• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل ساحر شمشاد کو جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں

عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے نئی قیادت چننےکا حق تسلیم کیا جائے گا،توقع ہے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائیں گے۔

 فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے۔ تحریک انصاف کا موقف واضح ہے۔

 ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی۔ ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔

 صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباو اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہید کر دئیے گئے۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور ملک کے سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے نتیجے ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گیاجس نے ملک میں شدید معاشی بحران جنم دیا۔

اہم خبریں سے مزید