وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ کے دورہ کے موقع پر یورپی یونین کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چارلس مائیکل نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کے اتحاد کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی اتحاد درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے میں یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان اور یورپی یونین میں کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کےخواہاں ہیں۔ ماضی کے اعتماد اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند اور منتظر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔