وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دے دیا۔
مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کا ٹولہ 4 سال ملک پر مسلط رہا، فرح گوگی اور پنکی عمران خان کے سارے احکامات مانتی تھیں کہ 3 کیرٹ کا ہیرا نہیں 5 کیرٹ کا ہیرا لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی2.3 فیصد تھی، لوگوں کے پاس روزگار تھا، ملک میں 14 ہزار میگا واٹ بجلی بن رہی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں لنگرخانے نہیں چل رہے تھے، نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال رہا تھا اورعمران خان دھرنے دے رہا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا، عمران خان پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گھڑیاں بیچ کر پاکستان کی عزت کو نیلام کیا گیا جبکہ ڈیلی میل نے جھوٹی خبر لگانے پر شہباز شریف سے معافی مانگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 3 ڈالر میں گیس فروخت ہو رہی تھی تو نہیں خریدی گئی، دن رات شہباز شریف کی ایک ہی سوچ ہے کہ مہنگائی کیسے کم ہو۔
انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ، بی آر ٹی کے پیسے کھانے کا جواب دینا پڑے گا، جس جس نے پیسہ کھایا وہ سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ملکی تنزلی کا نشان ہے، ملکی بربادی کا نشان عمران خان صرف الزام لگا سکتا ہے، توشہ خانہ چور نے جو الزام لگایا وہ غلط ثابت ہوئے، کوئی ایک منصوبہ نہ لگانے والاملک میں اربوں کی انویسٹمنٹ لانے والوں پر الزام لگاتا ہے۔