• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا پی ٹی آئی لانگ مارچ روکنے کا فیصلہ


حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر غیرقانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔


اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے امن و امان کی صورتحال اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، اعظم نذیر تارڑ اور ریاض پیرزادہ شریک ہوئے۔

 امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اجلاس میں فیصلہ

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ  مفاد عامہ کیلئے تمام راستے کھلے رکھیں گے، کسی قسم کے تشدد یا اشتعال انگیزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من وعن عملدرآمد ہوگا۔

ایسے ہتھکنڈے معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں، ایسے دھرنوں سے معیشت خراب اور دیہاڑی دار مزدور متاثر ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا تھا۔

ذرائع کا بتانا تھاکہ آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کر کے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پی ٹی آئی پرامن مارچ کرے گی تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، حکومت

پی ٹی آئی کے مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا، تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پرامن مارچ کرے گی تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، اس سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں، عمران خان

عمران خان نے واضح پیغام دیا کہ نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں۔ بیورو کریسی کو بھی دھمکی دی کہ کوئی غیر قانونی کام کیا تو ایکشن لیں گے۔

حکومت کا  پی ٹی آئی کا جلد انتخابات کا مطالبہ ماننے سے انکار

دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کا جلد انتخابات کا مطالبہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیاہے،یہ فیصلہ اتحادی حکومت کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں لیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سیاسی رہنماؤں میں مشاورت ہوئی تھی، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ قبل ازوقت انتخابات نہیں کرائے جائیں گے، حکومت 2023ء تک اپنی مدت پوری کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید