہزار 10 اور 20 کلو والے آٹے کے تھیلے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید