• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 13 اکتوبر ، 2022

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے پریمیئر کی تصویری جھلکیاں

جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تخلیق کی گئی شاہکار فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کے رنگا رنگ پریمیئر کے خوشگوار لمحات کو کیمرے کی آنکھ نے بھی محفوظ کرلیا۔ 

لاہور میں ایک روز قبل دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پریمیئر ہوا جس میں ستاروں کی کہکشاں زمین پر اتر آئی۔ 

مقامی سنیما گھر میں منعقدہ پروقار تقریب میں فلم کے مرکزی کردار نبھانے والے فنکاروں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید سمیت مختلف اداکاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

پریمیئر سے قبل جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر بلال لاشاری نے فلم کو بہت بڑی فلم قرار دیا تھا۔ 

فلم کے ہدایتکار نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ شائقین کو بہت پسند آئے گی۔

بلال لاشاری نے فلم کے پریمیئر کی رنگارنگ تقریب سے متاثر ہوکر کہا کہ برسوں بعد سنیما گھروں کو اس طرح سجتے ہوئے دیکھا ہے۔

فلم کے مرکزی کردار فواد خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ہم نے فلم کے ساتھ انصاف کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب انتظار ختم ہوا بلآخر فلم ریلیز ہو رہی ہے اسے سنیما میں آکر ضرور دیکھیے گا۔

اس موقع پر ماہرہ خان اور حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ وہ فلم کو لے کر بہت نروس اور پُر جوش ہیں امید ہے کہ عوام کو پسند آئے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں فلم میں کام کرکے بہت اچھا جبکہ اس کا انتظار کر کے بہت بُرا لگا۔

سینئر اداکار شفقت چیمہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر میں 946 فلموں میں کام کیا لیکن یہ پہلی فلم ہے جس کی اتنے بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی ہے جو آج تک نہیں دیکھی۔

اس موقع پر فلم کی کاسٹ کے علاوہ پاکستان شوبر انڈسٹری سے وابستہ کئی نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔

پریمیئر شو میں سیاست دان مونس الہٰی اور رانا مشہود علی خان اور نامور بیوروکریٹ کامران لاشاری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

شوبز شخصیات کی بڑی تعداد نے فلم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فلم کی مرکزی کاسٹ، سمیت دیگر فنکاروں نے شائقین فلم کے ساتھ فلم کا پریمیئر شو دیکھا اور اپنے پرستاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

فلم مقامی و بین الاقوامی سطح پر عوام کے لیے آج (13 اکتوبر کو) ریلیز کی جا رہی ہے۔