بات چیت: عالیہ کاشف عظیمی
عالمی ادارۂ صحت کے زیرِ اہتمام ہر سال دُنیا بَھر میں 28جولائی کو ’’ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے‘‘ منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ہر سطح تک مرض کے متعلق شعور اُجاگر کرنا ہے، تاکہ ہیپاٹائٹس کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پایا جاسکے۔ ہر سال اس دِن کے لیے کوئی نہ کوئی تھیم یا سلوگن منتخب کیا جاتا ہے۔ اِمسال کا تھیم '"I can't wait"ہے۔ یعنی’’مَیں انتظار نہیں کرسکتا‘‘۔
دُنیا بَھر سمیت پاکستان میں بھی ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،جس کی بنیادی وجوہ میں آگاہی کا فقدان، احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا اور معاشرے میں رائج کچھ غلط تصوّرات، مفروضات پر عمل وغیرہ شامل ہیں۔ سو، اس مناسبت سے ہم نے معروف گیسٹرو انٹرولوجسٹ / ہیپاٹولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیغم عباس سے تفصیلی بات چیت کی۔
ڈاکٹر ضیغم عباس نے ایم بی بی ایس کے بعد ایف سی پی ایس، ایف آر سی پی، ایف آر سی پی آئی، ایف اے سی پی، ایف اے سی جی اور اے جی اے ایف کی ڈگریز حاصل کیں۔ اس وقت ڈاکٹر ضیاء الدین یونی ورسٹی، اسپتال، کلفٹن ،کراچی کے شعبےہیپاٹو-گیسٹرو اینٹرولوجی کے سربراہ ہیں اور ساتھ ہی تدریس کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں۔
نیز،لیور ٹرانس پلانٹیشن پروگرام کے ڈائریکٹربھی ہیں۔ پاکستان سوسائٹی فار دی اسٹڈی آف لیور ڈیزیز (PSSLD) کے سابق صدر، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز ،پاکستان میں فیکلٹی آف گیسٹرو اینٹرولوجی کے ممبر،سابق ڈین اور امریکن کالج آف گیسٹرو اینٹرولوجی فار پاکستان کے سابق گورنر ہیں۔ ورلڈ گیسٹرو اینٹرولوجی آرگنائزیشن (WGO) کی گائیڈ لائنز کمیٹیز اور ہیپاٹولوجی انٹرسٹ گروپ کے رُکن بھی ہیں، تو ہیپاٹولوجی انٹرنیشنل کے ایسوسی ایٹ ایڈیٹر بھی۔
نیز، اکیڈمک بورڈ کے ممبر، کڈنی سینٹر پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور آغا خان یونی ورسٹی کے اعزازی سینئر لیکچرار کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔ نیز، 250 سے زائد تحقیقی مقالہ جات کے مصنّف ہیں، تو کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کرچُکے ہیں۔ ڈاکٹر ضیغم عباس سے ہونے والی گفتگو کی تفصیل ملاحظہ فرمائیں۔
س: سب سے پہلے تو ہیپاٹائٹس کی اقسام اورمحرّکات و عوامل پر کچھ روشنی ڈالیے؟
ج: ہیپاٹائٹس، جگر کی سوزش کا عارضہ ہے ،جس کی کئی اقسام ہیں۔ اس کی ایک قسم وائرل ہوتی ہے، جس میں مختلف وائرسز شامل ہیں، جو ہیپاٹائٹس اے، بی، سی ، ڈی اور ای کا سبب بنتے ہیں، جب کہ ایک قسم Steatohepatitis ہے، جو فیٹی لیور اور جگر کی سوزش کا باعث بنتی ہے۔ اسے فیٹی لیور ہیپاٹائٹس بھی کہا جاتا ہے۔
ہمارے یہاں وائرل ہیپاٹائٹس کی پانچوں اقسام کے ساتھ یہ قسم بھی عام ہے۔ہیپاٹائٹس کی ایک قسم ،جسے طبّی اصطلاح میں الکحلک ہیپاٹائٹس (Alcoholic hepatitis) کے نام سے موسوم کیا گیا ہے، الکحل کے استعمال سے لاحق ہوجاتی ہے۔ ایک قسم Drug-Induced Hepatitis ہے، جسے ڈی آئی ایل آئی (Drug Induceed Liver Injury) بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بعض موروثی بیماریاں مثلاً Wilson's diseaseاورHemochromatosisبھی جگرکے افعال بگڑجانے کے نتیجے میں ہیپاٹائٹس کا سبب بن سکتی ہیں۔
س: ہیپاٹائٹس اے اور ای سے بچائو کی کیا صُورت ہوسکتی ہے؟
ج: ہیپاٹائٹس اے اور ای کے وائرسز پاخانے میں پائے جاتے ہیں اور کسی بھی ذریعے سے منہ کے راستے جسم میں داخل ہو کر جگر تک رسائی حاصل کرلیتے ہیں، جیسا کہ رفعِ حاجت کے بعد اچھی طرح ہاتھ نہ دھوئے جائیں یا آلودہ پانی، ناقص ،غیر معیاری بازاری کھانے پینے کی ایسی اشیاء استعمال کی جائیں، جو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار نہ کی گئی ہوں۔ ان دونوں وائرسز سے بچائو کی صُورت یہی ہے کہ صفائی ستھرائی کے دیگر اقدامات سمیت رفعِ حاجت کے بعد ہاتھ بہت اچھی طرح سے دھوئے جائیں، پینے کے لیے صاف پانی استعمال کریں، کھاناحفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق پکائیں اور ہیپاٹائٹس اے کی ویکسین لگوائیں، خاص طور پر وہ افراد، جن کی قوّت مدافعت کم زور ہو یا وہ دِل، جگر یا پھیپھڑوں کے کسی مرض کا شکار ہوں۔
ہمارے یہاں اکثر بچّے ہیپاٹائٹس اے کا شکار ہوکر صحت یاب بھی ہو جاتے ہیں اور پتا بھی نہیں چلتا۔ اس لیے بعض افراد کاخیال ہے کہ ہیپاٹائٹس اے کی ویکسی نیشن ضروری نہیں،لیکن اب چوں کہ ہمارے یہاں ہیپاٹائٹس اے کے کیسز 20 برس یا اس سے زائد عُمر میں بھی رپورٹ ہورہے ہیں، تو بہتر یہی ہے کہ ویکسی نیشن کروالی جائے۔
یاد رکھیے، اگر ہیپاٹائٹس اے بچپن میں لاحق ہوجائے، تو عموماً کسی خاص پیچیدگی کا باعث نہیں بنتا، لیکن نوجوانی یا بڑھاپے میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اب ہمارے پاس ہیپاٹائٹس ای کی بھی ویکسین دستیاب ہے،جو جگر کے عارضے، خصوصا سروسز میں مبتلا مریضوں کو لگائی جاتی ہے، تاکہ وہ پیچیدگیوں کا شکار نہ ہو سکیں۔
س : ہیپاٹائٹس بی کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہ کیا ہیں اور کیا یہ مرض قابلِ علاج ہے؟
ج: ہیپاٹائٹس بی کاوائرس مریض کی جسمانی رطوبت، تھوک اور خون میں پایا جاتا ہے اور ان تینوں ذرائع سے کسی تن درست فرد کےجسم کے اُس حصّے سے، جہاں کوئی معمولی سا زخم یا خراش ہو، داخل ہوکر اُسے اپنا شکار بنالیتا ہے۔ اس وائرس کے پھیلنے کی وجوہ میں سرِفہرست انتقال ِخون اورغیر محفوظ سرنجز ہیں۔ اس کے علاوہ آلاتِ جرّاحی کا اسٹرلائیز نہ ہونا، جِلد پر نقش و نگار بنوانا، استعمال شدہ ریزرز کا استعمال، غیر محفوظ طریقے سے کان، ناک چھدوانا یا جنسی بے راہ روی بھی منتقلیٔ مرض کی وجہ بن سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں، اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک ہیپاٹائٹس بی یا سی سے متاثر ہو، تو دوسرا بھی اس مرض میں مبتلا ہوسکتا ہے۔کئی بلڈ بینکس اپنے ڈونرز کا صرف ایک بار ہی بلڈ ٹیسٹ کرتے ہیں(ہر بار خون عطیہ کرنے پر نہیں کرتے)، تو یہ عمل بھی ہیپاٹائٹس بی کے پھیلائو کا سبب بن رہا ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ طبّی عملہ ہر نئے مریض کے لیےدستانے تبدیل نہیں کرتا۔اگر خدانخواستہ دستانے پر کسی مریض کا خون یا رطوبت لگ جائے، تومرض کسی دوسرے فرد میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔
بعض کیسز میں ملٹی ڈوز وائل (Multi dose vial) بھی سبب بن جاتےہیں۔ کئی اسپتالوں، کلینکس وغیرہ میں حاملہ خواتین کا ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ نہیں کیا جاتا ،حالاں کہ اگر حاملہ ہیپاٹائٹس بی کا شکار ہو،تونومولود کے اس مرض سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔واضح رہے،ماں سے بچّے میں مرض منتقل ہونے کا انحصار وائرسز کی تعداد پر ہے۔ اگر حاملہ میں وائرسز کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہو، تو نومولود کے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔تاہم، اب حاملہ میں وائرسز کی تعداد چاہے کم ہو یا زیادہ نومولود کو پیدایش کے پہلے ہی دِن ہیپاٹائٹس بی امیونوگلوبین کا ٹیکا لگانےکے ساتھ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسی نیشن بھی کر دی جاتی ہے،تاکہ مرض سے تحفّظ حاصل ہوسکے۔
بعض کیسز میں ہیپاٹائٹس بی سے متاثر حاملہ میں وائرس کی تعداد کم کرنے کے لیے دورانِ حمل علاج شروع کردیا جاتا ہے،تاکہ بچّے میں مرض منتقل ہونے کے امکانات کم کیے جاسکیں۔ ہمارے یہاں یہ مفروضہ خاصا عام ہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی قابلِ علاج نہیں، حالاں کہ یہ دونوں ہی قابل علاج ہیں، بشرطیکہ علاج میں تاخیر نہ ہو۔ ہیپاٹائٹس بی کی ادویہ کئی برس تک استعمال کی جاتی ہیں،جب کہ ہیپاٹائٹس سی کے علاج کا دورانیہ تین مہینے یعنی 12 ہفتے پر مشتمل ہے، لیکن بعض کیسز میں علاج کا دورانیہ ڈبل یعنی24ہفتے بھی ہوجاتا ہے۔
س : ہیپاٹائٹس سی سے متعلق بھی تفصیلاً بتائیں اور یہ بھی کہ جو مریض باقاعدگی سے ادویہ استعمال نہیں کرتے، وہ کس قسم کے خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں؟
ج: اس وقت ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ مُمالک میں چین سرِفہرست ہے، تو پاکستان دوسرے نمبر پر شمار کیا جاتا ہے۔ ایک محتاظ اندازے کے مطابق پاکستان میں4.5فی صد یعنی ایک کروڑ افراد میں ہیپاٹائٹس سی کا وائرس موجود ہے، جن میں سے 80 لاکھ مریضوں میں یہ غیر تشخیص شدہ ہے۔اگر ہم نے ہیپاٹائٹس سی کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانا ہے، تو ہمیں سب سے پہلے ان لاکھوں مریضوں کو تلاش کرنا ہوگا، جو اپنے مرض سے لاعلم ہیں کہ ان ہی کی وجہ سےمرض صحت مند افراد میں بھی منتقل ہورہا ہے۔
اس کے علاوہ ہمارے یہاں غیر ضروری انجیکشنز اور ڈرپس لگوانے کا رجحان بھی زیادہ پایا جاتا ہے، تو اس کلچر کی بھی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔دَورِ جدید میں ہیپاٹائٹس سی کے لیے جوادویہ متعارف کروائی گئی ہیں، وہ 95فی صد مؤثر ثابت ہورہی ہیں۔ واضح رہے، جو مریض باقاعدگی سے ادویہ استعمال نہیں کرتے، درحقیقت اپنے ساتھ دشمنی کررہے ہوتے ہیں کہ مکمل اور بہتر علاج کی بدولت نہ صرف جگر کے سکڑ نے اور جگر کے سرطان کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، بلکہ کئی اور پیچیدگیوں سے بھی تحفّظ حاصل ہوجاتا ہے۔
س : ہیپاٹائٹس ڈی کیوں لاحق ہوتا ہے اور کن کن افراد میں زیادہ دیکھا جاتا ہے؟
ج: ہیپاٹائٹس ڈی صرف اُن ہی مریضوں کو متاثر کرتا ہے، جنہیں ہیپاٹائٹس بی لاحق ہو۔ بعض اوقات ہیپاٹائٹس بی اور ڈی ایک ساتھ متاثر کرتے ہیں، اسے طبّی اصطلاح میں Coinfection کہا جاتا ہے۔ اس طرح کی صُورتِ حال مریض کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، لیکن بروقت علاج کی بدولت صحت یابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ عام طور پر 90فی صد کیسز میں مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں۔بعض کیسز میں مریض پہلے ہیپاٹائٹس بی سے متاثر ہوتا ہے اور اسی دوران ہیپاٹائٹس ڈی بھی حملہ آور ہوجاتا ہے۔
اس طرح کے کیسز سُپرانفیکشن کہلاتے ہیں،جن میںChronicityکےخطرات بڑھ جاتے ہیں اور 80فی صد امکانات اس بات کے پائے جاتے ہیں کہ اب کسی صُورت وائرس ڈی سے نجات ممکن نہیں۔ ہیپاٹائٹس ڈی کی پیچیدگیوں میں لیورسروسز یعنی جگرکا سکڑ نا،خون کی اُلٹیاں، پیٹ میں پانی جمع ہونا، بے ہوشی کے حملے، گُردے ناکارہ ہوجانا اور جگر کا سرطان شامل ہیں۔ اس وقت اندرون سندھ میں زیادہ ترنوجوان ہیپاٹائٹس ڈی کا شکار ہورہے ہیں، جن کی عُمریں20 سے 30 برس کے لگ بھگ ہیں۔
کم عُمری ہی میں ان کا جگر خراب ہوجاتاہے اور جگر کی پیوندکاری یعنی ٹرانس پلانٹ کی ضرورت پیش آتی ہے۔ پاکستان، خصوصاً بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں ہیپاٹائٹس ڈی سُپرانفیکشن کی شرح بُلند ہے۔ مشاہدے میں ہے کہ بعض کم سن بچّے حجام سے ختنے کروانے یا حجامت بنوانے کے نتیجے میں ہیپاٹائٹس بی کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یاد رہے، اگر ہیپاٹائٹس بی بچپن میں لاحق ہوجائے ،توپھر تاعُمر اس وائرس سے نجات نہیں ملتی، البتہ نوجوانی میں متاثر ہونے والوں میں بحالیٔ صحت کی شرح 95 فی صد پائی جاتی ہے، جب کہ career Rate 5فی صد ہے۔اگر ہیپاٹائٹس بی نوزائیدہ کو ہو تو 90 فی صد امکانات پائے جاتے ہیں کہ یہ وائرس طویل عرصے تک لاحق رہےگا، اسی لیے پیدایش کے پہلے سال ہیپاٹائٹس بی کی ویکسی نیشن ضروری ہے، تاکہ بی اور ڈی دونوں سے محفوظ رہا جائے۔ فی الوقت دُنیا بَھر میں برتھ ڈوز ویکسین متعارف کروائی جارہی ہے، پاکستان میں برتھ ڈوز ویکسین کی سہولت چند مخصوص اسپتالوں ہی میں دستیاب ہے۔تواس ضمن میں نجی اور سرکاروں اسپتالوں میں مزیدکام کی اشد ضرورت ہے۔
س : عالمی یوم کی امسال کی تھیم "I can't wait"ہے، تو اس سے کیا مُراد ہے؟
ج: دیکھیں، ہیپاٹائٹس کے پھیلائو کی شرح پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام الناس میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ کا رجحان پیدا کیا جائے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت دُنیا بَھر میں 325 ملین افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار ہیں، جن میں سے 255 ملین ہیپاٹائٹس بی اور 70 ملین ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہیں۔ ان میں سے ہیپاٹائٹس بی کے 10 فی صد اور ہیپاٹائٹس سی کے 20 فی صد مریض اپنے مرض سے متعلق جانتے ہیں، جب کہ دیگر افراد کو علم ہی نہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہوچُکے ہیں، جس کی بنیادی وجہ آگاہی کا فقدان اور اسکریننگ نہ کروانا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق کم اور درمیانی آمدنی والے مُمالک میں ویکسین، تشخیص، تعلیم و آگاہی اور علاج کے ذریعے 4.5 ملین افراد کی قبل از وقت اموات کو روکا جاسکتا ہےاور اگر ہیپاٹائٹس کے نئے کیسز میں90فی صد کمی لے آئیں، تو شرحِ اموات میں65فی صد کمی لائی جاسکتی ہے۔ تو یہ تھیم منتخب کرنا کا مقصد بھی یہی ہے کہ عوام النّاس میں ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کا فوری رجحان پیداکیا جائے ، نہ کہ علامات یا پیچیدگیاں ظاہر ہونے کا انتظار کیا جائے۔
س: اگرجگر میں چربی جمع ہوجائے تواس کےجسم پرکس قسم کے مضر اثرات مرتّب ہوتے ہیں؟
ج: دُنیا بَھر میں ہیپاٹائٹس بی اور سی پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن فیٹی لیور کے حوالے سے کوئی خاص پیش رفت دیکھنے میں نہیں آرہی، حالاں کہ اس وقت دُنیا بَھر سمیت پاکستان میں بھی جگر کے عوارض میں فیٹی لیور سرفہرست ہے۔ زیادہ تر وہ افراد، جو سینٹرل اوبیسٹی یا ذیابطیس کے شکار یا ذیابطیس کی بارڈر لائن پر ہیں،فیٹی لیور کا شکار ہورہے ہیں۔ دراصل ہمارے یہاں انسولین مزاحمت کی وجہ سے فیٹی لیور کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔
فیٹی لیور کے مضر اثرات کا ذکر کریں، توزیادہ تر مریضوں میں انسولین ریزٹینس بڑھ جاتی ہے، تو Steatohepatitis کی علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں۔جگراس حد تک متوّرم ہوجاتا ہے کہ سروسز کا عمل شروع ہوجاتا ہے اور سروسز کے نتیجے میں خون کی اُلٹیوں، پیٹ میں پانی جمع ہونے اور جگر کے سرطان کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
فیٹی لیور کے زیادہ تر مریض جگر کی خرابی کے عمل سے دوچار نہیں ہوتے، البتہ سروسز کے نتیجے میں کئی پیچیدگیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اس مرض سے محفوظ رہنے کے لیے طرزِزندگی میں تبدیلی بہت ضروری ہے۔ اس طرح جو مریض ذیابطیس میں مبتلا ہیں، وہ اپنے مرض کا باقاعدگی سےعلاج کروائیں، تاکہ فیٹی لیور کے امکانات ختم ہوسکیں۔
س: اس وقت علاج کے جدید ترین طریقے کون کون سے رائج ہیں اور سب سے مستند طریقۂ علاج کیا ہے؟
ج: چوں کہ جگر کے مختلف امراض ہیں، تو علاج کے طریقۂ کار بھی الگ الگ ہیں۔ جیسا کہ وائرل ہیپاٹائٹس کے علاج کے لیے مؤثر ترین ادویہ دستیاب ہیں، تو بعض وائرسز سے بچائو کی ویکسینز بھی موجودہیں۔ اگر فیٹی لیورمیں جگر، خرابی کے عمل سے دوچار ہوجائے، تو اس کے لیے تاحال کوئی مؤثر طریقۂ علاج دریافت نہیں ہوا، البتہ بعض ادویہ کے استعمال اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی کے ذریعے فیٹی لیور سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
خون کی اُلٹی روکنے کے لیے اینڈواسکوپی مؤثر ہے۔ اس طرح جگر کے سرطان کے علاج کے لیے ٹی اے آر ای (Trans arterial radio embolization)، ٹی اے سی ای (Transarterial chemoembolisation)اورCheckpoint inhibitors جیسے جدید طریقۂ علاج بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ پھر لیور ٹرانس پلانٹ بھی مؤثر طریقہ علاج ہے اور اب پاکستان میں بھی جگر کی کام یاب پیوند کاری کی جارہی ہے۔
س: ہمارے یہاں ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام تو موجود ہے، لیکن فعال نہیں، تو اس میں بہتری کس طرح لائی جاسکتی ہے؟
ج: دیکھیں، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام میں بہتری کے لیے سب سے پہلے تو مریضوں کاڈیٹا جمع ہونا چاہیے تاکہ درست تعداد کے پیشِ نظر منصوبہ بندی کی جائے۔ اس کے علاوہ مریضوں کی اسکریننگ، علاج معالجے کی رسائی سہل کرنے سمیت عوامی آگاہی کے پروگرامز بھی ضروری ہیں۔
س : دیکھا گیا ہے کہ گاؤں دیہات ہی نہیں، شہروں میں بھی اس مرض کو کچھ زیادہ سنجیدہ نہیں لیا جاتا، تو عالمی یوم کی مناسبت سے آپ کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟
ج: اگر آپ خود میں یا اپنے کسی عزیز میں کوئی غیر معمولی علامات محسوس کریں، تو معالج کے مشورے سے ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ کروائیں۔ اگر خدانخواستہ رپورٹ پازیٹو ہو، تو فوری طور پر علاج شروع کریں۔ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین عُمر کے کسی بھی حصّے میں لگوائی جاسکتی ہے، وہ لازماً لگوائیں۔ طرزِ زندگی مثبت اور سادہ ہو۔
کوئی بھی قسم کا انجیکشن لگوانے کی صُورت میں یہ تسلی کرلیں کہ سرنج بالکل نئی ہو، شیو یا حجامت بنواتے وقت ہمیشہ نئے بلیڈ کے استعمال پر زور دیں۔ طبّی عملہ سرجیکل آلات جراثیم کُش طریقے سے اسٹرلائیز کرے۔ عطیہ کردہ خون کی مناسب جانچ کروائیں اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔