بات چیت: عالیہ کاشف عظیمی
علّامہ اقبال نے کہا تھا ؎ ’’افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر…ہر فرد ہے ملّت کے مقدر کا ستارہ ‘‘، تو واقعی ہر دَور میں دھرتی کے اُفق پر ایسے کچھ روشن، چمکتے دمکتے ستارے ضرور نمایاں ہوتے ہیں، جو مُلک کے بناؤ سنوار میں اپنا کردار پوری ایمان داری سے ادا کرتے ہیں۔ ان ہی روشن و رخشاں ناموں میں ایک نام خوش بخت شجاعت کا بھی ہے۔ خوش بخت، بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئیں اور محض چھے ماہ کی عُمر میں اپنے والدین، بہن بھائیوں کے ساتھ پاکستان ہجرت کی سعادت حاصل کی۔
ہجرت کی کٹھنائیاں جھیل کے نعمتِ آزادی حاصل کرنے والے والدین نے اُن کی گُھٹیّ میں دھرتی کی محبّت کچھ یوں کُوٹ کُوٹ کے بَھری کہ پھر انہوں نے عُمر بَھر کے لیے مُلک و قوم کی خدمت ہی کو اپنا نصب العین بنالیا۔ اور اُن کی اِن بیش بہا خدمات ہی کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی طرف سے اُنہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ وہ گزشتہ25 برس سے’’کڈز یونی ورسٹی اسکول‘‘ کے ذریعے نسلِ نو کو تعلیم و تربیت فراہم کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن(ویمن ونگ) کی صدر، جامعہ کراچی کی ممبر سینڈیکیٹ، پاکستان ایجوکیشن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ادارہ قلم دوست کی چیئر پرسن ہیں، جب کہ آرٹس کاؤنسل آف پاکستان، کراچی کی صدر بھی رہ چُکی ہیں۔ یاد رہے، انہیں آرٹس کاؤنسل کی واحد خاتون صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کے سیاسی کیرئیر کا ذکر کریں، تو 2008ء میں متحدہ قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم سے ایم این اے منتخب ہوئیں۔
مارچ 2015ء میں سینیٹر بنیں، جب کہ ایم کیو ایم کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کی رُکن بھی ہیں۔ چوں کہ وہ خود مُلکی سیاست کا حصّہ ہیں اور پاکستان میں کئی جمہوری و غیر جمہوری ادوار کی عینی شاہد بھی، تو ہم نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے خوش بخت شجاعت سے ایک خصوصی تفصیلی نشست کا اہتمام کیا، جس کا احوال نذرِقارئین ہے۔
س: اپنے آبائی گھر، خاندان، والدین اور بہن بھائیوں سے متعلق آپ مختلف انٹرویوز میں بہت کچھ بتا چُکی ہیں،آج ایک بار مختصراً ہمارے قارئین کے لیے بھی دہرا دیں؟
ج: ہر فرد کا بچپن اس کی زندگی کی بنیاد ہوتا ہے اورمیری اس بنیاد کی تعمیر کئی خوش نُما رنگوں، معلومات کے خزانوں اورشعوری علوم سے کی گئی ہے ۔ہم پانچ بہن بھائیوں میں میرا نمبر چوتھا ہےاور ہمارا گھرانہ روایتی، مشرقی اور صوفیانہ سوچ کا حامل ہے۔چوں کہ والد صاحب علی گڑھ یونی ورسٹی سے فارغ التحصیل تھے،تو اُس یونی ورسٹی کی جو ایک خاص تہذیب تھی، وہ اُن میں خُوب رچی بَسی ہوئی تھی۔ وہ اکثر فخر یہ بتاتے تھے کہ جب قائدِاعظم محمّد علی جناح علی گڑھ یونی ورسٹی آئے، تو انہوں نےدیگر طلبہ کے ساتھ مل کر اُن کی بگھی کھینچی تھی۔
ہمارے گھر میں تحریکِ پاکستان کی جدوجہدکی وہ تمام تصاویر آویزاں تھیں، جن میں والد صاحب نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا ۔ والدین کو حضورِ پاکﷺ اور حضرت علی ؓسے بےپناہ عشق تھا، جو عملی طور پر نظر بھی آتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے کبھی پتا ہی نہیں چلا کہ مَیں اہلِ تشیع ہوں یا سُنّی۔ مجھے بس یہ علم تھا کہ مَیں ایک سَچّے عاشقِ رسولؐ کی بیٹی اور پنجتن پاک کی ماننے و الی ہوں۔ ہم محرم بھی مناتے تھے اور ربیع الاوّل بھی۔ والدہ صوفی منش خاتون تھیں۔ انہوں نے ہمیںچھے، سات سال کی عُمر میں سورہ ٔیاسین، درود شریف، مختلف آیات، نعتیں وغیرہ یاد کروادی تھیں اور وقت کے ساتھ نام وَر علمائےکرام، علّامہ اقبال اور مولانا رومی کو بھی پڑھایا۔
امّی نے بچپن میں جو پہننے اوڑھنےکاسلیقہ سکھایا ،آج تک وہی برقرار ہے۔حالاں کہ مَیں میڈیا سے وابستہ تھی،جس کی ڈیمانڈز یک سرمختلف تھیں، لیکن مَیں نے ہمیشہ ہائی نیک اور فُل سلیوز کی قمیص کے ساتھ بڑا سا دوپٹا ہی اوڑھا ،کیوں کہ والدین کی تعلیم و تربیت کی بنیاد اس قدر مضبوط اور پائیدار تھی کہ شوبز کی چمک دمک کا سراب متاثر نہ کرسکا۔ پھر حضرت علیؓ کا قول ’’کلام کرو، تاکہ پہچانے جائو‘‘ بھی کچھ اس طرح ازبر کروادیا گیا تھا کہ ہمیشہ غیر ضروری باتوں کی بجائے فصاحت و بلاغت پر دھیان رہا۔ مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ والدین نے کبھی ہمیں ڈانٹا،نہ کسی کام سے منع کیا، اس کے باوجود ہم سارے اچھے طور اطوار سیکھتے رہے۔
دراصل، انہوں نے ہمارے گرد ایک نہ نظر آنے والا دائرہ کھینچ کر ہمیں اس بات کا شعور دے دیا کہ اگر اس سے آگے گئے، تو نقصان اُٹھاؤ گے۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ مجھے اداکاری کا شوق تھا، آفرز بھی تھیں، مگر مجھے پتا تھا کہ والد پسند نہیں کریں گے، سو مجھے جہاں تک پرواز کی اجازت تھی، اُسی دائرے میں اُڑان بَھری۔ والد نے کبھی یہ نہیں کہا کہ مَردوں کے ساتھ کام نہ کرو یا اُن سے بات نہ کرو۔ بس ایک ہی نصیحت کی کہ کبھی کچھ ایسا مت کرنا کہ والدین، خاندان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے اور مَیں نے ہمیشہ اُن کی اس نصیحت کا بھرم قائم رکھنے کی کوشش کی۔
س: آپ نے بھوپال میں جنم لیا، اپنے بچپن کاذکر کرتے ہوئے کیا کچھ یاد آتا ہے؟
ج: مَیں چھے ماہ کی تھی تو والدین ہجرت کرکے پاکستان آباد ہوگئے۔ پھر جب شعور کی دُنیا میں قدم رکھا تو گھر میں بے شمار کتابیں اور جدوجہدِ تحریکِ پاکستان سے متعلقہ تصاویر دیکھیں۔ بڑے بہن بھائیوں کی کتابیں بہت شوق سے پڑھتی تھی، تو اپنی عُمر سے پہلے ہی باشعور ہوگئی۔ میری والدہ پڑھی لکھی نہیں تھیں، لیکن وہ ایک جہاں دیدہ عورت تھیں۔
وہ اُس دَور کی خاتون تھیں، جب پردے کا اس قدر اہتمام کیا جاتا کہ کہار ڈولی میں بھی بھاری پتّھر رکھ دیتے تھے، تاکہ وزن کا پردہ رہے۔ اس کے باوجود انہوں نے اُس زمانے کے سب سے اعلیٰ طور طریقے خود بھی سیکھے اور ہمیںبھی سکھائے۔جب مَیں کوئی تقریر لکھتی، تو اکثرامّی موقع محل کی مناسبت سے اشعار یا مولانا رومی کے اقوال لکھوادیتی تھیں۔میرا تجربہ ہے کہ پڑھی لکھی جاہل ماں سے کم تعلیم یافتہ، تربیت یافتہ اور ذہنی طور پر باشعور ماں کہیں اچھی ماں ثابت ہوتی ہے۔
س: آپ کا بچپن کن حالات میں گزرا؟ دَورِ حاضر سے موازنہ کریں تو نسلِ نو کی تعلیم وتربیت میں کیا خُوبیاں، خامیاں دیکھتی ہیں؟
ج: مجھے اچھی طرح یاد ہے، ہمارے صرف سردی، گرمی، رمضان المبارک، عید یا شادی بیاہ وغیرہ کے مواقع پر نئے کپڑے بنتے تھے۔اُس دَور میں چاہے کوئی لباس ہو،کتاب یا کوئی اور چیز اُس کے استعمال کا احترام تھا، پھرعلم اور خدمتِ خلق کا بھی بہت شعور تھا۔ اکثر والدہ کم حیثیت خاندانوں کی بچیوں کو گھر بلوالیتی تھیں۔ وہ ہمارے ساتھ قرآنِ پاک پڑھتیں، کھیلتی کودتیں اور کھانا بھی ساتھ کھاتیں۔ اورآج کا بچّہ جب سو کر اُٹھتا ہے، تو ماں اُس کے آگے موبائل کردیتی ہے۔تو بات یہ ہے کہ ہماری ترجیحات بہت بدل گئی ہیں۔ میری والدہ ڈولی میں سفر کرتی تھیں اور اُن کی بیٹی کو ٹیلی ویژن پر پوری دُنیا دیکھتی تھی۔
دیکھا جائے تو زمانے میں تبدیلی تب بھی آرہی تھی، لیکن ہمارے بڑوں نے تعلیم کے ساتھ تہذیب کا سبق پڑھا کر ماڈرن دَور میں داخل کیا اور اولاد کو بہرحال اپنے اختیار میں رکھا،جب کہ آج کے والدین میں مجھے یہ بات نظر نہیں آتی۔ مَیں خود شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہوں۔ 25سال سے ایک اسکول چلارہی ہوں، تو مجھے لگتا ہے کہ ہمارے معاشرے کی ماں کہیں کھوگئی ہے۔ ماں وہ ہوتی ہے، جو بچّے کو ہروقت میسّر ہو۔ میرے کہنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اگر کوئی ماں ملازمت پیشہ ہے، تو وہ گھر بیٹھ جائے۔ مَیں تو خود ایک ایسی فیلڈ سے وابستہ تھی، جہاں مختلف اسائمنٹس وقت پر مکمل کرنے ہوتے تھے، لکھتی بھی تھی، انٹرویوز بھی کرتی تھی، مگر اس سب کے باوجود فیملی ہمیشہ میری پہلی ترجیح رہی۔
مَیں اپنے بچپن میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ جب اسکول سے گھر جاؤں گی، تو امّی موجود نہیں ہوں گی، البتہ میرا بچّہ یہ سوچتا تھا کہ شاید آج امّی گھر پر نہ ہوں۔اب یہ میری ذمّے داری تھی کہ مجھے اپنی کمی کیسے پورا کرنی ہے، تو اگر آج کے دَور کی مائیں بھی ایسی ’’تلافی‘‘ کی کوشش کریں، تو یقین جانیے، کہیں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوگی۔ پھر ہمارے دَور میں تعلیم کے ساتھ تربیت کو خاص اہمیت حاصل تھی، جس میں طور اطوار، اخلاقیات، ادب آداب، معلومات، گفتگو، مکالمہ، موازنہ وغیرہ سب کچھ آجاتا تھا۔ آج ہم نے اپنی نسل کو محض نصابی تعلیم تک محدود کردیا ہے اور یہ گریڈنگ سسٹم ہمارے معاشرے، ہماری تہذیب و ثقافت کو ڈی گریڈ کررہا ہے۔ہم لکیر کے فقیر بن گئے ہیں۔ تحقیق و جستجو، سیکھنے سکھانے، کچھ کر دکھانے کی لگن تو سِرے سے ختم ہی ہوکر رہ گئی ہے۔
س: آپ کے والد علی گڑھ یونی ورسٹی سے فارغ التّحصیل تھے، والدہ صوفی مزاج کی حامل، جنہوں نے آپ کو مولانا رومی اور فارسی کتب پڑھائیں، آپ جہیز میں ٹرافیز، ایوارڈز کے ٹوکرے لے کر گئیں، تو آپ کے خیال میں تعمیرِ وطن میں خواتین کی تعلیم و تربیت، نصابی، غیر نصابی سرگرمیوں کا کتنا حصّہ ہے؟
ج: یہ کہنا کہ ’’عورت ایک پوری نسل پروان چڑھاتی ہے‘‘ کتابی بات نہیں، سو فی صد حقیقت ہے۔ اگر خواتین تعمیرِ وطن میں اپنا فعال کردارادا کرنا چاہتی ہیں، تو اُنہیں نہ صرف اپنی ذمّے داریوں کاعلم ہونا چاہیے، بلکہ اُنہیں نبھانا بھی آنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے عورت کا مقام ماں کی صُورت بہت بُلند فرمایا ہے، توایک عورت میں اتنی خصوصیات ہیں کہ وہ زندگی کے ہر معاملے کو متوازن طور پر لے کر چل سکتی ہے۔ ہمارے سامنےازواجِ مطہرات ؓ اور صحابیات ؓ کی مثالیں موجود ہیں، جنہوں نے اپنے عمل سے عورت کو صبر و استقامت، قناعت اور ہمّت و حوصلے کی تربیت دی۔
میری نظر میں خواتین کی آزادی کا مطلب مادر پدر آزادی ہرگز نہیں، بلکہ اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ زندگی کے ہر معاملے میں توازن پیدا کر کے آگے بڑھنے کا نام آزادی ہے۔ مَیں یہ بات ہر پلیٹ فارم سے کہتی ہوں کہ کسی کو تھپڑ مار دینا، منہ سے شعلے نکال کر گالیاں دینا یا دوپٹا اُتار کر ایک طرف پھینک دینا ہرگز کوئی بہادری نہیں۔ تمام تر معاشرتی و سماجی تقاضوں کے ساتھ زندگی کے چیلنجز قبول کرکے آگے بڑھنے والی عورت ہی درحقیقت آزادیٔ نسواں کی اصل عَلم بردار ہے۔
س: آپ نے سرکاری درس گاہوں سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، کراچی یونی ورسٹی سے جرنلزم میں ماسٹرز کیا، آج خود شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں۔ تعلیم کی زبوں حالی، خصوصاً سرکاری تعلیمی اداروں کی حالتِ زار سے متعلق کیا کہیں گی؟
ج: دیکھیں، سرکاری تعلیمی ادارے اُس وقت زبوں حالی کا شکار ہوئے، جب ہم نے اپنا تعلیمی نظام یعنی میٹرک سسٹم رد کرکے او اور اے لیول متعارف کروایا۔ درحقیقت اُس نظامِ تعلیم نے ہمیں بہت اعتماد بخشا تھا۔ مجھے یاد ہے، ہم اسکول میں ململ کا دوپٹا اوڑھتے تھے اور ہمارا اعتماد حریر و ریشم سے بھی بُلند تھا۔ مجھے تو اکثر لڑکیاں کہتی تھیں، ’’لگتا ہے، خوش بخت ململ کا جو دوپٹا اوڑھتی ہے، وہ پڑھا ہوا ہے، تب ہی تو ہر مقابلہ جیت جاتی ہے۔‘‘اور میرا جواب ہوتا کہ آپ میری دوپٹا بدل بہن بن جائیں۔ بہرحال، جب ہم او، اے لیولز کے چکر میں پڑے، ہمارا تعلیمی نظام بگڑتا گیا، کیوں کہ ہم اس کے متحمّل نہیں تھے۔
جب تک تعلیمی نظام یک ساں تھا، سب ٹھیک رہا۔ پھر جوں جوں ہم مختلف تعلیمی نظاموں میں بٹتے گئے، ہماری مُلکی قوّت، توانائی، ہماری نوجوان نسل بکھرتی چلی گئی۔ سچ پوچھیں، تو مُلک کے کرتا دھرتاؤں نے تعلیمی نظام کو انگریزی، اُردو میڈیم میں بانٹ کر نوجوان نسل پر ایک گہرا وار کیا ہے۔ اگر حکومت چاہے، تو پورے مُلک کا تعلیمی نظام یک ساں ہوسکتا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کرے کون؟ مَیں ایک نجی اسکول چلارہی ہوں، میرا دِل چاہتا ہے کہ بچّوں کو ہوم ورک نہ دوں۔ وہ اسکول ہی میں اُتنا پڑھ لیں کہ گھر جانے کے بعد صرف اہلِ خانہ کے ساتھ گپ شپ کریں، اچھی اچھی کتابیں پڑھیں، لائبریری جائیں، دوستوں کے ساتھ کھیلیں، کودیں، شرارتیں کریں، مگر مائیں کہتی ہیں، آپ بچّوں کو ہوم ورک لازمی دیں۔ شاید وہ بچّوں کو اپنا وقت نہیں دینا چاہتیں۔ ہماری نوجوان نسل ہم سے بہت آگے کی دُنیا دیکھ رہی ہے، بس ان کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔
س: آپ بہترین مقررہ تھیں، ریڈیو، ٹی وی سے نہ صرف آپ بلکہ آپ کی بہن تاج بخت بھی وابستہ رہیں، اُس دَور میں خواتین کا ان شعبوں میں آنا خاصا مشکل تھا، لیکن جو چند ایک خواتین سامنے آئیں، انہوں نے خُوب نام روشن کیا۔ آج ہر دوسرا شخص ایک کیمرا اور مائیک لے کر نیوز اینکر بنا ہوا ہے، تو اس’’ ہجوم ‘‘سے اُس دَور کے منجھے ہوئے افراد کا موازنہ کیسے کریں گی؟
ج: اُس دَور کے منجھے ہوئے افرادسے تو کسی طوربھی موازنہ ممکن نہیں۔ تب گوگل نہیں تھا، ایک انٹرویو کرنے کے لیے بھی کئی کئی کتابیں پڑھی جاتی تھیں، لیکن اب ریسرچ ورک تقریباً ختم ہوگیا ہے۔ اب اس فیلڈ میں صرف کمرشل ازم رہ گیا ہے۔
س: یونی ورسٹی سےمیڈیا کے سفر کا آغاز ہوا، اور پھر30برس یہ سفر جاری رہا، اس سفر کی رُوداد کچھ یادگار واقعات کی صُورت ہم سے بھی شیئر کریں؟
ج: ہمارے وقتوں میں بہت زیادہ عالم فاضل اور قابل لوگ تھے، جو میرٹ پر یقین رکھتے تھے۔ اُن کی صحبت میں مَیں نےاتنا کچھ سیکھا کہ شخصیت خودبخود سنورتی چلی گئی۔ ہمارے معاشرے میں یہ تصوّر عام ہے کہ میڈیا میں لوگ بگڑ جاتے ہیں، مگر مَیں تو خُوب سنور گئی۔ میری زندگی میں اچھائیاں ہی اچھائیاں آتی چلی گئیں، بات کرنے، دوسروں کو سُننے کا ڈھنگ آیا۔ میری خامیاں دُور ہوئیں، تلفظ بہتر کیا گیا۔ مائیک کا درست استعمال سکھایا گیا۔ سچ کہوں تو مجھے میڈیا، مائیک اور سینئرز نے بہت کچھ سکھایا ہے۔ پھر مجھے اس فیلڈ میں قدآور شخصیات سے بھی ملنے کا موقع ملا،تو مجموعی طور پر یہ سفر سیکھنے سکھانے اور شخصیت سنوارنے ہی پر محیط رہا۔
س: 2007ء میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی اور پھر2008 ءکے عام انتخابات میں اسی جماعت کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں، تو ذرا اپنے اس سیاسی سفر پر بھی کچھ روشنی ڈالیں؟
ج: سچی بات تو یہ ہے کہ مَیں شروع ہی سے خود کو غیر سیاسی سمجھتی ہوں۔چوں کہ سیاست کا تصوّر بہت ہی دہشت ناک ہے، اس لیے ہمیشہ خود کو ادب کی ایک طالبہ ہی سمجھا۔ آرٹس کائونسل کے لگا تار تین الیکشنز جیتے، جو میرے لیے اس لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اگر آپ کو عالی صاحب، مشتاق احمد یوسفی ووٹ ڈال رہے ہیں، تو آپ کا قد تو اونچا ہوگا ناں۔ ان الیکشنز نے میری شخصیت کو بَھرپور بنانے میں کلیدی کردارادا کیا۔ رہی بات ایم کیوایم میں شمولیت کی،تو مَیں اس بات کی قائل ہوں کہ اچھے کاموں کی ابتدا ہمیشہ اپنے گھر، محلّے اور شہر سے کرنی چاہیے۔
مَیں عوام کی خدمت کا آغازرائے ونڈ یا لاڑکانہ سے نہیں، اپنے شہر سے کرنا چاہتی تھی،لہٰذا ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرلی۔مجھے اس پارٹی نے بہت عزّت، احترام اور بڑا مان دیا۔ مجھے کبھی کسی اچھے کام سے روکا نہیں اور بُرا کام کرنے کو کہا نہیں۔ مَیں نے ایک ایسے وقت میں سیاست میں قدم رکھا ، جب مجھے شہرت کی قطعاً ضرورت نہیں تھی۔ پورا پاکستان مجھے جانتا تھا۔ الحمدللہ ،شوہر کی طرف سے پیسوں کی فراوانی بھی تھی، اسکول چلارہی تھی، کتابیں، آرٹیکلز وغیرہ بھی لکھتی تھی، اس لیے بے غرض ہو کر کام کیا اور میرٹ کو فوقیت دی۔
س: اپنی نجی زندگی، شوہر، بچّوں سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟
ج: مَیں نے والدین کے گھر جو وقت گزارا، وہ عرصہ اتنا طویل نہیںتھا، جب کہ شوہر کے ساتھ رفاقت کوالحمدللہ 50سال ہوچُکے ہیں۔ اس پورے عرصے میں انہوں نے میرا قدم قدم پر ساتھ دیا۔ وہی مجھے سیاست میں لائے۔انہوں نے ہی آرٹس کاؤنسل کے الیکشن میں کھڑا کیا، کتاب لکھنے کی جانب راغب کیا، اسکول کھولنے کا مشورہ دیا۔ یوں سمجھ لیں کہ میری ہر کام یابی کے پیچھے شجاعت ہی کا ہاتھ ہے۔ ہمارے چار بچّے(دو بیٹے ،دو بیٹیاں) ہمارا فخر ہیں۔ اللہ کا شُکر ہے، وہ سب اپنی اپنی زندگیاں بہترین طریقے سے گزار رہے ہیں۔ مَیں نے اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود اپنے بچّوں کوپورا وقت دیا۔
وہ کبھی اس دُکھ کا شکار نہیں ہوئے کہ ہماری ماں نے ہمیں ہی وقت نہیں دیا۔ دونوں بیٹے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ایک بیٹی امریکا میں آرکیٹیکٹ ہے اور کئی ایوارڈز حاصل کرچُکی ہے۔ دوسری بیٹی مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہے۔ ماں کے سیاست میں ہونے کے باوجود کبھی کسی بچّے نےکوئی مالی فائدہ نہیں اُٹھایا۔
یہاں ایک بات کی وضاحت بھی کرنا چاہوں گی کہ میرا بڑا بیٹا امریکا میں بہت اچھا کمارہا تھا، پھر اُسے پاکستان کی محبّت یہاں کھینچ لائی اور اُس نے ہمیں بتائے بغیر کے ۔الیکٹرک میں انٹرویو بھی دے دیا۔ جب ملازمت کا پروانہ ملا، تب ہمیں بتایا، لیکن چوں کہ مَیں سیاست سے وابستہ تھی، تو کئی غلط باتیں منسوب کی گئیں، مگر میرا بیٹا یہ برداشت نہ کرسکا کہ جس ماں نے ہمیشہ میرٹ کو فوقیت دی، اُس کی وجہ سے اُس کی ساکھ پر کوئی آنچ آئے، لہٰذا استعفیٰ دے کر واپس امریکا چلا گیا۔
س: آپ کا پسندیدہ شاعر، شعر، مصنّف، کتاب اور ملّی نغمہ؟
ج: پسندیدہ شاعر، شعر اور مصنّف بے شمار ہیں ،اس لیےکسی ایک کا نام نہیںلے سکتی، البتہ 65ء کی جنگ کے دوران فضائوں میں گونجنے والے ملّی نغمے بہت پسند ہیں، خاص طور پر ’’رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو‘‘کیوں کہ ان ملّی نغموں ہی کی بدولت عوام کے دِلوں میں فوج سے محبّت کا جذبہ خُوب پروان چڑھا تھا۔
س: آپ نے کئی پاکستانی سیاسی رہنماؤں کے ادوار دیکھے،خود بھی مُلکی سیاست کا حصّہ ہیں، تو مُلکی سیاست اور سیاست دانوں سے متعلق آپ کی غیر جانب دارانہ رائے کیا ہے؟
ج: میرے سامنے کئی حکومتیں بدلیں، مگر ہماری مُلکی سیاست سدا ایک ہی جیسی رہی کہ لگ بھگ تمام ہی سیاست دان اقتدار کی جنگ میں الجھے دکھائی دیتے ہیں۔ ہاں، اگر کردار کی بات کریں، تو بے نظیر بھٹو شہید ہمارا فخر تھیں، باقی جو بھی لیڈرز ہیں، اُن میں مماثلت ہے ۔یہ ہر اُس شخص سے خوش رہتے ہیں، جو انہیں اقتدار میں لاتا ہے اور اُن سب سے ناراض ہوجاتے ہیں، جو ان کا اقتدار چھین لیتے ہیں۔
س: قیامِ پاکستان کو پون صدی مکمل ہو گئی ہے، آپ کے خیال میں اس عرصے میں ہم نے کیا پایا، کیا کھویا، بحیثیتِ مجموعی اپنی کم زوریوں، خامیوں اور اچھائیوں خُوبیوں پر بھی کچھ روشنی ڈالیں؟
ج: جب ہم نے پاکستان پایا ،تو ہم قوم تھے، پھر ہم نے قوم کھودی اور ہجوم ہوگئے۔ تاہم، اب یہ ہجوم ایک بار پھر متحد ہوتا نظر آرہا ہے، تو عوام جس لیڈر کی بات سُنے اور مانے بھی، تو پھر اُس لیڈر کو بھی چاہیے کہ وہ محض سیاسی باتیں کرنے کی بجائے عوام کی شعوری تربیت بھی کرے۔ مَیں یہ بھی کہنا چاہوں گی کہ ہم ایک تعلیم یافتہ، باشعور اور کلچرڈ قوم تھے، لیکن ان 75 برسوں میں ہم نے اپنی ثقافت، تہذیب اور شعور سب کھو دیا۔’’پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ‘‘ سے ہٹ کر اپنی اپنی مسجدیں بنالیں۔ اب یہ ہجوم تب ہی قوم بنے گا، جب پورے مُلک میں سب ایک ساتھ سجدہ کریں گے، ساری مساجد سے ایک مقررہ وقت پر اذان ہوگی اور خطبہ بھی ایک ہی پڑھا جائے گا۔میری خواہش ہے کہ ہم’’ڈیجیٹل سوشل میڈیا قوم‘‘ نہ بنیں، بلکہ دِل سے پاکستان کے لیے سوچیں اور عمل کریں۔
س: 71ء میں مُلک دو لخت ہوا، کیا اُس سانحے کے کچھ نقوش آج بھی ذہن میں تازہ ہیں؟
ج: مَیں وہ سیاہ دِن کبھی بھول ہی نہیں سکتی، جب مُلک کے دو ٹکڑے ہوئے۔کتنے عرصے تک تو ہم بنگلا دیش کہہ ہی نہ پائے تھے۔ اس سانحے میں اصل قصور سیاست دانوں کا، تو عوام کا بھی کافی قصور تھا۔ مَیں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا کہ کیسے بڑی بڑی فیکٹریز کے مالکان، بنگالیوں سے ہتک آمیز سلوک کرتے تھے اور بنگالیوں کے دِلوں میں تو یہ آگ بہت عرصے سے جل رہی تھی، جو موقع ملتے ہی بھڑک اُٹھی۔ پھر مجھے زیادہ دُکھ اس لیے بھی تھا کہ اُن دِنوں میں چٹاگام میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کر رہی تھی۔
اصل میں مَیں فوج میں جانا چاہتی تھی اور گھر والوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بن کے ہی فوج میں جانا ممکن ہے، لیکن مشکل یہ تھی کہ میٹرک مَیں نے آرٹس سے کیا تھا، جب کہ ڈاکٹر بننے کے لیے سائنس کا مضمون پڑھنا لازمی تھا، تو خاصی تگ ودو کے بعد بالآخر بہادر شاہ ظفر کالج، ناظم آباد، کراچی میں میرا سائنس میں داخلہ ہوگیا۔ وہاں سے فرسٹ ایئر پاس کر کے پھر مَیں نےسرسید کالج سے انٹر کیا۔
مگر 5 نمبرز سے میڈیکل کالج میں داخلہ رہ گیا، تو مَیں نے کراچی کے ڈومیسائل پر چٹاگام میڈیکل کالج میں اپلائی کیا اور وہاں داخلہ مل بھی گیا۔یوں ایک سال تک چٹاگام میڈیکل کالج میں پڑھا، لیکن جب حالات خراب ہونے لگے، تو والد نے بلوالیا کہ معاملات بہتر ہوجائیں، تو چلی جانا، مگر جنگ شروع ہوگئی اور مُلک دو حصّوں میں بٹ گیا۔ تب مَیں بہت زیادہ دُکھی تھی، لیکن پھر امّی نے سمجھایا،’’اللہ تعالیٰ تم سے کوئی اور کام لینا چاہتے ہیں، تم دُکھی مت ہو اور بی اے کر لو۔‘‘اور دیکھ لیں، آرٹس کی تعلیم حاصل کرکے بھی آج اللہ نے کیسی نیک نامی عطا کی ہے۔
س: ہمارے ساتھ یا ہمارے بعد آزاد ہونے والے کئی مُمالک کی معیشت ہم سے کہیں بہتر ہے، تو اس کی وجوہ کیا ہیں؟
ج: بنگلا دیش کی کرنسی ’’ٹکا‘‘ہے اور ہم بنگالیوں کو ٹکے ٹکے کے لوگ کہتے تھے، مگر آج اُن کا ٹکا بھی ہماری آنکھوں میں آنکھیں ڈال رہا ہے، کیوں کہ بنگلا دیش نے تعلیم پر توجّہ دی، اسلامی نظام بہتر کیا۔ ابھی کچھ عرصہ پہلے وہاں زنا کے کیس میں فوری پھانسی کی سزاسُنادی گئی اور یہاں قتل کے مجرم دندناتے پھرتے ہیں۔ انہوں نے سزا و جزا کے تصوّر سمیت انصاف کے ترازو کو ایک کیا۔
اپنی معیشت کو لے کر آگے بڑھے، افسوس کہ ہم نے کسی بھی مُلک یا قوم سے کچھ نہیں سیکھا، ہم صرف آپس کی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ جو لوگ مُلک لُوٹ کر کھا گئے، وہ عیش کررہے ہیں۔ غربت کی چکّی میں تو عوام پِس رہے ہیں، جن کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے۔ آج والدین بچّوں کو اسکولوں سے اُٹھا رہے ہیں کہ وہ انہیں یا تو پڑھا سکتے ہیں یا پھر پیٹ بَھرکر کھلا سکتے ہیں۔ تو ذرا سوچیے، جس مُلک میں تعلیم کا حصول ممکن نہ ہو، تو وہ کبھی ترقّی کرسکتا ہے۔
س: ان75برسوں میں ہم نے خوشیاں کم، مصائب و مشکلات زیادہ دیکھیں، تو آپ نے مجموعی طور پر مشکل حالات میں پاکستانیوں کو مِن حیث القوم کیسا پایا؟
ج: ہماری قوم ڈھیٹ ہونے کی حد تک مضبوط ہے کہ چاہے حالات جیسے بھی ہوں، ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہے، لیکن افسوس یہ ہے کہ ہمیں ہمارے اپنے ہی کھا رہے ہیں۔ یہ بات گرہ سے باندھ لیں کہ یہ مُلک اُس وقت تک ترقّی نہیں کرسکتا، جب تک اُن بڑے مگر مچھوں کو ختم نہیں کیا جاتا، جو عوام الناس کو سالم نگل رہے ہیں۔
یہ چند ہی خاندان ہیں، جو برسوں سے مُلک و قوم کو نوچ نوچ کر کھا رہے ہیں۔ دیمک کا ایک اصول ہوتا ہے کہ وہ کسی جگہ کو پورا کھا کر وہاں سے اُڑ جاتی ہے اور یہی اس مُلک کے سیاست دانوں نے کیا ہے۔ مُلک کو دیمک زدہ کرکے خود راہِ فرار اختیار کرلی، لیکن میرے خیال میں تو اب انہیں فیومی گیٹ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
س: نسلِ نو فلسفۂ آزادی سے یک سر ناآشنا ہے، تو اس ضمن میں اصل قصور وار کون ہے، نیز سوشل میڈیا نوجوان نسل کی اخلاقیات پر کس حد تک اثر انداز ہورہا ہے؟
ج: دیکھیں،جیسے ہم پیدایشی مسلمان ہیں، تو بالکل ایسے ہی ہماری نسلِ نو پیدایشی آزاد ہے، لہٰذا اُنہیں آزادی کی اہمیت کا اندازہ نہیں۔ہمارے آباواجداد نے اس نسل کو آزاد مُلک تو دے دیا، مگر پُرکھوں کے بعد باگ ڈور سنبھالنے والوں نے انہیں تعلیم دی، نہ تربیت۔ ہم نے تو خود اس نسل کو اپنے ہاتھوں تباہ کیا ہے۔ رہی بات سوشل میڈیا کی ،تو یہ ہمارے ہی مُلک کے نوجوانوں پر کیوں اثرانداز ہو رہا ہے، جنہوں نے ایجاد کیا، وہ اس کی زَد میں کیوں نہیں آئے؟ تو درحقیقت ہم اپنی کوتاہیوں کا ملبہ نوجوانوں پر ڈال دیتے ہیں۔ جب ہم نے اُنہیں بچپن میں اسلامی تعلیمات سے رُوشناس کروانے کی بجائے ان کے ہاتھوں میں موبائل فون تھما دئیے، تو پھراب ہم کیوں رو رہے ہیں۔ غلطی تو ہم سے ہوئی ہے کہ ہم نے انہیں اسلامی اقدار و روایات، تہذیب و ثقافت سے خود دُور کیا۔
س: ’’آزادی‘‘کو اگر کچھ سطروں میں بیان کرنا ہو، تو کیسے کریں گی؟
ج: صرف یہی کہوں گی کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، بشرطیکہ بَھرپور جدوجہد سے حاصل کی گئی ہو۔ ہم کب سے آزادی، آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں، لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ آزادی کا ایک مفہوم اپنے نفس پر قابو پاکر خود کو ہر طرح کی نیگیٹویٹی سے آزاد کرنا بھی ہے اور جس دِن ہم نےخود کو اس منفیت سے آزاد کرلیا، پھر دیکھیے گا حالات کیسے بدلتے ہیں۔
س: اگر آپ سے سوال کیا جائے کہ اس مُلک نے آپ کو کیا دیا، تو آپ کا جواب کیا ہوگا؟
ج: وطنِ عزیز نے مجھے تعلیم، مان، عزّت سب کچھ دیا۔ میرے بچّوں نے یہاں سے تعلیم و تربیت حاصل کی اور کوشش کی کہ اپنے مُلک کے لیے کچھ کر سکیں۔ مَیں بھی اپنی استطاعت کے مطابق مُلک و قوم کے لیے پوری ایمان داری سے اپنا کردار ادا کر رہی ہوں۔ اگر میرے اسکول سے صرف4 بچّے بھی اچھی تعلیم و تربیت کے ساتھ نکلتے ہیں، تو مجھے لگے گا کہ مَیں نے 4نسلیں سنوار دی ہیں۔
س: قیامِ پاکستان کو 75 برس ہو گئے ہیں، مگر عوام کی حالت بدتر سے بد ترین ہوتی جا رہی ہے، ایسا کیوں ہے؟
ج: اس کی دو وجوہ ہیں، ایک تو یہ کہ آزادی کے ابتدائی ایّام ہی سے مُلکی سیاست چند جاگیردار خاندانوں کے ہاتھوں میں رہی،جو اب موروثی ہوچُکی ہے، جب کہ بھارت نے 1948ء ہی میں جاگیردانہ نظام ختم کر دیا تھا ۔ہمارے یہاں بھی اگر عام آدمی کو اختیار دیا جاتا، تو آج مُلکی حالات یک سر مختلف ہوتے۔ دوسری وجہ نام نہاد ملّا ازم ہے، جس نے ہماری قوم کو ٹکڑوں میں تقسیم کردیا ہے۔
س: کیا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا معاشرے کی تعمیر و اصلاح میں وہ کردار ادا کررہا ہے، جو اسے کرنا چاہیے؟
ج: مختصر اً یہی کہوں گی کہ معا شرے کی تعمیر و اصلاح میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اپنا کردار ادا کررہا ہے، مگر جس نے کچھ حاصل کرنا ہے، جس کے ہاتھ میں بٹن ہے، مسئلہ تو اُس کا ہے کہ وہ تعمیر و ترقّی کا بٹن دباتا ہے یا پھر تخریب کاری کا۔
س: پاکستان کا مستقبل کیسا دیکھتی ہیں، تعمیرِ و ترقّی کے ضمن میں اگر کچھ تجاویز دینا چاہیں تو وہ کیا ہوں گی؟
ج: میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کا مستقبل تاب ناک کرے۔ یہ مُلک بہت مضبوط ہے، اس کے لوگ ڈھٹائی کی حد تک باہمّت ہیں۔ ہمیں قطعاً مستقبل سے نااُمید نہیں ہوناہے۔ ہمارے مُلک میں بہت ذہین، طاقت وَر، نیک، پارسا اور محبّت کرنے والے لوگ بھی موجود ہیں، بس اُنہیں آگے آنے کا موقع نہیں ملتا ہے، تو جس دِن انہیں موقع مل گیا، اُس روز یہیں سے نشاطِ ثانیہ طلوع ہوگی۔
س: رواں برس قیامِ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منائی جارہی ہے، اس موقعے پر’’عزمِ عالی شان، شاد رہے پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی لوگو بھی جاری کیا گیا ، آپ اس حوالے سے کیا پیغام دینا چاہیں گی؟
ج: یہ بہت ہی خُوب صُورت لوگو ہے۔ اللہ تعالیٰ مُلک و قوم کی شان، عظمت، خوشیاں تا قیامت سلامت رکھے۔ اس 14 اگست کو ہم ایک نیا قدم اُٹھا کر 76 ویں برس میں داخل ہوچُکے ہیں، تو نہ جانے کیوں میری میرے چھٹی حِس بار بار کہہ رہی ہےکہ اب پاکستان میں صحیح معنوں میں تبدیلی آئے گی۔ ان شاء اللہ تعالیٰ جو مُلک و قوم کے لیے ترقّی و خوش حالی کا سبب بنے گی۔