محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے صوبے میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
صوبائی وزیر عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر کے صوبے میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔
صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق علی امین گنڈاپور اور مقبول گجر کے 15 تا 18 جولائی پنجاب میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضمنی الیکشن میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کے صوبے میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔
صوبائی وزیر عطا اللّٰہ تارڑ نے اس حوالے سے کہا کہ قانون، بدامنی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔