عکّاسی: اسرائیل انصاری
انٹر نیشنل ایجینسی فار ریسرچ آن کینسر (International Agency For Research On Cancer) کے زیرِ اہتمام دُنیا بَھر میں ہرسال ستمبر کا پورا مہینہ ’’بلڈ کینسر اینڈ چائلڈ ہُڈ کینسر اوئیرنیس منتھ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے، تاکہ اس مرض سے متعلق بنیادی معلومات عام کرکے متاثرہ افراد اور بچّوں کی شرحِ اموات میں کمی لائی جاسکے۔ یوں تو بچّوں کے سرطان کی کئی اقسام ہیں، لیکن زیادہ تر بچّے خون کے سرطان سے متاثر ہوتے ہیں، جو براہِ راست نظامِ خون پر اثر انداز ہوتا ہے۔
بلڈ کینسر کیا ہے،اس کے لاحق ہونے کے اسباب کیا ہوسکتے ہیں، کم سِن بچّوں کی ایسی کون سی علامات ہیں، جن کے ظاہر ہونے پر والدین فوری طور پر پیڈیاٹرک انکولوجسٹ سے رابطہ کریں؟ یہی سب کچھ جاننے کے لیے ہم نے معروف پیڈیاٹرک انکولوجسٹ، آغا خان یونی ورسٹی اسپتال، کراچی کے ڈیپارٹمنٹ آف انکولوجی، سیکشن آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی اینڈ انکولوجی کی اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹرصدف الطاف سے تفصیلی بات چیت کی۔
ڈاکٹر صدف نے 1999ء میں ڈاؤ میڈیکل کالج، کراچی سے طب کی ڈگری حاصل کی اور ڈیپارٹمنٹ آف میڈیسن اینڈ سرجری، آغا خان یونی ورسٹی اسپتال، کراچی سے کلینیکل انٹرن شپ کے بعد میو گریجویٹ اسکول آف میڈیکل ایجوکیشن، روچیسٹر، مِنی سوٹا(Mayo Graduate School Of Medical Education, Rochester, Minnesota) سے ریذیڈینسی اِن پیڈیاٹرک ایڈولیسنٹ میڈیسن(Pediatric And Adolescent Medicine) اورفیلوشپ آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی/ انکولوجی کی۔
اس کے بعد میو گریجویٹ اسکول آف ایجوکیشن ہی سے 2012ء میں کلینیکل ریسرچ میں ماسٹرز کیا۔ 2013ءتا2014ء میو کلینک ہیلتھ سسٹم سے بطور کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن منسلک رہیں۔2014ءمیں آغا خان یونی ورسٹی اسپتال، کراچی کے ڈیپارٹمنٹ آف انکولوجی، سیکشن آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی اینڈ انکولوجی سے بطور لیکچرار وابستہ ہوگئیں اور اب اسی شعبے میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر صدف الطاف گولڈ میڈ لسٹ ہیں۔ 2018ء میں آغا خان یونی ورسٹی اسپتال، کراچی کے ڈیپارٹمنٹ آف انکولوجی کی بیسٹ ٹیچرکا ایوارڈ حاصل کرچُکی ہیں۔ 2021ء میں انہیں آغا خان یونی ورسٹی اسپتال، کراچی کےٹاپ فائیو آف فیفٹی انٹرنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ نیز، ان کے متعدّد تحقیقی مقالہ جات بھی شایع ہو چُکے ہیں۔
وہ امریکن سوسائٹی آف پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی اینڈ انکولوجی، امریکن سوسائٹی آف کلینیکل انکولوجی،پاکستان سوسائٹی آف پیڈیاٹرک انکولوجی اور انٹرنیشنل سوسائٹی آف پیڈیاٹرک انکولوجی کی بھی رُکن ہیں۔ ان سے ہونے والی گفتگو کی تفصیل ملاحظہ فرمائیں۔
س: خون کا سرطان کیا ہے، اس کے محرّکات اور عوامل پر بھی کچھ روشنی ڈالیں؟
ج: خون کا سرطان طبّی اصطلاح میں لیوکیمیا(Leukemia) کہلاتا ہے، جو بچّوں میں سب سے عام گردانا جاتاہے۔ بچّوں میں لیو کیمیا پیدایش سے لے کر18سال تک کی عُمر کے کسی بھی حصّے میں تشخیص ہوسکتا ہے۔رہی بات محرّکات کی، تو محقّقین تاحال اسی کھوج میں ہیں کہ بچّے اس خطرناک مرض کا شکار کیوں ہوجاتے ہیں۔
بہرحال، مختلف اسٹڈیز کے مطابق مختلف کیسز میں متعدّد وجوہ کے ساتھ تاب کاری بھی وجہ بن سکتی ہے، تو جینیاتی عوامل بھی۔ واضح رہے، بچّوں میں موروثی اسباب کی شرح 10سے 15فی صد ہے، جب کہ 85 سے 90 فی صد کیسز میں مرض کسی بھی وجہ سے لاحق ہوجاتا ہے۔
س: پاکستان میں سرطان کی کیا شرح ہے، نیز، مَرد و خواتین اور بچّوں میں سے کس میں شرح بُلند ہے؟
ج: بڑوں کی نسبت بچّوں میں سرطان کی شرح کم پائی جاتی ہے، مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہمارے پاس اس حوالے سے کوئی مستند اعدادوشمار موجود ہی نہیں۔ تاہم، کینسر سوسائٹی کے ایک جائزے کے مطابق سالانہ8سے10ہزار بچّے ہر طرح کے سرطان سے متاثر ہوتے ہیں۔
س: خون کے سرطان کی کتنی اقسام ہیں؟
ج: خون کے سرطان کی دو بڑی اقسام ہیں۔ ایک قسم اے ایل ایل یعنی ایکیوٹ لیمفائیڈ لیوکیمیا(Acute lymphoid leukemia)اور دوسری اے ایم ایل یعنی ایکیوٹ میلائیڈ لیوکیمیا(Acute Myeloid Leukemia) کہلاتی ہے۔اس کے علاوہ بھی خون کے سرطان کی کچھ نایاب اقسام ہیں۔ مثلاً سی ایم ایل:کرونک میلائیڈ لیو کیمیا (CML:Chronic Myeloid Leukemia) بھی ہے، جو بڑوں اور بچّوں دونوں ہی میں پائی جاتی ہے۔ جب کہ بچّوں میں جے ایم ایم ایل(Juvenile Myelomonocytic Leukemia) بھی پایا جاتاہے۔
تاہم، زیادہ تر بچّے لیمفائیڈ لیو کیمیا ہی سے متاثر ہوتے ہیں۔ اے ایل ایل کی نسبت اے ایم ایل زیادہ خطرناک قسم ہے کہ اس کے شکار بچّے زیادہ عرصہ جی نہیں پاتے۔ ایکیوٹ لیمفائیڈ لیوکیمیا پیدایش سے لے کر18سال تک کے بچّوں کو عُمر کے کسی بھی حصّے میں اپنا متاثر کرسکتا ہے، جب کہ اے ایم ایل زیادہ تر چھوٹے بچّےہوتے ہیں۔
اگرچہ عام بچّوں کی نسبت ڈاؤن سینڈروم بچّوں میں خون کا سرطان لاحق ہونے کے امکانات3 سے 4گنا زائد پائے جاتے ہیں، مگر یہ حیران کُن بات ہے کہ ڈاؤن سینڈروم بچّے بلڈ کینسر کی مہلک قسم اے ایم ایل سے صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس کی وجہ ان میں موجود اضافی کروموسوم بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم، اس پر بھی تحقیق کا سلسلہ ہنوزجاری ہے۔
اس وقت پاکستان بَھرمیں بچّوں کے سرطان کے تقریباً تمام ہی اسپتالوں میں اے ایل ایل کےعلاج کی سہولتیں دست یاب ہیں، لیکن اے ایم ایل کا علاج چند ہی اسپتالوں جیسے سندھ میں آغا خان اسپتال، جب کہ پنجاب میں شفا انٹرنیشنل اسپتال، سی ایم ایچ اورچلڈرن اسپتال، لاہور میں کیا جارہا ہے۔
س: کیا بلڈ کینسر کی مختلف اقسام کی علامات بھی الگ الگ ہیں؟
ج: بلڈ کینسر کی خواہ کوئی بھی قسم ہو،علامات تقریباً ایک ہی جیسی ظاہر ہوتی ہیں۔ اگر لیو کیمیا کا ذکر کریں، تو اس کی علامات میں کچھ خاص طرح سے بخار ہونا، اچانک ہی ناک، منہ یا جسم کے کسی حصّے سے خون کا اخراج، بظاہر بغیر کسی وجہ کے تیزی سے وزن میں کمی، جسم میں درد، معمولات میں تبدیلی اور رنگت پیلی پڑ جانا وغیرہ شامل ہیں۔ بعض کیسز میں جگر اور تلّی کے حجم میں اضافہ ہونے کے سبب بچّے کا پیٹ بھی پُھول جاتا ہے۔ اگر والدین ان میں سے کوئی بھی علامت محسوس کریں، تو بہتر ہوگا کہ فوری طور پر بچّے کا مستند معالج سے معائنہ کروالیا جائے۔
س: تشخیص کے لیے کون سے ٹیسٹس تجویز کیے جاتے ہیں؟
ج: تشخیص کے لیے عام طور پرسی بی سی(A Complete Blood Count) ٹیسٹ تجویز کیا جاتا ہے، جب کہ حتمی تشخیص کے لیے بون میرو بائیوآپسی کی جاتی ہے۔ یاد رہے، ہماری ہڈیوں کے اندر موجود گُودا بون میرو کہلاتا ہے، جسے خون بنانے کی فیکٹری بھی کہا جاتا ہے۔ اس ٹیسٹ میں بچّے کو نیم بے ہوش کرکے بائیو آپسی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بعض کیسز میں کچھ جینیٹکس ٹیسٹ بھی کیے جاتے ہیں۔
س: بلڈ کینسر کے علاج کے لیے اس وقت سب سے مؤثر طریقۂ علاج کیا ہے اور کیا ہمارے یہاں علاج کی تمام ترجدید سہولتیں دستیاب ہیں؟
ج: ہمارے یہاں اے ایل ایل کے علاج کے لیے کیمو تھراپی مستعمل ہے، جس کی زیادہ تر ادویہ پاکستان میں دست یاب ہیں، جب کہ اے ایم ایل کی بعض بنیادی ادویہ بھی میسّر نہیں۔ ترقّی یافتہ مُمالک میں بچّوں میں اے ایل ایل کے کام یاب علاج کی شرح85سے90 فی صد پائی جاتی ہے، کیوں کہ وہاں سرطان کی تشخیص بروقت ہوجاتی ہے اور علاج کی بھی تمام تر سہولتیں میسّر ہیں، جب کہ ہمارے یہاں یہ شرح 65سے70فی صد ہے، جس کی وجہ تشخیص یا علاج میں تاخیر یا پھر مناسب علاج دست یاب نہ ہونا ہے۔
اس کے برعکس اے ایم ایل کے کام یاب علاج کی شرح مشکل سے 25سے 30 فی صد پائی جاتی ہے، جس کی وجہ صرف ادویہ کی عدم دست یابی ہی نہیں، بلکہ کئی اور بھی ایسے عوامل ہیں، جو علاج کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ جیسا کہ اے ایم ایل کے شکار بچّے ہفتوں یا مہینوں اسپتال میں داخل رہتے ہیں۔ حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں بھی رکھاجاتا ہے۔ بعض کیسز میں بچّوں کا ڈائی لیسسز کرنا پڑتا ہے یا پھر کوئی اور طبّی مسئلہ جنم لے سکتا ہے، لہٰذا وسائل کی کمی، علاج کے مشکل اور منہگے ہونے کے سبب زیادہ تر والدین تشخیص کے بعد معالج سے رجوع نہیں کرتے یا پھر ادھورا چھوڑدیتے ہیں۔
طبّی اصطلاح میں اسے Treatment Abandonmentکہتے ہیں۔ یاد رکھیے، تشخیص کے بعد معالج سے رجوع نہ کرنا یا پھرعلاج ادھورا چھوڑ دینا کئی پیچیدگیوں کو جنم دیتا ہے۔ اس کے علاوہ مخصوص اسپتالوں اور پیڈیاٹرک انکولوجسٹس کی کمی اور حکومتی سطح پروالدین کو بچّے کے علاج کے ضمن میں کسی قسم کا تعاون حاصل نہ ہونا بھی علاج کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
ترقّی یافتہ مُمالک میں حکومت سرطان سے متاثرہ بچّوں کے والدین کو بہت سپورٹ کرتی ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے یہاں حکومتی عدم تعاون کے باعث زیادہ تر والدین علاج ادھورا چھوڑ دیتے ہیں۔ اور علاج نہ ہونے یا مکمل نہ ہونے کی صُورت میں لیو کیمیا جان لیوا بیماری ثابت ہوتی ہے۔ تاہم، سرطان کے کام یاب علاج کے بعد 80فی صد بچّے، عام بچّوں کی طرح زندگی بسر کرتے ہیں۔
س: اس وقت پاکستان میں اے ایم ایل کے مریضوں کی شرح کیا ہے؟
ج: چوں کہ ہمارے پاس کوئی مستند ڈیٹا موجود نہیں، تو وثوق سے درست تعداد بتانا مشکل ہے، لیکن آغا خان اسپتال، کراچی میں سالانہ 8،10کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں سے 5،6بچّے علاج کا دورانیہ مکمل نہیں کرپاتے۔ اگر ہم سالانہ 4 بچّوں کا علاج کرتے ہیں اور ان میں سے دو ٹھیک ہوجاتے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس بھی آدھے ہی مریض صحت یاب ہو پاتے ہیں۔ اگر بچّہ ایک بار بلڈ کینسر کو شکست دے دے، تو اس بات کے صرف 20فی صد امکانات پائے جاتے ہیں کہ مرض پلٹ آئے۔
س: کیا سرطان کی دیگر اقسام کی طرح بلڈ کینسرکی بھی مختلف اسٹیجیز ہیں؟
ج: بلڈ کینسر کو اسٹیجیز میں منقسم کرنا اس لیے ممکن نہیں کہ خون پورے جسم میں گردش کرتا ہے۔ البتہ اسے لو اور ہائی رسک میں تقسیم کیا جاتا ہے۔لو رسک کینسر میں ادویہ کی تعداد اور علاج کا دورانیہ کم ہوتا ہے، جب کہ ہائی رسک میں ادویہ کی تعداد اور دورانیہ بڑھ جاتا ہے۔ ہائی رسک سرطان کے بعض کیسز میں جیسے اگر ادویہ مؤثر ثابت نہ ہو رہی ہوں یا مرض دوبارہ لاحق ہوجائے، تو بون میرو ٹرانس پلانٹ کیا جاتا ہے۔
بون میرو، جسےخون کا ٹرانس پلانٹ بھی کہا جاتا ہےایک ایڈوانس طریقۂ علاج ہے، جس میں صحت مند فرد کے جسم سے خلیات حاصل کرکے مریض میں منتقل کیے جاتے ہیں، مگر پاکستان میں گنتی کے چند ہی اسپتال یہ سہولت فراہم کررہے ہیں،جن میں آغا خان اسپتال بھی شامل ہے۔
س: بلڈ کینسر کی تشخیص وعلاج میں تاخیر سے کس قسم کی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں؟
ج: بلڈ کینسر کی تشخیص یاعلاج میں تاخیر کی صُورت میں عام طور پرجسم کے مختلف اعضاءDamageہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ مثلاً جگر، دِل، گُردے یا پھیپھڑے وغیرہ۔اس صُورت میں کیمو تھراپی کی کام یابی کا تناسب قدرے کم ہوجاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کیمو تھراپی کے علاج سے قبل متاثرہ عضو کا علاج کیاجاتا ہے۔
س: بلڈ کینسرکے علاج کے لیے بائیولوجیکل ، کیمو، ریڈی ایشن تھراپیز سے متعلق بھی بتائیں؟
ج: لیو کیمیا سرطان میں کیمو تھراپی علاج کا ناگزیر حصّہ ہے، لیکن ریڈی ایشن تھراپی مخصوص کیسز ہی میں کی جاتی ہے۔ جیسا کہ اگر بچّہ اے ایل ایل سے متاثرہے اوراس کےدماغ میں سرطان کے خلیات بھی موجود ہیں، تو پھر ریڈی ایشن تھراپی تجویز کی جاتی ہے۔ اسی طرح لیو کیمیا میں مبتلا ہر بچّے کا بون میرو ٹرانس پلانٹ نہیں کیا جاتا۔
واضح رہے، بڑوں کے لیوکیمیا کے علاج میں اکثر ٹرانس پلانٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے، لیکن بچّوں کے لیو کیمیا میں ٹرانس پلانٹ کی ہمیشہ ضرورت نہیں پڑتی، لیکن اگر لیو کیمیا ایک بار ٹھیک ہوکر پلٹ آئے، تو پھر ٹرانس پلانٹ کیا جاسکتا ہے۔
بعض اوقات اے ایم ایل کے علاج کے آغاز میں ٹرانس پلانٹ تجویز کیا جاتا ہے۔کیمو تھراپی ایک traditional یعنی روایتی طریقۂ علاج ہے، جو گزشتہ 30 ،40 برس سےلیو کیمیا سے متاثرہ بچّوں میں بہت کام یابی سے کیا جارہا ہے۔رہی بات بائیولوجیکل تھراپیز کی، تو انہیں ٹارگٹ یا امیونو تھراپیز بھی کہا جاتا ہے،جو لیو کیمیا سے متاثرہ بچّوں میں بہت ہی کم تجویز کی جاتی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ آئندہ برسوں میں بچّوں میں ٹارگٹ یا امیونو تھراپی ہی سے لیو کیمیا کا علاج کیا جائے۔
س: بلڈ کینسرکے علاج کےضمنی اثرات کیا کیا ہوسکتے ہیں؟
ج: بلڈ کینسرکے علاج کےضمنی اثرات میں اکثر بچّوں میں انفیکشنز کے امکانات بڑھ جاتے ہیں،تو پھربچّوں ،خصوصاً بچیوں میں دورانِ علاج بال جھڑنا ڈیپریشن کا سبب بنتا ہے۔بعض کیسز میں لیو کیمیا کے علاج کی وجہ سے دِل، جگر یا جسم کا کوئی اور عضو بھی متاثر ہوجاتا ہے۔ دورانِ علاج اکثربچّوں کو مکمل خون، وائٹ بلڈ سیلز یا پھر پلیٹ لیٹس کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
س: کووڈ-19 کے باعث کیا خون کےسرطان میں مبتلا بچّوں کے علاج معالجے میں بھی کچھ رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا؟
ج: کووڈ-19 کے سبب خون کےسرطان میں مبتلا بچّوں کے علاج معالجے پر بہت ہی بُرے اثرات مرتب ہوئے، خاص طور پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے والدین متاثرہ بچّوں کو بروقت اسپتال نہیں لاسکے۔ اسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا رش بڑھنے سےبیڈز دستیاب نہیں تھے۔
پھرلیو کیمیا کےکئی بچّے دورانِ علاج کووڈ-19 کا شکار ہوئے ۔ چوں کہ اُن دِنوں کورونا سے متاثر بچّوں کی کیمو تھراپی کے حوالے سے کوئی تحقیق سامنے نہیں آئی تھی، تو ہمیں یہ خوف بھی لاحق تھا کہ کہیں بچّے کیمو تھراپی برداشت نہ کرسکیں۔ بعد ازاں، یہ ریسرچ سامنے آئی کہ کووڈ-19 سے متاثر ہونے کی صُورت میں بھی کیموتھراپی کی جاسکتی ہے۔
س: ہمارے یہاں بچّوں میں خون کے کون کون سے امراض عام ہیں؟
ج: ہمارے یہاں بچّوں میں خون کے امراض میں سب سے عام تھیلیسیمیا ہے۔
س: سی وی ایس ٹی(Cerebral Venous Sinus Thrombosis) سے متعلق بھی بتائیں؟
ج: اس مرض میں دماغ کے اندر خون جم جاتا ہے۔ویسے تو سرطان سے متاثرہ بچّوں کے جسم کے کسی بھی حصّے میں خون جم سکتا ہے، لیکن جب بچّوں، خاص طور پر اے ایل ایل سے متاثر ہونے والوں کی کیمو تھراپی کی جارہی ہو، تو سی وی ایس ٹی کی پیچیدگی سامنے آسکتی ہے، جو سرطان یا پھرادویہ کی وجہ سے جنم لیتی ہے۔ ایسے بچّوں کے علاج کے لیےخون پتلا کرنے کی ادویہ یا انجیکشنز تجویز کیے جاتے ہیں۔
س: خون کے سرطان سے متاثرہ بچّوں کی طرزِ زندگی میں کس طرح کی مثبت تبدیلیاں لائی جائیں؟
ج: بچّوں ہی کے طرزِ زندگی میں نہیں، پوری فیملی کے لائف اسٹائل میں مثبت تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ جب کسی بچّے میں خون کا سرطان تشخیص ہو، تو ماں باپ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پھر بیمار بچّے کی وجہ سے دیگر بچّے بھی متاثر ہوتے ہیں، تو اس صورتِ حال میں کمیونٹی، عزیز و اقارب کا فرض بنتا ہے کہ وہ والدین کا حوصلہ بڑھائیں اور ہر ممکن مدد کریں۔
آغاخان اسپتال میں بلڈ کینسر سے متاثرہ بچّوں کی پلے تھراپی بھی کی جاتی ہے، تاکہ بیمار بچّوں کے ساتھ والدین کا بھی کچھ دیر کے لیے ہی سہی، دھیان بٹایا جاسکے۔ یہاں مَیں والدین کو یہ پیغام بھی دینا چاہوں گی کہ وہ ہرگز نااُمید نہ ہوں، ہمّت سے کام لیں اور اپنے بچّے کا کبھی علاج ادھورا نہ چھوڑیں۔
س: پاکستان بَھر میں بچّوں کے لیے خون کے امراض سے متعلق موجود سہولتوں کے حوالے سے بھی بتائیں؟
ج: پاکستان میں خون کے امراض سے متعلق علاج کی سہولتیں پنجاب اور سندھ میں دستیاب ہیں، مگر افسوس کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں نہیں۔اس ضمن میں سرکاری اور نجی سطح پرٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
س: ڈاؤن سینڈروم بچّوں میں بلڈ کینسر کی شرح بُلند ہے، تو کیا ان بچّوں کے علاج کے ضمن میں کچھ زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟
ج: اگر کوئی بچّہ ڈاؤن سینڈرم کے ساتھ جنم لے، تو اسے ہیماٹولوجسٹ کے پاس بھی ریفر کیا جاتا ہے، کیوں کہ ان بچّوں میں لیو کیمیا سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ پائے جاتے ہیں۔ ڈاؤن سینڈروم بچّوں میں خون کے سرطان کی حتمی تشخیص ہونے پر فوری علاج ضروری ہے،کیوں کہ ان میں پیچیدگیوں کے امکانات کہیں زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ نیز، عام بچّوں کی نسبت انفیکشنز سے متاثر ہونے کا تناسب بھی دوگنا زائد پایاجاتا ہے۔
س: بچّوں میں خون کے امراض کنٹرول کرنے کے ضمن میں آپ کیا تجاویز دینا چاہیں گی؟
ج: ترقّی یافتہ مُمالک میں بچّوں کی پیدایش کے وقت ہی اسکریننگ کی جاتی ہے۔ اس اسکریننگ میں اگر کوئی مرض تشخیص ہوجائے، تو بروقت علاج شروع کردیا جاتا ہے اور اگر بچّہ مکمل طور پر صحت مند ہو، تو بھی 5سال کی عُمر تک جنرل پیڈیاٹریشن سے اس کا روٹین کا چیک اپ کروایا جاتا ہے، لیکن ہمارے یہاں ایسا کوئی تصوّر ہی نہیں ہے، تو پاکستان میں اس حوالے سے بھی لازماً کام ہونا چاہیے، کیوں کہ بچّوں میں بہرحال خون کا سرطان دیگر متعدّد امراض کی طرح قابلِ علاج مرض ہے۔