• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جوائے لینڈ‘ کے اداکار علی جونیجو نے عالمی ایوارڈ جیت لیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ سے ڈیبیو کرنے والے اداکار علی جونیجو نے بین الاقوامی سطح پر خصوصی ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کردی۔

فلم ’جوائے لینڈ‘ کو برازیل میں ہونے والے سالانہ 46 ویں ساؤ پولو انٹرنیشنل فلم فسٹیول میں بھی پیش کیا گیا، جہاں دنیا کے دیگر ممالک کی 240 سے زائد فلمیں بھی پیش کی گئیں۔

پاکستانی فلم نے فیسٹیول میں دوسرا بڑا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ فلم کے اداکار علی جونیجو 240 سے زائد اداکاروں میں سے ’بہترین جیوری مینشن اداکار‘ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

فلم جوائے لینڈ نے برصغیر کی بہترین فلم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے فلم کے ہدایت کار صائم صادق نے بھی علی جونیجو کو ایوارڈ ملنے پر مبارک باد پیش کی۔

واضح رہے کہ ’جوائے لینڈ‘ کو تاحال پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 18 نومبر کو سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

’جوائے لینڈ ‘ کو آسکر کی پاکستانی اکیڈمی نے اسے غیر ملکی فلم کی کیٹیگری کے لیے منتخب کر رکھا ہے اور اس فلم کا مقابلہ دیگر 90 ممالک کی فلموں سے ہوگا۔

’جوائے لینڈ‘ کو اب تک ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سمیت کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور اس فلم میں متعدد ایوارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید