بھارت کے ایک سرکاری اسکول کے طلبہ کے ایک گروپ کی بغیر کسی وجہ کے رونے اور چیخنے کی ایک چونکا دینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
اس ویڈیو میں ایک سرکاری اسکول کےطلبہ کے ایک گروپ کو بغیر کسی وجہ کے اپنے سر پیٹ کر زار و قطار روتے اور چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس واقعے نے والدین، اساتذہ اور اسکول حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، جبکہ طبی ماہرین کی ٹیم نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
اس اسکول کی ہیڈ وملا دیوی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان طلبہ کے روّیے میں پہلی بار تبدیلی گزشتہ ہفتے منگل کے روز دیکھی گئی اور پھر جمعرات کو یہ واقعہ دوبارہ پیش آیا جب یہ لڑکیاں کانپ رہی تھیں اور زور زور سے چیخیں مار رہی تھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس وقعے کے بعد فوری طور پرطلبہ کے والدین اور ایک مقامی پنڈت کو بھی طلب کیا گیا اور پھر صورتحال قابو میں آئی۔
ابھی تک اس واقعے کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی ہے، لیکن ماہرین کے مطابق ایسے واقعات ’ماس ہسٹیریا‘ کی وجہ سے بھی پیش آتے ہیں۔
ماس ہسٹیریا کیا ہے؟
’ماس ہسٹیریا‘ ایسی صورتحال کو کہتے ہیں جب لوگ اجتماعی طور پر کسی حقیقی یا خیالی چیز سے خطرہ محسوس کرتے ہیں اور خوف کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی وہم محسوس کرتے ہیں۔
ایک امریکی ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق، طبّی طور پر ’ماس ہسٹیریا‘ کی علامت لوگوں کے کسی ایک گروپ کے درمیان غیر معمولی روّیوں، خیالات اور احساسات کا پھیلنا ہے، اور فی الحال اس بیماری کا کوئی طبّی علاج نہیں ہے۔