
فٹ بال میچ کے عالمی میلے ’فیفا‘ کی میزبانی کرنے کا موقع تاریخ میں پہلی بار ایک مسلم ملک ’قطر‘ کو ملا تو تمام مسلم امہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، گوکہ پاکستان فیفا ورلڈ کپ میں شامل تو نہیں لیکن اسے کامیاب بنانے کے لئے ہر میدان میں پیش پیش ہے۔
عالمی معیار کے پاکستانی فٹ بال سے لے کر سیکیورٹی اہلکارتک، ہر ایک کی یہ ہی کوشش ہے کہ اس تاریخی مقابلے کو پوری دنیا کے لئے یاد گار بنایا جائے تو ایسے میں پاکستانی نوجوان بھلا کیسے پیچھے رہ سکتے تھے۔
دن رات کی پرواہ کئے بغیر دیار غیر میں مقیم پاکستانی طلبہ فیفا، قطر فاونڈیشن اور ایچ بی ایس کے تحت رضاکارانہ ، انٹرن شپ اور جابز کے ذریعے اس عالمی میلے کو کامیاب و یاد گار بنانے کے لئےہر دم کوشاں ہیں۔
فیفا منتظمین نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے5 لاکھ میں سے 20 ہزار، عمر کی قید سے مُبرا رضاکاروں کا انتخاب کیا جن میں سے 16 ہزار قطر ی جبکہ 4 ہزار دیگر قومیت کے افراد و شامل ہیں جبکہ سینکڑوں طلبہ بطور انٹرن اور کانٹریکٹ ملازمین ہائیر کئے۔
ایسے ہی چند پاکستانی نوجوانوں سے ’جنگ ویب ڈیسک‘ نے گفتگو کی جو اسکالر شپ پر تعلیم کے حصول کے لیے اس وقت قطر میں ہیں اور اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم ہیں۔
ان میں سے بیشتر کا تعلق حمد بن خلیفی یونیورسٹی سے ہے جو ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان تمام طلبہ نے خود کو خوش قسمت قرار دیا کہ وہ ایسے وقت میں قطر میں موجود ہیں جب یہاں فیفا ہو رہا ہے، یہ موقع بہت کم لوگوں کو زندگی میں ایک بار ہی ملتا ہے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی مریم خالد اسکالرشپ پر ویمن سوسائٹی اینڈ ڈولپمنٹ میں ماسٹرز کر رہی ہیں، اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران احمد بن علی اسٹیڈیم میں براڈ کاسٹنگ انجینئرنگ ڈرپارٹمنٹ میں کمینٹری اسیسٹینٹ کے طور پر بھی انٹرن شپ کر رہی ہیں۔
انہوں نے جنگ ویب ڈیسک سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 3 سُپروائزر کی زیر نگرانی فیفا کی لائف براڈ کاسٹنگ کا کام ہو رہا ہے، جبکہ ان کی ٹیم میں 2 مزید انٹرن ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں ،انکا تعلق بھی پاکستان سے ہی ہے۔
انہوں نے اپنی ذم داریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوتا تھا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے براڈ کاسٹرز اور کامینٹیٹرز کو سہولتیں فراہم کریں اور ان کے مسائل حل کریں تاکہ وہ اپنے ملک میں لائف نشریات بغیر کسی رُکاوٹ نشر کرسکیں اس حوالے سے انہیں فیفا سے قبل ٹرینگ دی گئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعض اوقات میچز رات کے وقت ہوتے تھے، تو میچ کے بعد واپسی میں آدھی رات ہوجایا کرتی تھی لیکن انہیں اس دوران کبھی رات گئے اکیلئے سفر کرنا مشکل نہیں لگا کھبی خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھا۔ یہاں قوانین بہت سخت ہیں کوئی خواتین کو ہراساں کرنا تو کیا انہیں گھور کر بھی نہیں دیکھ سکتا۔
ورک ایتھکس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ’ایچ بی ایس کا بیشتر اسٹاف یورپی، فرانسیسی اور امریکی ہے، ان کے ورک ایتھکس بے مثال ہیں جن کا پاکستان میں تصور نہیں کیا جاسکتا۔ یہاں غلطی کی کوئی گنجائش نہ ہونے کے باوجود غلطی آن ائیر جانے کے باوجود کبھی کوئی کسی سے اُونچی آواز میں بات نہیں کرتا، غصہ نہیں کرتا بلکہ تحمل سے غلطی کو درست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے الزام تراشی نہیں کی جاتی بلکہ ہر وقت مدد کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں‘۔
انہوں نے فیفا میں اپنے کام کے تجربے کو ایک یاد گار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ یہاں جو ورک ایتھکس سیکھے وہ زندگی بھر ساتھ رہیں گے۔
سعد حمید نے الیکٹریکل انجیئنرنگ میں گریجوئشن مکمل کرنے کے بعد 2015 میں نسٹ سے ماسٹر کیا پھر کچھ عرصہ ایس این جی پی ایل میں سرکاری نوکری کی پھر کمپیوٹر سائنس اینڈ انجیئنرنگ میں پی ایچ ڈی کرنے قطر پہنچ گئے.
ان کا کہنا ہے کہ وہ جس اسکالرشپ پروگرام کے تحت قطر میں ہیں وہ انہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ کہیں انٹرن شپ کرسکیں لیکن فیفا سے اس قدر لگاو تھا کہ قطر فاونڈیشن کے ساتھ رضاکارانہ خدمات انجام دینے کو ترجیح دی۔
اس دوران ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں قطر فاونڈیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے فٹ بال شائیقین کو خوش آمدید کرتے ، پلے کارڈ کی مدد سے شجرکاری کی اہمیت اور قطر فاونڈیشن کے شجرکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزما ہونے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات دنیا کو بتاتے تھے۔
یہ ہی رضا کار پری میچ سیریمنی کا حصہ بھی ہوتے جو میچ کے آغاز سے قبل فٹبال ٹیم کا قومی ترانہ پیش کرتے، گراؤنڈ میں پرچم لہراتے اور میچ سے قبل آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا تو اس میں بھی وہ معاونت کرتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ ایک 78 سالہ شخص رضاکار کے طور پر کام کرتا تھا جو 2002 سے فیفا ورلڈ کپ میں مسلسل رضاکارانہ ذمہ داریاں نبھارہا ہے اور مکمل طور پر اپنے خرچے پر کام کرتا ہے۔ تاہم سعد حمید مذکورہ رضاکار کا نام اور قومیت بتانے سے قاصر رہے۔
انہوں نے ہمیں بتایا کہ فیفا کی انتظامیہ رضاکاروں کا بہت خیال رکھتی ہے، گوکہ یہ انہیں کوئی معاوضہ ادا نہیں کرتی لیکن ان کے کھانے پینے کا بھر پور انتظام کرتی ہے، فارغ وقت میں رضاکار وہاں موجود ٹینس بال، والی بال، باسکٹ بال کے کورٹ میں جاکر کھیل بھی سکتے تھے۔
اس کے علاوہ رضاکاروں کے لیے خاص اسکرین کا انتظام کیا گیاتاکہ وہ بھی فیفا ورلڈ کپ کے میچز سے لطف اندوز ہوسکیں اس دوران کافی اور اسنیکس کا انتظام بھی فیفا منتظمین کے ذمے ہوتا تھا اور میچز کے اختتام پر تحائف سے بھی نوازا جاتا ہے۔
انہوں نے وطن عزیر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں پی ایس ایل کا انعقاد باقائدگی سے ہوتا ہے لیکن اس میں بھی نوجوانوں کو ایسے مواقعے فراہم نہیں کئے جاتے۔ اس طرح کی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر ذمہ داروں کا احساس اور مختلف لوگوں سے ملنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے فیفا کے فائنل میں رونالڈو اور میسی کی ٹیموں کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کا آخری ورلڈ کپ ہے اس لئے خواہش تھی کہ دونوں فائنل میں آمنے سامنے ہوتے لیکن اب ایسا ممکن نہیں، اب مکمل سپورٹ میسی کی ٹیم کے ساتھ ہے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی شرمین اعجاز قطر میں اسکالرشپ پر نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجوئشن کر رہی ہیں۔ انہوں ہینڈ شیک نامی ایپلیکیشن کے ذریعے فیفا میں انٹرن شپ کے لئے درخواست جمع کروائی تھی اور اب وہ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں بطور براڈکاسٹر رننر کے فاکس اسپوٹس امریکا کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی میڈیا نمائندے کو درپیش مسائل کا سدباب کرسکیں تاکہ فیفا کی نشریات میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔
انہوں نے اپنے کام کے تجربے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف قومیت کے لوگوں کے ساتھ کام کرکے ہمارے اندر قوت برداشت پیدا ہوتی ہے اور مختلف تہذیب اور ثقافت کو قریب سے جاننے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتداً فٹبال کا شوق نہیں تھا لیکن اسٹیڈیم میں کام کرکے اور پلیئرز کو بالکل قریب سے دیکھ کر اب نہ صرف فٹبال کا شوق بیدار ہوا بلکہ اس کے حوالے سے بہت سی معلومات بھی حاصل ہوئیں، ارجنٹینا اور برازیل کو پسندیدہ ٹیم قرار دیا۔
ابو بکر کا آبائی تعلق پشاور سے ہے لیکن وہ گزشتہ 10 برس سے قطر میں رہائش پذیر ہیں، اس وقت کمپیوٹر انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کر رہے ہیں۔ فیفا کے دوران بطور آئی ٹی اسیسٹینٹ انٹرن شپ کررہے ہیں، جس کا آغاز اگست میں ہوگیا تھا اور اب یہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میچ کے ایک ہفتے کے بعد ختم ہوگی۔ انہیں ابتداً آئی بی سی اور پھر اسٹیڈیم میں دی گئی ذمہ داریاں نبھانی تھیں۔
انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ان کے ذمہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے فیفا اور ایچ بی ایس کے اسٹاف کو 2500 سے زائد فونز مہیا کرنا اور 7 ہزار سے زائد کاپریٹو لیپ ٹاپ کا انتظام کرکے ان پر سسٹم کا سیٹ اپ کرنا تاکہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے براڈ کاسٹرز اپنے ممالک میں باآسانی نشریات نشر کرسکیں۔ پھر جب میچز کا آغاز ہوگیا تو آئی ٹی اسیسٹینٹ کے2، 2 ارکان کو ہر اسٹیڈیم میں تعنات کیا گیا اور انہیں احمد بن علی اسٹیڈیم میں بھیجا گیا جہاں آئی ٹی سے متعلق اگر کسی کو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ حل کرنا انکی اور انکے ساتھی کی ذمہ داری تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس انٹرن شپ کے دوران فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ ٹائم مینجمنٹ بھی سیکھی کیونکہ میری انٹرن شپ جس وقت شروع ہوئی اس وقت سیمسٹر چل رہا تھا اور امتحانات بھی ہونے تھے، یونیورسٹی اور انٹرن شپ ایک ساتھ لے کرچلنا بہت مشکل کام تھا۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان کی فٹ بال ٹیم کی عدم موجودگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نہیں ہے تو کیا ہوا یہاں کئی پاکستانی نوجوان ہیں جو فیفا کو کامیاب بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی غیر موجودگی کے باعث پُرتگال کو پسندیدہ ٹیم قرار دیا۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ذیشان احمد ٹیکسس یونیورسٹی قطر سے کیمیکل انجینئرنگ میں گریجوئشن کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ 2022 کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے وہ ایچ بی ایس کے تحت انٹرن شپ اور فیفا کے تحت جاب بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرن شپ کے دوران وہ احمد بن علیٰ اسٹیڈیم میں بطور اسیسٹینٹ کامینٹیٹر آپریشن اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس بات کو یقینی بناتے کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے کامینٹیٹرز کو دوران نشریات انہیں اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں کوئی دشواری پیدا نہ ہو اور اگر کسی کو کوئی مسئلہ درپیش آجائے تو اسے فوری حل کرسکیں۔
اس کے علاوہ فیفا کے ساتھ ایک ماہ کے لئے کانٹرکٹ بیس جاب بطور ڈیلیگیشن رننر کر رہے ہیں۔ جہاں ان کے ذمے دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کا خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے 32 ڈیلیگیشن قطر آئے ہیں اور ہر ایک ڈیلیگیشن 50 افراد پر مشتمل ہے۔
انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ فیفا نے رضاکارانہ خدمات سمیت کانٹرکٹ بیس جاب بھی متعارف کروائی تھیں اور ہر ایک کانٹریکٹ ملازم کے ذمے ایک ڈیلیگیشن ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ایران سے آئے ہوئے ڈیلیگیشن کا خیال رکھنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جس کے باعث انہیں ایرانیوں اور انکی ثقافت کو قریب سے دیکھنے اور جاننے کا موقع ملا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف رنگ و نسل کے لوگوں کے ساتھ کام کر کے احساس ہوتا ہے کہ رنگ، نسل، قومیت، ثقافت، تہذیب اور مذہب بھلے سب کا مختلف ہوسکتا ہے لیکن ہم سب انسان ہیں، سب مل کر معملات زندگی انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے بیک وقت انٹرن شپ، جاب اور تھیسس کو مینج کرنے کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ٹائم مینجمنٹ اسکلز کا ہونا سب سے اہم ہے، جس کے لئے وہ "ٹو ڈو لسٹ" تیار کرکے رکھتے اور اسی حساب سے اپنے روز مرہ کے کام انجام دیتے تھے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ دو جاب اور پڑھائی کے بعد بھی ان کے پاس کافی فارغ وقت بچ جاتا تھا جس میں وہ شہر گھومتے تھے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی رمشا خالد نے گریجویشن اور ماسٹر جی سی یو لاہور سے مکمل کیا اور اب حمد بن خلیفہ یونیورسٹی قطر سے اسلامک آرٹ، آرکیٹیکچر اینڈ عربن ڈولپمنٹ میں اپنا دوسرا ماسٹرز کر رہی ہیں۔ ایجوکیشن سٹی میں بطور کمنٹری اسیسٹینٹ انٹرن کام کرتے ہوئے ان کی ذمہ داری کمنٹری کنٹرول روم (سی سی آر) اور میڈیا ٹربیون ( ایم ٹی) میں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیا ٹربیون میں دنیا بھر سے براڈکاسٹرز اور کامنٹیٹرز آتے تھے تو انہیں اپنے ملک میں براہ راست نشریات نشر کرنے کے لئے جن آلات کی ضرورت ہوتی وہ ہم پہلے ہی سی سی آر سے لا کر ان کی جگہ پر نصب کرتے بلکہ انہیں ایک روز قبل ٹھیک طرح چیک بھی کیا جاتا تھا تاکہ عین وقت پر کوئی پریشانی لاحق نہ ہو۔ ان آلات کی تعداد کبھی 40 تو کبھی 60 ہوا کرتی تھی۔
رمشا نے بتایا کہ ان کے 3 سُپروائزر ہیں جو برطانیہ اور جنوبی افریقا سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ان کی ٹیم میں 9 مختلف قومیت کے طلباء کام کررہے تھے اور ان کے ساتھ کام کرکے ورک ایتھکس سیکھنے کو ملے کہ چاہئے کتنا ہی دباو کیوں نہ ہو کبھی کسی سے اونچی آواز میں بات نہ کی جائے ہر ایک کی عزت کی جائے، ہر ایک ہر وقت مدد کے لئے تیار رہتا، سُپروائزر سے ایک سوال جتنی بار پوچھو ماتھے پر شکن لائے بغیر بتادیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا کام بہت ذمہ داری والا ہوتا ہے کسی غلطی کی کنجائش نہیں ہوتی لیکن پھر بھی ہمارے سُپروائزرز نے ہم پر کبھی اس بات کا دباو نہیں ڈالا بلکہ کہتے ہیں کہ اگر کوئی غلطی ہوجائے تو پریشان ہونے کی بجائے ہمیں بتا دیا کریں۔ ٹینس ماحول کی شدت کو کم کرنے کے لئے ہلکا میوزک ہروقت چلاتا رہتا تھا جس سے ماحول خوش گوار اور ریلکس رہتا اور کام مزید فوکس سے کرسکتے تھے۔ان کی خواہش ہے کہ جو ٹیم اچھا کھیل پیش کرئے وہی جیتے۔
پاکستان میں شعبہ درس و تدریس سے تعلق رکھنے والےعدنان خان نے اسلام اآباد کی جامعہ سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں مساٹرز مکمل کیا اور شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے پھر قطر کی حمد بن خلیفہ یونیورسٹی سے کمپوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ میں اسکالر شپ پر پی ایچ ڈی کا موقع ملا تو تعلیم کی خاطر دیار غیر میں آکر بس گئے۔
فیفا ورلڈ کپ کے دوران قطر فاونڈیشن کی جانب سے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں رضاکارانہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے شائقین فٹ بالز کو لاسٹ مائلز پر مختلف ثقافتوں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور sustainability کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ قطر حکومت نے شائقین فٹ بال کی بڑی تعداد اور اسٹیڈیم میں محدود گنجائش کو مد نظر رکھتے ہوئے بوٹنیک گارڈن اور آکسیجن پارک میں اسکرین کا انتظام کیا جہاں شائیقین کی بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہوتی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہاں کام کرکے احساس ہوا کہ قطری اعلیٰ حکام سے لے کر ایک عام شہری تک ہر ایک کی یہ ہی مخلصانہ کوشش ہے کہ کسی طرح اس عالمی ایونٹ کو کامیاب اور یادگار بنایا جائے جس کے لئے ہر ایک اپنی گنجائش سے بڑھ اس ایونٹ کو تاریخی بنانے کے لئے دل و جان سے کام کر رہا ہے۔