آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں پارکنگ مافیا کے خلاف کل سے کارروائی کی جائے گی جبکہ گلشن اقبال میں سپر اسٹور کی بندش کیلئے کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔
ٹریفک ٹکٹنگ مینجمنٹ سسٹم کے تحت شہریوں کو ای چالان کے ذریعےموقع پر ہی چالان کی رقم بھرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کمپیوٹر سیکشن کا افتتاح کیا،کمپیوٹر سیکشن ٹریفک ٹکٹنگ مینجمنٹ سسٹم کےنام سے بنایا گیا ہے۔
کمپیوٹر سیکشن میں شہریوں کو ای چالان کے ذریعےموقع پر ہی چالان کی رقم بھرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ شہری کریڈٹ کارڈ کے ذریعے موقع پر ہی چالان بھر سکیں گے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ گلشن اقبال میں سپر اسٹور کو بندکرنے کے لیے خط کمشنر کراچی کو لکھ دیا ہے۔اسٹور کی پارکنگ نہ ہونے سے اطراف کی سڑکوں پر عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔
رمضان میں ٹریفک مسائل پر قابوپانے کی ہرممکن کوشش کرینگے ۔ ٹریفک پولیس اب ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ماتحت ہوگی ۔اے ڈی خواجہ نے مزید کہا کہ رمضان میں جرائم بڑھ جاتےہیں،خاص طور پر بھتہ کی شکایات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس موقع پرڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا کہنا تھا کہ کل سے پارکنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی پارکنگ میں لوکل گروپ ملوث ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ، ایڈشنل آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ٹریفک سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔