کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کی معروف عید گاہ میں ہندو تہوار گنیش چتروتھی کے دس دن کے میلے کے انعقاد کی کوششوں کو مسلم وقف بورڈ نے عدالت کے ذریعے رکوادیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں کرناٹک مسلم وقف بورڈ کی جانب سے بنگلور کی عید گاہ میں گنیش دیوتا کے تہوار کی تقریبات کے انعقاد کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت ہوئی۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کرناٹک کی ہائی کورٹ اور حکومت نے عید گاہ میں گنیش دیوتا کے تہوار کی تقریبات کے لیے دو دن کی اجازت دی ہے حالانکہ یہ تہوار 10 دن تک جاری رہتا ہے۔جس پر مسلم وقف بورڈ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اس عید گاہ کے میدان کو صرف یوم آزادی، یوم جمہوریہ اور کھیلوں کے علاوہ عیدوں کی نمازوں کے اجتماع کے لیے استعمال لایا جا سکتا ہے۔