
دنیا کی کئی اہم ترین شخصیات امن و پیار کے مذہب اسلام سے متاثر ہوکر مسلمان بنے، ان میں کئی بھارت کے فلم ستارے بھی شامل ہیں، اہم بات یہ ہے کہ ان شخصیات کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خبروں سے پوری دنیا میں بھونچال آگیا تھا۔
نامور بھارتی گلوکار اور موسیقار اے آر رحمٰن ایک ہندو خاندان میں پیدا ہوئے اور تب ان کا نام اے ایس دلیپ کمار تھا۔ بعد ازاں 23 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے خاندان سمیت اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر کے اے آر رحمٰن رکھ دیا۔
مشہور بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو اپنے دور کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک مانا جاتا تھا، یہاں تک کہ وہ فلم کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی تھیں، انہوں نے اسلام قبول کیا اور مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کی ، جس کے بعد نام تبدیل کرکے عائشہ سلطانہ رکھا گیا۔
شرمیلہ ٹیگور کی سابقہ بہو امرتا سنگھ نے بھی اسلام قبول کرنے کے بعد بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان سے شادی کی تھی، ان کا سکھ مذہب سے تعلق تھا، سیف علی خان اور امرتا سنگھ نے 2004 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد سیف علی خان نے کرینہ کپور سے شادی کی، تاہم کرینہ کپور نے شادی کے لیے اسلام قبول نہیں کیا تھا۔
بھارتی سنیما کے نامور اداکار دھرمیندر نے دوسری شادی کے لیے اسلام قبول کیا، کیونکہ ہندو میرج ایکٹ کے تحت دوسری شادی کی اجازت نہیں ، وہ ہیما مالنی سے شادی تو کرنا چاہتے تھے لیکن اپنی پہلی بیوی پِراکاش کور کو طلاق نہیں دینا چاہتے تھے تو انہوں نے اسلام قبول کرکے ہیما مالنی سےدوسری شادی کی۔
سابقہ بھارتی اداکارہ اور ماڈل ممتا کلکرنی کے شوہر وکی گوسوامی کو متحدہ عرب امارات میں منشیات اسمگلنگ کیس کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے شوہر کو 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس واقعے کے بعد ممتا کلکرنی نے اپنے شوہر کے ساتھ اسلام قبول کرکے مسلمان بن گئیں۔
بھارت کے صوفی سنگر ہنس راج ہنس کے لیے بھی میڈیا رپورٹس میں دعوے کیے گئے تھے کہ انہوں بھی سکھ مذہب کو چھوڑ کر اسلام قبول کرلیا، لیکن ان کے بیٹے نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
جنوبی ہندوستان کی مشہور سابقہ اداکارہ مونیکا نے ایک پریس میٹنگ کے دوران اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا ، جس کے بعد اداکارہ نے اپنا نام تبدیل کر کے ایم جی رحیمہ رکھ دیا، بعد ازاں انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے پیار یا دولت کی وجہ سے مذہب تبدیل نہیں کیا، مجھے اسلامی اصول پسند ہیں۔
بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ دیپیکا کاکڑ کی بھارتی اداکار شعیب ابراہیم کے ساتھ بھوپال میں شادی ہوئی۔ جس کے لیے اداکارہ نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام بدل کر فائزہ رکھ دیا۔ مشہور نوجوان سنگر اور سانگ رائیٹر یووان شنکر نے بھی ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کا مطالعہ کیا، جس سے روحانی سکون ملنے پر انہوں نے اسلام کو اپنایا۔
ان کے علاوہ ایک ایسی شخصیت کی اسلام قبول کرنے کی خبروں نے دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا، جس کا نام ہے مائیکل جیکسن ہے، پاپ میوزک کے بادشاہ اور بریک ڈانسر مائیکل جیکسن کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے اسلام قبول کرکے اپنا نام میکائیل رکھ دیا ہے، ان خبروں کو اس لیے تقویت ملی کیونکہ مائیکل جیکسن کاایک بھائی جیرمین جیکسن اسلام قبول کر چکا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اپنے بھائی سے متاثر ہوکر مائیکل بھی مسلمان ہوئے، مائیکل جیکسن کی موت سے پہلے پوری دنیا میں سنسنی پھیلانے والی ان خبروں کی آج تک آفیشلی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آسکی، تاہم ان کے مسلمان بھائی نے اس بات کی تصدیق ضرور کی تھی کہ مائیکل نے اسلام کی کچھ کتابیں منگوائی تھیں.