دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کُوچ کرجانے والے معروف بھارتی گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کی بیٹی نے والد کے لیے جذباتی پیغام جاری کردیا۔
گلوکار کے کے کی بیٹی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے والد کی آخری رسومات کی تفصیلات شیئر کیں۔
اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں والد کے لیے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’میں آپ سے ہمیشہ پیار کروں گی۔‘
گلوکار کی آخری رسومات آج ممبئی میں ادا کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار، منگل 31 مئی کو، کولکتہ میں ایک شو سے واپسی کے بعد، نیو مارکیٹ تھانے کے علاقے کے تحت واقع گرینڈ ہوٹل میں گر گئے تھے اور اُنہیں شہر کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کے کے کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔
انہوں نے بلاک بسٹر فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘، فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘، فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘ بھی گایا ہے، جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔
دہلی میں پیدا ہونے والے کے کے لائیو شوز کے دوران اپنی پرفارمنس کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔