اسلام آباد(بلال عباسی) فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے مرکزی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا ہوا ہے، ان کا تعلق راولپنڈی کے معروف دینی اور علمی گھرانے سے ہے، جنرل عاصم منیر خود بھی حافظ قرآن ہیں اور انکے والد گرامی بھی حافظ قرآن تھے اور انکے بھائی نے بھی قرآن شریف حفظ کیا ہوا ہے۔
نئے سپہ سالار کے والد گرامی راولپنڈی چھاونی کے طارق آباد سکول کے پرنسپل تھے اور علم و ادب کے حوالے سے انکے والد گرامی نے بڑا نام کمایا ہے، انکو علمی دنیا میں بڑی عزت اور توقیر سے نوازا جاتا ہے، وہ عاجزی اور انکساری کی ایک روشن مثال تھے اور انکے فرزند جنرل عاصم منیر بھی اپنے والد کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔
جنرل عاصم منیر پاکستان کے معروف مبلغ قرآن حافظ قاری خلیل احمد مرحوم کے شاگرد بھی ہیں، جنرل عاصم منیر اور انکے خاندان کے افراد نے مرکزی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا ہوا ہے۔
مدرسے کے منتظمین حافظ ایس اے رحمان سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان، صدر منتظمہ کمیٹی حافظ طاہر خلیل، سیکرٹری جنرل حافط نسیم محمود، خلیل رئیس، مدرسہ اور طلبہ نے بھئ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر ہونے پر پوری قوم اور اپنی مسلح افواج کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نامزد آرمی چیف کے لیے نیک تمباوں اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔