سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر بُری طرح ناکام رہی اور ناقدین نے بھی اسے منفی ریویوز دیے لیکن اب سوشل میڈیا پر فلم کا ایک حذف شدہ منظر (ڈیلیٹڈ سین) وائرل ہو رہا ہے، جس نے مداحوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا کر دیا کہ اگر یہ سین فلم کا حصہ ہوتا تو کیا نتیجہ مختلف ہوتا؟
یہ ویڈیو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سامنے آئی جس میں کاجل اگروال کے کردار کو دکھایا گیا ہے کہ وہ اپنے خاندان کی پابندیوں سے تنگ آ کر خودکشی کی کوشش کرتی ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ اسے ایسا قدم کیوں اٹھانا پڑا۔
عین اس لمحے سلمان خان مداخلت کرتے ہیں اور زندگی کی اہمیت پر ایک جذباتی مونولاگ دیتا ہے۔ سلمان کا کردار اس کے سسرال والوں کو ان کی سوچ بدلنے کا مشورہ بھی دیتا ہے۔
یہ جذباتی منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور مداح یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ایسا مؤثر اور حساس سین فلم سے کیوں نکالا گیا؟ کئی صارفین کا ماننا ہے کہ اگر یہ منظر فلم میں شامل ہوتا تو شاید فلم کا انجام مختلف ہوتا۔
ایک صارف نے لکھا، ’یہ سین آج کے نوجوانوں میں خودکشی کے بڑھتے رجحان کے تناظر میں بہت ضروری تھا۔ سلمان نے جو سمجھایا وہ بہت خوبصورت طریقے سے دکھایا گیا۔‘
دوسرے نے کہا، ’ہاں جو ہو چکا سو ہو چکا، لیکن کاش بغیر ایڈیٹنگ کے فلم ریلیز کی جاتی، اس میں اور بھی اہم مناظر ہوں گے جو فلم کو بہتر بنا سکتے تھے۔‘
ایک اور مداح نے کہا، ’یہ سین اس لیے ضروری تھا کیونکہ فلم میں دل اور پھیپھڑوں کے ڈونیشن ضائع ہونے کی وجہ تو بتائی گئی لیکن آنکھوں کے عطیے کے ضائع ہونے کا جواز یہی سین فراہم کرتا تھا جو فلم سے نکال دیا گیا۔‘
ایک اور صارف نے مختصراً کہا، ’ناقابلِ یقین! یہ منظر بہت جذباتی ہے۔‘
سکندر سلمان خان کی 2023 کے بعد سنیما میں واپسی تھی اور دو سال بعد ان کی یہ فلم عید کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، لیکن فلم نے کوئی خاص اثر نہیں چھوڑا۔ فلم کی ہدایتکاری اے آر موروگداس نے کی جو گجنی جیسی بلاک بسٹر فلم کےلیے جانے جاتے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنی مرحومہ بیوی کے عطیہ کردہ اعضا حاصل کرنے والے تین افراد کو بچانے کی جدوجہد کرتا ہے۔ فلم میں سلمان کے ساتھ رشمی کا مندانا، کاجل اگروال، ستیاراج اور شرمن جوشی اہم کرداروں میں نظر آئے۔
فلم کو کمزور کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس نے دنیا بھر میں صرف 184 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔