کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کی سیاست کا تعین جئے سندھ کرتی ہے اور اس پر عمل پیپلز پارٹی کرتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فن کلب ہے عمران نیازی کے بعد پی ٹی آئی کا کیا مستقبل ہے ہم سب کو معلوم ہے پی ٹی آئی میں شخصیت بڑی اور بیانیہ چھوٹا ہے، قومیں معاشی مفادات کیلئے بنتی ہیں مگر ملک میں معاشی مفادات کو قومی مفادات پر قربان کیا گیا وہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ میں گریجورٹ فورم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زبان اور شناخت پر ہمیں کوئی کنفیوژن نہیں ہونی چاہئے ہماری اور آپ کی تہذیب برصغیر امن ہے اور آپ اس کے نمائندے ہیں سقراط نے ہزاروں سال پہلے کہا تھا کہ آپ کی شناخت آپکا مقدر ہے اور شاخت وہی ہوتی ہے جس کو دوسرے تسلیم کریں۔ایم کیوایم نے اپنے حصہ کا کام کردیا کہ آج دنیا بھر میں مہاجر قوم کے بارے میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔ ایم کیوایم کا بیانیہ ملک پر راج کررہا ہے اور قابض طبقہ آپ سے خوف زدہ ہیں کیوں کہ آپ کا بیانیہ اپنی شناخت تسلیم کرانا ہے ایک عام پاکستانی اسکا جائز حق دلوانا ہے، ہماری ترجیحات میں تعلیم ہونی چائیے کیونکہ سندھ پر وہ حکمران ہے جو چاہتے ہیں انکے بچے پڑھیں مگر دوسرں کے بچے تعلیم سے محروم رہیں اسلئے اپنے علاقوں میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔