• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم سے کٹوتی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم


وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقوم سے کٹوتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ کٹوتی کرنے والوں کیخلاف 20 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے ہیں، جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی کرنے کے سنگین کرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بارش اور سیلاب متاثرین کو فی خاندان 25، 25 ہزار دینے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اس پوری مشق کا آغاز کردیا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فوری طور پر متاثرین میں رقم کی تقسیم کرنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں متاثرین میں رقم کی تقسیم کی سرگرمی جاری ہے، متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم دو بینکس ایچ بی ایل کنیکٹ اور بینک الفلاح کے ذریعے جاری کی ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان میں ایچ بی ایل کنیکٹ اور کے پی کے میں بینک الفلاح رقم تقسیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم سے کٹوتی کی خبریں موصول ہو رہی ہے، جو متاثرہ عورتوں اور گھرانوں کو دی جانے والے 25 ہزار روپے کی رقم سے کٹوتی کی جارہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس عمل کیخلاف سخت کارروائیاں کیں اور ملوث ایجنٹس اور عملے کی گرفتاریاں کروائیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ کہیں پر ایجنٹس اور عملہ تو کہیں پر پولیس اہلکار کٹوتی کے عمل میں شامل پائے گئے، ہم نے امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والوں کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنے حلقے سانگھڑ میں بھی رقم سے کٹوتی کی شکایت موصول ہونے پر سخت ایکشن لیا۔

انہوں نے کہا کہ ینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اس ایکسرسائز کے دوران کسی بھی کرائم کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، رقم سے کٹوتی چوری ہے اور ہم غریب عورتوں کے پیسوں سے کٹوتی کو ہرگز برادشت نہیں کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید