• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کیا، مزید ریلیف بھی دینگے، وزیراعظم

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نےعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا، مزید ریلیف بھی دیتے رہیں گے، میں عوام سے ہمیشہ سچی بات کرنے پر یقین رکھتا ہوں،جیسے ہی مزید معاشی گنجائش پیدا ہوگی ہم عوام کو ریلیف پہنچاتے رہیں گے، وزیراعظم نے گذشتہ روز اپنے سوشل میڈیا بیان میں انہوں نے یقین دلایا کہ جیسے ہی مزید معاشی گنجائش پیدا ہوگی ہم عوام کو ریلیف پہنچاتے رہیں گے،میں عوام سے ہمیشہ سچی بات کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ دریں اثناء ترکیہ کے یوم جمہوریہ و قومی یکجہتی کے موقع پر بیان میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ کا یوم جمہوریہ و قومی یکجہتی عوام کی طرف سے صدر ایردوان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ دن ترک قوم کی طرف سے جمہوریت کے تحفظ اور بالادستی کے عزم کا بھی اظہار ہے۔دریں اثناء وزیراعظم نے مصر اور پاکستان کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری ، توانائی، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ جمعہ کو وزیراعظم سے مصرکے سفیر طارق داروگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری ، توانائی، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے ان کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب دلائی ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ مصر کی قیادت ان کی کوپ27 میں شرکت کی منتظر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر فتح السیسی کےلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
اہم خبریں سے مزید