حکومت سندھ کی معاونت سے صوبے میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشیٹیو (پی پی ایچ آئی) کے کیمپ میں بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔
جہاں ملک میں بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچائی وہیں سندھ بھی اس سے نہ بچ سکا۔
اسی سلسلے میں پی پی ایچ آئی کی جانب سے آج سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں چوبیس گھنٹے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیمپ لگایا گیا، جہاں تقریباً 8 ہزار کے قریب سیلاب زدگان پناہ لیے ہوئے ہیں۔
آج صبح 6 بجے کے قریب اس میڈیکل ریلیف کیمپ میں بچی کی پیدائش ہوئی ہے جو اس کیمپ میں پیدا ہونے والی پہلی بچی ہے۔
مذکورہ کیمپ میں ایمرجنسی، او پی ڈی، خوراک کی کمی کے شکار بچوں کی صحت، میٹرنیٹی سروسز، الٹرا ساؤنڈ سروسز، لیب سروسز، زنانہ و مردانہ وارڈز، ملیریا کے علاج کی سہولیات اور ایمبولینس سروس کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن پوائنٹ بھی موجود ہے۔
پی پی ایچ آئی نے 2007 میں سندھ کے ضلع کشمور سے اپنے فلاحی سفر کا آغاز کیا جس کا مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیاد سہولتوں کی فراہمی تھا۔